خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭…سوڈان میں فوج اور پیراملٹری فورسز کے درمیان جھڑپیں ، فوج جنگ بندی میں مزید بہتّر گھنٹے کی توسیع کےلیے رضامند ہوگئی۔سوڈان میں متحارب افواج نے اتوار کے روز ایک دوسرے پر جنگ بندی کی تازہ خلاف ورزیوں کا الزام عائد کیا ہے لیکن دونوں فریقوں نے کہا ہے کہ جنگ بندی کے باضابطہ معاہدے کی مدت اتوار کی نصف شب ختم ہونے والی تھی مگر اب اس میں مزید بہتّر گھنٹےکی توسیع کی جائے گی۔ آر ایس ایف کا کہنا ہے کہ جنگ بندی میں توسیع کا فیصلہ بین الاقوامی،علاقائی اور مقامی سطح پرمطالبات کے بعد کیا گیا ہے۔
٭…اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ سوڈان سے اب تک ۴۵؍ہزار افراد نقل مکانی کر چکے ہیں جبکہ خدشہ ظاہر کیا گیا کہ لڑائی جاری رہی تو دو لاکھ ستّر ہزار افراد ملک چھوڑ سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ سوڈان میں ۱۵؍اپریل سے فوج اور پیرا ملٹری فورسز کے درمیان اقتدار پر قبضے کے لیے جاری خانہ جنگی میں اب تک ۵۲۸؍افراد ہلاک اور ۴۵۹۹؍ زخمی ہو چکے ہیں۔
٭…سوڈان میں اقوامِ متحدہ کے خصوصی نمائندے وولکر پرتھیس نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ سوڈان میں متحارب فریق مذاکرات کے لیے تیار ہیں اور فریقین نے مذاکرات کے لیے نمائندے نامزد کر دیے ہیں۔مذاکرات سعودی شہر جدہ یا جنوبی سوڈان کے شہر جبہ میں ہوں گے۔مذاکرات کے لیے کوئی ٹائم لائن طے نہیں کی گئی ہے۔
٭…برطانیہ کے بڑے بینکوں نے ۲۰؍سے زیادہ شاخیں آئندہ ہفتے بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ان بینکس میں لارڈز بینکنگ گروپ، لائیڈ ٹی ایس بی اور بینک آف اسکاٹ لینڈ شامل ہیں، جبکہ ہیلیفیکس بینک، ایچ ایس بی سی بینک اور نیٹ ویسٹ بینک بھی اس میں شامل ہیں۔ صارفین کے ڈیجیٹل بینکنگ استعمال کرنے پر بینک اور بلڈنگ سوسائیٹیز اس سال سینکڑوں برانچز بند کرنے کےلیے تیار ہیں۔ یاد رہے کہ سب سے بڑا لارڈز بینکنگ گروپ گذشتہ سال اپنی سینکڑوں برانچز پہلے ہی بند کر چکا ہے۔
٭…بھارتی ریاست کرناٹک کے میسور روڈ شو میں وزیراعظم نریندر مودی کوموبائل فون مارنے کی کوشش کی گئی۔ ہجوم میں سے پھینکا گیا موبائل فون مودی کو نہیں لگا اور ٹرک کی چھت پر جا گرا۔ ریاستی اسمبلی کی انتخابی مہم میں میسور میں وزیراعظم کا روڈ شو ہو رہا تھا۔ جہاں ۱۰؍مئی کو ریاستی اسمبلی کے انتخابات ہو نے ہیں۔
٭…ایرانی پارلیمان نے بڑھتی ہوئی مہنگائی پر کنٹرول میں ناکامی پر وزیر صنعت و تجارت کو اپنے عہدے سے فارغ کر دیا۔ ایرانی پارلیمنٹ میں ۲۷۲؍کے ایوان میں سے ۱۶۲؍ اراکین نے وزیر صنعت و تجارت رضا فاطمی امین کو عہدے سے ہٹانے کےلیے ووٹ دیا۔ وزیر صنعت و تجارت رضا فاطمی امین آسمان کو چھوتی ہوئی گاڑیوں کی قیمتوں اور صنعتی پیداوار کی لاگت میں اضافے کو روکنے میں ناکام ہو چکے ہیں۔
٭…ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹرکش انٹیلی جنس فورسز نے شام میں کارروائی کرتے ہوئے داعش کے سربراہ ابو الحسین القریشی کو ہلاک کردیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ داعش کے سربراہ کے خلاف کارروائی شام کے علاقے جنداریس میں کی گئی۔ ترکیہ کی قومی انٹیلی جنس تنظیم کافی عرصے سے داعش کے سربراہ ابو الحسین الحسینی القریشی کا تعاقب کررہی تھی۔دوسری جانب سیریئن نیشنل آرمی نے اب تک داعش کے سربراہ کے مارے جانے کی خبر پر کوئی بیان جاری نہیں کیا۔ واضح رہے کہ نومبر ۲۰۲۲ء میں داعش کے سربراہ ابوالحسن الہاشمی القریشی کے مارے جانے کے بعد ابو الحسین الحسینی القریشی کو دہشتگرد تنظیم کا نیا سربراہ بنایا گیا تھا۔
٭…اسامہ بن لادن کے خلاف آپریشن والے دن وائٹ ہاؤس کے اندر کی نئی تصاویر سامنے آ گئیں، ان تصاویر نے یکم مئی ۲۰۱۱ء کے واقعات تازہ کر دیے۔ تصاویر نے القاعدہ سربراہ کو مارنے کے آپریشن کے دوران وائٹ ہاؤس کے ماحول کو عکس بند کیا۔یہ تصاویر ’’واشنگٹن پوسٹ‘‘ اخبار نے ’’فریڈم آف انفارمیشن ایکٹ‘‘ کے تحت ایک درخواست کے بعد اوباما کی صدارتی لائبریری سے حاصل کی ہیں۔سی این این کے مطابق وائٹ ہاؤس کے سیچویشن روم میں اس وقت کے امریکی صدر براک اوباما اور ان کے نائب صدر جو بائیڈن کے چہروں پر تناؤ واضح تھا۔ اس وقت کے وزیر دفاع باب گیٹس بھی موجود تھے۔
٭…لیبیا کے ساحلی علاقے میں غیر قانونی طور پر بحیرۂ روم کے راستے یورپ جانے والے تارکین وطن کی دو کشتیاں ڈوبنے سے ۵۷؍ افراد ہلاک ہوگئے جن میں سے ایک بچے سمیت گیارہ افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔ کشتیوں میں سوار تارکین وطن کا تعلق پاکستان، بنگلہ دیش، مصر، شام اور تیونس سے بتایا جارہا ہے۔ بچ جانے والے افراد کے مطابق ڈوبنے والی ایک کشتی میں ۸۰؍افراد موجود تھے ۔
٭…ایران کے شورش زدہ جنوب مشرقی صوبے سیستان بلوچستان میں حملہ آوروں نے میجر علی رضا شاہراکی کی گاڑی پر فائرنگ کی جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ اس کی بیوی، جو اس کے ساتھ کار میں تھی، فائرنگ سے شدید زخمی ہوگئی تھی جو بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال میں دم توڑ گئی، ابھی تک کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