ہومیو پیتھی یعنی علاج بالمثل(ناک کے متعلق نمبر 6)
(حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ تعالیٰ کی کتاب ’’ہومیو پیتھی یعنی علاج بالمثل ‘‘کی ریپرٹری یعنی ادویہ کی ترتیب بلحاظ علامات تیار کردہ THHRI)
ملی فولیم
Millefolium
(Yerrow)
٭…خون کا دوران زیادہ ہونے کی وجہ سے آنکھیں سرخ ہوں اور نظر دھندلاجائے اور ساتھ ہی نکسیر پھوٹنے کا بہت رجحان ہو تو اس میں بھی یہ فائدہ مند ہے ۔ اس بیماری میں عام طور پر ملی فولیم ۳۰ کو فاسفورس ۳۰ سے ملا کر دیا جائے تو یہ دونوں اکٹھی بہت مؤثر ثابت ہوتی ہیں ۔ (صفحہ۶۰۱-۶۰۲)
نیڑم کاربونیکم
Natrum carbonicum
(Carbonate of Sodium)
٭…نیڑم کارب میں ناک کے سرے پر کچے کچے ناسور ظاہر ہونے لگتے ہیں ۔ یہ اس کی خاص علامت ہے کہ ناک کی چونچ کسی نہ کسی جلدی بیماری میں مبتلا رہتی ہے ۔ اگر ناک پر پھوڑے بن جائیں تو اس میں بھی مفید ہے ۔ لیکن ایک دفعہ ایک مریض کو نیڑم کارب سے فائدہ نہیں ہو رہا تھا، جب میں نے اسے پروپلس (Propolis) کی مرہم بنا کر دی جو شہد کی مکھی خود اپنے لیے جراثیم کش دوا کے طور پر بناتی ہے تو ایک ہفتہ سے بھی کم عرصہ میں اس کا زخم بالکل ٹھیک ہو گیا۔(صفحہ۶۱۲)
٭…نیڑم کارب میں ناک کی بیرونی سطح پر ہی نہیں بلکہ ناک کے اندر بھی زخم بننے کا رجحان پایا جاتا ہے ۔ سخت بدبودار نزلہ ہوتا ہے جو دائمی شکل اختیار کر لیتا ہے اور گلے میں ہر وقت خراش پیدا کرتا ہے ۔ قوت شامہ بھی ختم ہو جاتی ہے۔(صفحہ۶۱۳)
نیڑم فاسفوریکم
Natrum phosphoricum
( Phosphate of sodium )
٭…نیڑم فاس کا مریض عموماً نزلہ زکام کا شکار رہتا ہے ۔ ناک میں گاڑھی رطوبت جم جاتی ہے ۔ چھینکوں کا رجحان ہوتا ہے ۔ قوت شامہ زیادہ تیز ہوتی ہے ۔ بائیں طرف نتھنے میں سرسراہٹ ہوتی ہے ۔ جس کی وجہ سے چھینکیں آتی ہیں اور آنکھوں سے پانی بہنے لگتا ہے ۔ گلے میں زرد رنگ کی بلغم گرتی ہوتو نیڑم فاس دوا ہو سکتی ہے ۔ (صفحہ۶۲۹)
نیڑم سلفیوریکم
Natrum sulphuricum
٭…حیض کے ایام سے پہلے یا بعدمیں نکسیر پھوٹنے کا رجحان ہوتو اس میں بھی نیڑم سلف کو آزمانا چاہیے ۔ وبائی انفلوئنزا میں بھی اسے استعمال کیا جاتا ہے ۔ (صفحہ۶۳۴)
نکس وامیکا
Nux vomica
( Poison Nut)
٭…ناک کی دونوں اطراف میں نزلہ جم جائے تو سر میں شدید درد ہوتا ہے اور آگے جھکنے سے تکلیف بڑھ جاتی ہے اور بوجھ پڑتا ہے ۔ ناک ہمیشہ بند رہتا ہے ۔ اسے سائینس (Sinus) کی تکلیف کہا جاتا ہے ۔ اگر نکس وامیکا کی ایک ہزار کی خوراک رات کو دی جائے تو وہ غیر معمولی اثر دکھاتی ہے اور صبح تک چھینکیں وغیرہ آکر ناک کھل جاتا ہے اور ریشہ نرم ہو کر بہ جاتا ہے ۔ اس تکلیف کے لیے اور دوائیں بھی ہیں لیکن علاج کا آغاز نکس وامیکا سے ہی کرنا چاہیے۔ (صفحہ۶۴۱)
