افریقہ (رپورٹس)جلسہ سالانہ

سولہویں جلسہ سالانہ نائیجر کا محمد آباد میں انعقاد

(کوثر جمیل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل نائیجر)

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ نائیجر کو اپنا سولہواں جلسہ سالانہ کامیابی کے ساتھ منعقد کرنے کی توفیق حاصل ہوئی۔

اِمسال جلسہ سالانہ کا انعقاد کرنا جلسہ سے تین ماہ قبل تک بھی ناممکن نظرآتا تھا جس کی بنیادی وجہ تو یہ تھی کہ جلسہ سالانہ کے لیے باقاعدہ ایک بڑی زمین جماعت احمدیہ نائیجر کے پاس موجود نہ تھی کیونکہ ماقبل برنی کونی میں جس جگہ جلسہ سالانہ کا انعقاد کیا جاتا رہا وہاں جماعت احمدیہ کے پہلے کلینک کی تعمیر کی جاچکی تھی اس لیے وہ جگہ جلسہ کے انعقاد کے لیے انتہائی چھوٹی ہو گئی، اور پھر ۲۰۱۹ء کے بعد پہلی دفعہ جلسہ سالانہ کے انعقاد کے انتظامات کو ایک نئی جگہ پر منتقل کرکے احسن رنگ میں پورا کرنا ایک اور بظاہر ناممکن نظر آنے والا امر معلوم ہوتا تھا۔ لیکن اللہ تعالیٰ کے خاص فضل اور حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی دعاؤں کے طفیل تمام مشکلیں آسان ہوتی گئیں اور جلسہ سالانہ کامیابی کے ساتھ منعقد ہوا۔

جلسہ سالانہ کے لیے نئی جگہ کا تعین

سب سے پہلے تو جماعت احمدیہ نائیجر کی نیشنل عاملہ کے مشورہ سے جلسہ سالانہ کے لیے نائیجر کے دوسرے بڑے شہر اور نائیجر کے کمرشل ہب مارادی سے ساٹھ کلو میٹر کے فاصلہ پر موجود ایک ڈیپارٹمنٹل شہر گڈاں رومجی کا انتخاب کیا گیا اور پھر اِس شہر میں زمین کے حصول کے لیے کوششیں شروع کی گئیں۔ اسی اثنا میں اللہ نے اپنے فضل کابڑا نظارہ دکھایا اور شہر کے میئر اور علاقائی چیف و دیگر اہم اتھارٹیز کے تعاون سے جماعت احمدیہ کو حکومت کی جانب سے اب تک کی جماعت احمدیہ نائیجر کی سب سے بڑی زمین جو کہ پانچ ہیکٹر سے زائد ہے تحفۃََ دےدی گئی۔ الحمد للہ

اللہ تعالیٰ کے فضل سے زمین کے حصول سے قبل ہی حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مکرم ممن بیلو صاحب کی منظوری بطور افسر جلسہ سالانہ عطا فرمائی اور اِس کے ساتھ ہی صدر خدام الاحمدیہ مکرم ایرو یوسف صاحب افسر خدمت خلق اور مکرم اعزاز احمد صاحب افسر جلسہ گاہ مقرر ہوئے۔ اس کے بعد پھر مختلف شعبہ جات کے نائب افسران اور ناظمین و معاونین کی ایک بڑی ٹیم تشکیل دی گئی اور ساتھ ہی جلسہ سالانہ کی تیاریوں کا آغاز کر دیا گیا۔

انتظامات کا معائنہ: مکرم اسد مجیب صاحب امیر جماعت احمدیہ نائیجر نے ۲؍فروری ۲۰۲۳ء بروز جمعرات تمام شعبہ جات کا معائنہ کیا اور افسران اور ناظمین کو مختلف ہدایات دیں۔

جلسہ سالانہ کا پہلا روز

مورخہ ۳؍فروری ۲۰۲۳ء کو باجماعت نمازِ تہجد سے جلسہ سالانہ کے پہلے دن کا آغاز ہوا۔ نماز تہجد اور نمازِفجر کی ادائیگی کے بعد سے نمازِ جمعہ کی تیاری کے لیے تمام احباب مصروف ہوگئے۔ نمازِ جمعہ مکرم امیر صاحب نائیجر نے پڑھائی۔ خطبہ جمعہ میں جلسہ کے حوالہ سے مہمانان اور کارکنان جلسہ کے باہمی سلوک کے حوالہ سے حضورِ انور کے ارشادات کی روشنی میں نصائح کی گئیں۔ نمازِ جمعہ کے فوراً بعد حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ براہِ راست بذریعہ ایم ٹی اے تمام شاملین جلسہ نے سنا۔

نمازِ عصر کی ادائیگی کے بعد محترم امیر صاحب نائیجر نے افسر صاحب جلسہ سالانہ کے ہمراہ لوائے احمدیت فضا میں لہرایا۔ تلاوت قرآن کریم سے جلسہ کے اجلاس کا آغاز ہوا۔ پہلے اجلاس میں شہر کے میئر،پریفے اور علاقائی روایتی چیف کے علاوہ دیگر اتھارٹیز نے بھی شرکت کی۔ نمازِ مغرب سے کچھ دیر قبل اجلاس کا اختتام ہوا اور پھر نماز کی تیاری کے بعد نماز مغرب ادا کی گئی جس کے بعد تمام مہمانوں نے لنگر خانہ کا رخ کیا۔ نماز عشا کے بعد مجلس سوال و جواب کا انعقاد کیا گیا جس میں اکثر مہمانوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور اختلافی و فقہی مسائل کے حوالہ سے سوالات کیے جاتے رہے۔

