برکینا فاسو: بستان مہدی میں عید الفطر کا اجتماع
برکینا فاسو میں عیدا لفطر مورخہ ۲۱؍اپریل۲۰۲۳ء بروز جمعة المبارک منائی گئی۔ امسال مرکزی جلسہ گاہ کو طلبہ جامعةالمبشرین نے وقار عمل کرکے بطور عید گاہ تیار کیا اور بستان مہدی کو جھنڈیوں سے سجایا۔ داخلی راستوں پر ’’خوش آمدید‘‘ اور ’’عید مبارک‘‘ جلی حروف میں لکھا گیا۔ عید کے روز جامعہ کے طلبہ نے سیکیورٹی، پارکنگ، تقسیم کھانا، عید گاہ، استقبال وغیرہ کے شعبہ جات میں ڈیوٹیاں دیں۔ صبح ساڑھے آٹھ بجے احباب کے قافلے بسوں، موٹر سائیکلوں، ذاتی گاڑیوں کے ذریعہ بستان مہدی پہنچنا شروع ہو ئے۔ مکرم محمود ناصر ثاقب صاحب امیر جماعت برکینا فاسو نے ساڑھے نو بجے نماز عید پڑھائی۔ خطبہ اور دعا کے بعد احباب ایک دوسرے سے عید ملے۔بعد ازاں سب حاضرین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔ مجموعی طور پر حاضری ایک ہزار کے قریب رہی۔ مقامی پریس کے نمائندگان نے نماز عید کے بعد مکرم امیر صاحب کا انٹرویو لیا جو Tinga News نے اپنے آن لائن ایڈیشن میں ۲۴؍ اپریل۲۰۲۳ء کو شائع کیا۔
٭…٭…٭