٭…بعض اوقات سردرد کے ساتھ نکسیر بھی شروع ہو جاتی ہے۔(صفحہ ۶۴۲)
اوپیم
Opium
( Dried Latex of the Poppy )
٭…اوپیم کے مریض کے نرخرے میں فالجی کمزوریاں پیدا ہو جاتی ہیں اور وہ عضلات جو خوراک کو غذا کی نالی میں دھکیلتے ہیں کمزور پڑ جاتے ہیں اور بعض اوقات کھانا ناک یا سانس کی نالی میں چلا جاتا ہے جو بہت خطر ناک ہے ۔ اگر یہ رجحان بڑھ جائے تو بعض دفعہ اس سے موت بھی واقع ہو سکتی ہے ۔ اوپیم اس رجحان کو ختم کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔(صفحہ ۶۴۷)
فاسفورس
Phosphorus
٭…سخت نزلہ جسے فاسفورس کی ضرورت ہو، بروقت علاج نہ ہونے پر دائمی ہوجاتا ہے ۔ اندرونی جھلیاں جواب دے جاتی ہیں ۔ اس وقت بھی اس کا علاج فاسفورس ہی ہے۔(صفحہ۶۵۶)
٭…ناک کے اندر جو پانی کی تھیلیاں بن کر سانس میں رکاوٹ پیدا کرتی ہیں ان کو گھلانے میں فاسفورس اچھا کردار ادا کرتی ہے ۔ ان تھیلیوں کی وجہ سے سونے میں بہت تکلیف ہوتی ہے ۔ بچے منہ کھول کر سانس لیتے ہیں ۔ قوت شامہ متاثر ہوتی ہے ۔ (صفحہ۶۵۷)
فائٹولاکا
Phytolacca
(Poke Root)
٭…یہ ناک کے کینسر میں بھی مفید ہے ۔ نزلہ اور کھانسی کے ساتھ آنکھوں میں سرخی اور گرم پانی بہے۔ روشنی سے زودحسی، آنکھوں میں ریت کی موجودگی کا احساس اور جلن، پپوٹوں کے کنارے گرم، زبان چھلی ہوئی اور گلے میں گرم گولے کے پھنسے ہونے کا احساس اس کی علامات ہیں۔(صفحہ۶۶۴)
پا یئپرنائیگر
Piper nigrum
(Black Pepper)
(سیاہ مرچ)
٭…آنکھ کے ڈیلوں میں جلن اور شدید درد جیسے پھٹ جائیں گے، اس کے ساتھ ناک میں خارش اور چھینکیں بھی آئیں تو پائیپرنائیگر استعمال کرنی چاہیے۔ اس کے مریض میں نکسیر پھوٹنے کا رجحان بھی ہوتا ہے ۔ (صفحہ ۶۷۱)
پلاٹینم
Platinum
(Platina)
٭…خون کا سیلان سیاہی مائل ہوتا ہے ۔ ناک سے سیاہ خون لوتھڑوں کی صورت میں نکلتا ہے ۔ ناک کی جڑ میں بھی تشنج ہوتا ہے جو بہت تکلیف دہ ہوتا ہے ۔ ماؤف جگہ شکنجہ میں جکڑی ہوئی محسوس ہوتی ہے ۔ چہرے پر اعصابی درد ہوتا ہے اور ہڈیوں میں بے حسی کا احساس ہوتا ہے ۔ (صفحہ۶۷۴)
پلمبم میٹیلیکم
Plumbum metallicum
٭…نرخرے اور غذا کی نالی میں فالجی اثرات نمایاں ہوں، غلط نگلنے کا رجحان ہو اور پانی یا خوراک سانس کی نالی میں یا اوپر ناک میں چلے جائیں تو یہ علامتیں اور فالجی اثر والی دواؤں کی طرح پلمبم میں بھی ملتی ہیں ۔ (صفحہ۶۸۰)
سورائینم
Psorinum
(Scabies vesicle)
