یورپ (رپورٹس)

سویڈن میں مجالس انصار اللہ کے سالانہ اجتماعات

اللہ تعالیٰ کے فضل سے سویڈن کی تین مجالس انصار اللہ (لولیؤ، گاتھن برگ اور سٹاک ہوم) کو ماہ مارچ ۲۰۲۳ء میں اپنے اپنے لوکل اجتماعات منعقد کرنے کی توفیق ملی۔

مجلس انصار اللہ لولیؤ

مجلس انصار اللہ لولیؤ کا سالانہ اجتماع مورخہ ۳؍مارچ کو منعقد ہوا جس میں درج ذیل قائدین بطور نمائندہ شامل ہوئے۔ مکرم اکرام الحق صاحب نائب صدر صف دوم و قائد تربیت، مکرم نثار یوسف صاحب قائد تحریک جدید و وقف جدیداور خاکسار (قائد عمومی)۔

نماز جمعہ اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے خطبہ جمعہ کے بعد اجتماع کا اجلاس اول منعقد ہوا جسے ریفریشر کورس کا نام دیا گیا جس میں نمائندگان نے مختلف شعبہ جات کے بارے میں ہدایات دیں اور انصار بھائیوں کے سوالات کے جوابات بھی دیے۔ کھانے اور نماز مغرب کے بعد اجتماع کا دوسرا اجلاس شروع ہوا۔تلاوت اور عہد کے بعد مکرم اطہر شہزاد صاحب زعیم مجلس نے اجتماع کے پروگرام کی تفصیل سے آگاہ کیا۔ بعد ازاں خاکسار نے انصار بھائیوں کو مجلس انصار اللہ کے اغراض و مقاصد کی طرف توجہ دلائی۔ دعا کے بعد علمی مقابلہ جات منعقد ہوئے۔ بعد ازاں خاکسار نے نمازوں کی باجماعت ادائیگی کی طرف توجہ دلائی۔ پھر مکرم رضوان افضل صاحب مربی سلسلہ لولیؤ نے انصار کو قرآن کریم میں بیان فرمودہ حضرت لقمانؑ کی اپنے بیٹے کو نصائح کی طرف توجہ دلائی۔ یوں یہ اجلاس اختتام پذیر ہوا۔

اس کے بعد ورزشی مقابلہ جات ایک سپورٹس ہال میں منعقد ہوئے۔ مجلس انصار اللہ لولیؤ کے انصار کی کل تعداد ۱۱ ہےجن میں سے ۹؍انصار نے اجتماع میں شرکت کی۔

مجلس انصار اللہ گاتھن برگ

مورخہ ۵؍مارچ کو مجلس انصار اللہ گاتھن برگ کا اجتماع مسجد ناصر میں منعقد ہوا۔ صبح ۱۱ بجے ورزشی مقابلہ جات کا آغاز مکرم انور رشید صاحب صدر مجلس نے دعا سے کروایا۔ یہ مقابلے دوپہر تک جاری رہے۔ ریفریشمنٹ کے بعد نماز ظہر و عصر ادا کی گئیں اور احباب کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔

اجتماع کے دوسرے حصہ میں علمی مقابلہ جات منعقد ہوئے جن کے بعد اجتماع کا اختتامی اجلاس منعقد ہوا۔ تلاوت و عہد اور نظم کے بعد مکرم فاضل احمد شمس صاحب زعیم مجلس نے اجتماع کی رپورٹ پیش کی۔ خاکسار نے مجلس انصار اللہ لولیؤ کے اجتماع کے بارے میں تاثرات بیان کیے۔ ازاں بعد محترم صدر مجلس نے اختتامی خطاب میں اس طرف توجہ دلائی کہ دو ماہ بعد ہمارا نیشنل اجتماع منعقد ہونا ہے۔ ہمیں ابھی سے اس کی بھرپور تیاری کرنی چاہیے۔ دعا کے ساتھ اجتماع اختتام پذیر ہوا۔

مجلس انصار اللہ سٹاک ہوم

مورخہ ۱۱ و۱۲ مارچ کو مجلس انصار اللہ سٹاک ہوم کا اجتماع منعقد ہوا۔ اس اجتماع میں محترم انور رشید صاحب صدر مجلس اور خاکسار (قائد عمومی) بھی شامل ہوئے۔ اجتماع کا پہلا اجلاس صدر مجلس کی صدارت میں بعد نماز ظہر و عصر شروع ہوا۔تلاوت قرآن کریم، عہد اور نظم کے بعد صدر مجلس نے افتتاحی دعا کروائی۔ جس کے بعد علمی مقابلہ جات منعقد ہوئے۔ کھانے کے بعد پہلے دن کی کارروائی اختتام پذیر ہوئی۔

اگلے دن ۱۲ مارچ کو ورزشی مقابلے منعقد ہوئے جن کے لیے ایک سپورٹس ہال بک کیا گیا تھا۔ دورانِ کھیل پھل پیش کیے گئے۔ سپورٹس ہال سے واپسی پر نماز ظہر و عصر ادا کی گئیں۔ جس کے بعد اجتماع کا اختتامی اجلاس شروع ہوا۔ تلاوت قرآن کریم مع ترجمہ،عہد اور نظم کے بعد خاکسار نے انصار کو باجماعت نمازوں کی ادائیگی کی طرف توجہ دلائی۔ صدر مجلس نے علمی اور ورزشی مقابلہ جات میں پوزیشنز حاصل کرنے والوں میں انعامات تقسیم کیے اور اپنے اختتامی خطاب میں انصار بھائیوں کو اس بات کی طرف توجہ دلائی کہ وہ آئندہ نسلوں کو نظام جماعت سے منسلک رکھنے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں۔ دعا کے بعد انصار بھائیوں کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔ اجتماع میں ۱۸؍انصار نے شرکت کی۔

(رپورٹ: چودھری عطاءالرحمان محمود۔ قائد عمومی، مجلس انصار اللہ سویڈن)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button