سیرالیون میں رمضان المبارک اور عید الفطر کی رونقیں
امسال سیرالیون میں رمضان المبارک کا آغاز ۲۳؍ مارچ۲۰۲۳ء کو ہوا۔ رمضان المبارک کے دوران مبلغین کرام، لوکل مشنریز، معلمین کرام اور ائمہ مساجد رمضان بھر میں پنجوقتہ نمازوں کےساتھ ساتھ نمازِ تراویح کا اہتمام کرتے رہے اور درس القرآن و حدیث کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ جامعة المبشرین کے سالِ اول و دوم کے طلبہ نے بھی وقفِ عارضی کے تحت اپنے اپنے ریجنز کی مفوضہ جماعتوں میں یہ سلسلہ جاری رکھا۔ مدرسة الحفظ کے چھ طلبہ نے بھی تراویح میں حفظ شدہ حصہ کی دہرائی کی۔ مساجد میں حاضری بہتر رہی اور مرد و خواتین، بچوں و بچیوں نے رمضان المبارک کے ایام سے خوب استفادہ کیا۔ بچوں اور بڑوں نے قرآن کریم کے ایک یا دو دور مکمل کیے۔ مساجد میں نمازِ ظہر یا عصر کے بعد روزانہ قرآن کریم کے ایک پارہ کی تلاوت کی جاتی رہی
مقامی روایت کے مطابق احباب مساجد میں کُلُوْا جَمِیعاً کے طور پر مل جل کر سحر و افطار کرتے رہے۔ رمضان کے آخری تین دن احباب جماعت نے جماعت کے لیے خصوصی دعائیں کرتے ہوئے گزارے۔ الحمدللہ علی ذالک
امسال رمضان المبارک کے انتیس روزے ہوئے اور عید الفطر ۲۱؍اپریل بروز جمعة المبارک منائی گئی۔ سیرالیون بھر میں جماعت احمدیہ کے زیر انتظام نمازِ عید کے چھوٹے بڑے اجتماعات منعقد کیے گئے۔ بعض مقامات پر نماز عید سے قبل یا بعد بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔
ریجنل ہیڈکوارٹرز کی جانب سے مساجد، احمدیہ سکول کے کھلے میدانوں یا عیدگاہوں میں نمازِ عید کے چھوٹے بڑے اجتماعات کا انعقاد کیا گیا۔ اطفال، خدام اور انصار نے ایک روز قبل ان عیدگاہوں کو وقارِ عمل کے ذریعہ تیار کیا تھا۔ احمدی احباب کے ساتھ ساتھ غیر از جماعت احباب کی بھی ایک بڑی تعداد شامل ہوئی۔ نمازِ عید کے اجتماعات کی مختصر رپورٹ درج ذیل ہے۔
فری ٹاؤن کے مشرقی و مغربی ریجنز میں چوبیس مقامات پر اجتماعات کا انعقاد کیا گیا۔ سب سے بڑا مرکزی اجتماع ہیڈکوارٹرز کے تحت پارلیمنٹ آفسز کی بلڈنگ کے احاطہ میں ہوا جس میں غیرازجماعت احباب سمیت تین ہزار سے زائد احباب نے عید پڑھی۔ مکرم امیر صاحب نے عید پڑھائی۔ مسجد بیت السبوح کِسی ڈاک یارڈ میں بھی پندرہ سو سے دوہزار کے درمیان افراد شامل ہوئے۔ دیگر جماعتوں میں ہزار، ڈیڑھ ہزار سے زائد احباب شامل ہوئے۔
بو ریجن میں نمازِ عید کا مرکزی اجتماع بو مرکزی جلسہ گاہ میں ہواجہاں قریباً اڑھائی ہزار افراد شامل ہوئے۔ جبکہ ریجن بھر میں ستّر مقامات پر نمازِ عید ادا کی گئی۔ بو احمدیہ ریڈیو کے علاوہ مقامی ریڈیو چینل ایس ایل بی سی کے ذریعہ خطبہ عید اور کارروائی لائیو نشر کی گئی۔
کینیما ریجن کے پینتیس مقامات پر نمازِ عید کے اجتماعات ہوئے۔ مرکزی اجتماع ناصر احمدیہ سیکنڈری سکول کے فٹبال گراؤنڈ میں ہوا۔ جس میں تیرہ سو سے زائد احباب شامل ہوئے۔ مکینی ریجن میں اسّی مقامات پر عید کے چھوٹے بڑے اجتماع ہوئے۔ مکینی شہر میں پندرہ مساجد میں نمازِ عید ادا کی گئی۔ بونکوبانہ جماعت میں ایک ہزار سے زائد افراد نے نماز عید ادا کی:
پورٹ لوکو ریجن کی تمام جماعتوں میں نمازِ عید ادا کی گئی۔ مشاکا ٹاؤن میں ریجنل ہیڈ کواٹرز میں پانچ سو سے زائد افراد شامل ہوئے ریجن میں بیس مقامات پرعید کے اجتماعات ہوئے۔ مشاکا ریجن میں چالیس مقامات پر نمازِ عید کے اجتماع ہوئے اور مرکزی اجتماع میں ایک ہزار سے زائد افراد شامل ہوئے۔دارو ریجن کی ۲۶؍جماعتوں میں اجتماع ہوئے جبکہ مرکزی اجتماع دارو میں ۴۵۰؍احباب شامل ہوئے۔واٹر لو کی بیس جماعتوں میں عید کے اجتماع ہوئے۔ جن میں چار ہزار سے زائد احباب نے عید کی نماز ادا کی۔ جوئی ٹاؤن مرکزی اجتماع میں چھ صد سے زائد احمدی اور ۳۵۰؍غیر احمدیوں بھی شامل ہوئے۔ روکوپر ریجن کی تیرہ جماعتوں میں عید کے اجتماعات ہوئے۔ مرکزی اجتماع روکوپراحمدیہ سیکینڈری سکول کی مسجد میں ہوا جہاں چار سو پچاس حاضری تھی۔ Mile91 ریجن میں آٹھ مقامات پر مرکزی اجتماع احمدیہ سیکنڈری سکول مائل ۹۱ میں ہوا جس میں چھ سو سے زائد افراد شامل تھے۔ لُنسر ریجن کی بھی تمام جماعتوں میں نمازِ عید ادا کی گئی۔ مرکزی اجتماع میں تین سو کے قریب افراد شامل ہوئے۔ میامبا ریجن کی تمام جماعتوں میں بھی نماز عید ادا کی گئی۔کونو ریجن میں چھ مقامات پر تین سو پچاس افراد شامل ہوئے۔
ہفتہ کے روز حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا خطبہ عید ایم ٹی اے افریقہ کے علاوہ احمدیہ مسلم ریڈیوز کے ذریعہ تین زبانوں (کریول، ٹمنی، مینڈے) میں لائیو نشر ہوا جسے احمدی احباب جماعت کے علاوہ غیر از جماعت نے بھی سنا اور دعا میں شامل ہوئے۔