٭…سورائینم میں ایسا زکام جس میں ناک بند رہتا ہے، بار بار ہوتا ہے، ناک میں بندش کے باوجود جلن کے ساتھ پتلی زردی مائل سبزرنگ کی رطوبت بہتی ہے جس سے جلن کو قدرے سکون ملتا ہے ۔ انفلوئنزا کے وائرس شکلیں بدل بدل کر حملہ آور ہوتے رہتے ہیں ۔ ایسی صورت میں سورائینم بھی کچھ عرصہ فائدہ پہنچا کر اثر کرنا چھوڑ دیتی ہے کیونکہ بیماری کی علامتیں بدل جاتی ہیں ۔ لہذا نزلاتی بیماریوں میں کسی ایک دوا پر انحصار ممکن نہیں ۔ علامتیں بدلیں تو دوا بدلنی بھی ضروری ہوگی ۔ (صفحہ۶۸۳)
پلسٹیلا
Pulsatilla
(Wind Flower)
٭…پلسٹیلا نزلاتی بیماریوں میں بھی مفید ہے ۔ یہ دائمی نزلہ یا اندرونی جھلیوں کی بیماریوں کو ٹھیک کرتی ہے ۔ ایسا نزلہ چھاتی میں اترتا ہے تو گاڑھی بلغم نکلتی ہے ۔ صحیح دوا کھانے سے اللہ کے فضل سے جلد آرام آجاتا ہے ۔ نزلاتی تکلیفیں چونکہ ایک دوسرے سے ملتی جلتی ہیں اس لیے ان میں فرق کرنا بہت مشکل ہے ۔ ناک بند ہو تو اکثر پلسٹیلا ذہن میں آتی ہے تاہم اور بھی بہت سی دواؤں میں یہ علامت پائی جاتی ہے جس کی تفصیل مختلف ابواب میں مذکور ہے ۔ ناک بند بھی ہوتا ہے پھر بھی کچھ نہ کچھ نزلہ جاری رہتا ہے ۔ نکس وامیکا اور کوکس (Coccus) بھی اس میں مفید ہیں ۔ مریض کے مزاج کو پیش نظر رکھ کر دوا تلاش کرنی چاہیے۔ (صفحہ۶۹۱)
٭…پلسٹیلا میں آنکھوں سے گاڑھا مواد نکلتا ہے، پلکیں متورم اور چپکی ہوئی چھوٹے بچوں میں آشوب چشم، آنکھوں کے پردے کی سوزش اور ناک اور گلے کی علامتیں نیٹرم میور سے ملتی ہیں۔ نیٹرم میور پلسٹیلا کی مزمن دوا ہے یعنی اگر مستقل طور پر پلسٹیلا کی علامتیں موجود ہوں لیکن اس دوا سے فائدہ نہ ہو تو نیٹرم میور دینی چاہیے۔(صفحہ۶۹۲)
٭…پرانے نزلہ کے ساتھ ناک کی اندرونی نالی میں خشکی کا احساس ہوتاہے ۔ مواد جم کر سخت ہو جاتا ہے جس کی وجہ سے ہلکا ہلکا درد بھی رہتا ہے ۔ ایسی تکلیف میں پلسٹیلا سے فائدہ ہوگا۔ (صفحہ۶۹۲-۶۹۳)
٭…اس میں نزلاتی اخراجات ابتدا میں سفید ہوتے ہیں ۔ لیکن جلد ہی زردی مائل اور بدبودار بھی ہو جاتے ہیں ۔ قوت شامہ کم ہوجاتی ہے یا بالکل ختم ہو جاتی ہے ۔ صبح کے وقت بلغمی کھانسی ہوتی ہے جو شام تک بالکل خشک کھانسی میں تبدیل ہو جاتی ہے ۔ نزلے کا پرانا رجحان ہو تو نکسیر بھی پھوٹتی ہے ۔ (صفحہ ۶۹۳)
٭…نکسیر کا حیض سے بھی تعلق ہوتا ہے ۔ اگر حیض رک جائے اور نکسیر آئے تو پلسٹیلا کی بجائے برائیونیا دوا ہوگی ۔ اگر حیض جاری رہتے ہوئے نکسیر آئے تو پلسٹیلا دوا ہے۔(صفحہ۶۹۳)
٭…پلسٹیلا میں شام کو الرجی کی شدت میں اضافہ ہو جاتاہے لیکن نیڑم میور میں اس سے بالکل برعکس صبح کے وقت خصوصاً نو بجے زیادہ تکلیف ہوتی ہے ۔ اگر سردی سے گرم کمرے میں آنے سے چھینکیں آئیں تو اس کی دوا پلسٹیلا ہے۔ اگر گرمی سے سردی میں جانے سے چھینکیں آئیں تو سباڈیلا، سلیشیا یا نیڑم میور استعمال کرنی چاہئیں۔ (صفحہ ۶۹۳)