جلسہ کا دوسرا دن

دوسرے دن کا آغاز بھی نمازِ تہجد کی باجماعت ادائیگی سے کیا گیا۔ نمازِ فجر کے بعد عبد الرحمٰن صاحب معلم سلسلہ نے درس دیا۔ بعدازاں جلسہ سالانہ کے دوسرے دن کی کارروائی کا آغاز صبح ساڑھے نو بجے ہوا۔ اِس اجلاس میں بھی علاقہ کی معزز شخصیات نے شرکت کی اور جلسہ کے سٹیج سے ہونے والی تقاریر کو بغور سنا۔ اِسی اجلاس کے دوران مستورات کے جلسہ گاہ میں مستورات کا علیحدہ اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ نائیجر نے کی۔ دورانِ اجلاس ’تربیت میں لجنہ اماء اللہ کا کردار‘ اور دیگر اہم موضوعات پر تقاریر کی گئیں۔ نمازِ ظہر سے قبل اجلاس کا اختتام ہوا اور وقفہ برائے طعام و آرام ہوا۔

نمازِ عصر کے معاً بعد جلسہ کے تیسرے اجلاس کا آغاز کیا گیا۔ تلاوتِ قرآن کریم اور حضرت مسیحِ موعودؑ کے پاکیزہ منظوم کلام نے ایک روحانی سماں باندھ دیا۔ اس کے بعد تقاریر کا سلسلہ جاری رہا ان میں سے اکثر احباب جلسہ کی تمام کارروائی سنتے رہے ہیں اور ہر وقت جلسہ گاہ بھرا ہوا ہوتا تھا۔

نمازِ مغرب سے کچھ دیر قبل اجلاس اپنے اختتام کو پہنچا۔ رات کو نماز و کھانا سے فراغت کے بعد شاملین جلسہ ایک دفعہ پھر محفلِ سوال و جواب میں شامل ہوئے۔ سوال و جواب کی یہ محفل نومبائعین کے لیے سب سے زیادہ مفید ثابت ہوئی۔

جلسہ سالانہ کا تیسرا اور آخری روز

حسبِ روایت جلسہ سالانہ کے تیسرے اور آخری روز کا آغاز بھی باجماعت نمازِ تہجد سے ہوا، نمازِ فجر کے بعد محمد یوسف صاحب معلم سلسلہ نے تعلیم کی اہمیت پر درس دیا۔ ناشتہ و تیاری سے فارغ ہونے کے بعد صبح نو بجے جلسہ کے اختتامی اجلاس کا آغاز کردیا گیا۔ تلاوتِ قرآنِ کریم اور منظوم کلام کے بعد دیگر تقاریر کے علاوہ علاقہ کی اتھارٹیز اور دیگر صاحبِ حیثیت احباب نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ آخر پر افسر صاحب جلسہ سالانہ نے تمام شاملین کا شکریہ ادا کیا اور مکرم امیر صاحب نائیجر نے دعا کروائی۔ دعا کے بعد جلسہ سالانہ کی کارروائی اپنے اختتام کو پہنچی اور اس کے بعد تمام قافلوں نے واپسی کے لیے تیاری کا آغاز کر دیا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے جلسہ سالانہ کے ان تین دنوں کا شاملین جلسہ پر بہت اثر تھا۔

عناوین تقاریر و مقررین

افتتاحی تقریر ازمکرم امیر و مشنری انچارج صاحب، صحابہ رسول رضی اللہ عنہم کی اطاعت کے اعلیٰ نمونے از مکرم عبدالفتاح صاحب معلم سلسلہ، تقویٰ از مکرم لامین عبد الرحمٰن صاحب معلم سلسلہ، تلاوتِ قرآن کریم کی اہمیت و برکات از خاکسار (مبلغ سلسلہ)، مالی قربانی کی اہمیت و برکات از مکرم لاولی شعیبو صاحب معلم سلسلہ، دعا کی اہمیت و برکات از مکرم سعید عدیل صاحب مبلغ سلسلہ، اسلام کی احیائے نو خلافت سے ہی وابستہ ہےاز مکرم عبد اللہ ثاقب صاحب مبلغ سلسلہ، حضرت مسیح موعودؑ کا مقام اور آمد کی نشانیاں از مکرم سلیمان ممن صاحب معلم سلسلہ، رحمۃ للعالمینﷺ کا عورتوں اور بچوں سے حسن سلوک ازمکرم یوسف ایرو صاحب معلم سلسلہ، خاتم النبیینﷺ کا حقیقی مفہوم از مکرم محمد بالا صاحب معلم سلسلہ اور اختتامی کلمات از مکرم ممن بیلو صاحب افسر جلسہ سالانہ۔

میڈیا کوریج

جلسہ کی کوریج ORTN نے کی جو کہ نیشنل حکومتی ٹی وی چینل ہے۔ ہفتہ کے دن دو منٹ کی رپورٹ پرائم ٹائم میں پیش کی گئی۔ علاوہ ازیںAnfani TV اور TV Sarounia نے بھی جلسہ سالانہ کو بھرپور انداز میں کورکیا اور اپنے اپنے چینلز پر تفصیلی رپورٹس نشر کیں۔ اس کے علاوہ ان تینوں چینلز کے ریڈیوز نے اور Guidan Roumdji شہر کے ریڈیو نے جلسہ کی تفصیلی میڈیا کوریج کی۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے میڈیا کا بہت فائدہ ہوا اور جلسہ کے بعد کئی غیر از جماعت لوگوں نے جماعت سے رابطے کیے جنہوں نے جلسہ کی خبریں اور رپورٹس ملاحظہ کی تھیں۔

حاضری: اللہ تعالیٰ کے فضل سے مردوں کی تعداد 1660 اور مستورات کی تعداد 530 رہی۔ کل حاضری 2190۔ فالحمد للہ علیٰ ذٰلک

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button