اطلاعات و اعلانات
نمایاں کامیابی
٭…عبد السمیع خان صاحب استاد جامعہ احمدیہ گھانا اطلاع دیتے ہیں کہ میری بیٹی عزیزہ فریحہ سمیع نے کیپ کوسٹ یونیورسٹی گھانا (جورینکنگ میں مغربی افریقہ میں پہلے اور پورے افریقہ میں چوتھے نمبر پر ہے ) سے حضور ایدہ اللہ تعالیٰ کی دعاؤں سے بی ایس سی کمپیوٹر سائنس میں فرسٹ کلاس آنرز کی ڈگری حاصل کی ہے۔ کانووکیشن یکم اپریل ۲۰۲۳ء کو منعقد ہوا جس میں اسے ڈگری کے ساتھ نقد انعام بھی دیا گیا۔ اس نے غیر ملکی طلبہ میں بہترین سٹوڈنٹ کا اعزاز بھی حاصل کیا۔الحمدللہ۔ یہاں تمام احمدی بچیاں پردہ کا خیال رکھتے ہوئے تعلیم حاصل کرتی ہیں جس کا انتظامیہ اور طلبہ پر گہرا اثر ہے۔
احباب جماعت سے درخواست دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ یہ اعزاز مزید کامیابیوں اور خدمت دین کا پیش خیمہ بنائے۔ آمین
اعلان ولادت
٭…وقار الحق (مربی سلسلہ) تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے محض اپنےفضل و کرم سے خاکسار کی ہمشیرہ کو مورخہ۲۷؍ اپریل۲۰۲۳ء بروز جمعرات بیٹے کے بعد پہلی بیٹی سے نوازا ہے۔حضور انورایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ازراہ شفقت نومولود کا نام ’رابعہ دانیال‘ تجویز فرمایا ہے۔ نومولود دانیال احمد صاحب کی بیٹی، عبدالحق صاحب کی پوتی اور محمد صادق صاحب کی نواسی ہے۔
احباب جماعت سے زچہ و بچہ کی صحت و سلامتی والی عمر کے لیے درخواست دعا ہے نیز درخواست دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ نومولودکودین و دنیا کی اعلیٰ حسنات سے نوازے، خلافت کی خادمہ بنائے، والدین کی آنکھوں کی ٹھنڈک اور نافع الناس وجود بنائے۔آمین
سانحہ ارتحال
٭… عطیة العلیم صاحبہ ہالینڈ سےتحریر کرتی ہیں کہ خاکسار کے ماموں محمود احمد شاہ صاحب ولد عبداللہ شاہ صاحب آف گوجرہ حال فیصل آباد لمبی علالت کے بعد بقضائے الٰہی مورخہ ۲۳؍ اپریل ۲۰۲۳ء کو وفات پا گئے۔انا للہ و انا الیہ راجعون
مرحوم بہت خوش مزاج،مہمان نواز،رشتہ داروں کے ساتھ صلہ رحمی کرنے والے،غرباء کی مدد کرنے والے،محبت کرنے والے وجود تھے۔حالت صحت میں انصار اللہ کے ساتھ میڈیکل کیمپس بھی لگایا کرتے تھے۔اپنے جواں سال بیٹے سید ندیم احمد کی وفات کو بہت حوصلے سے برداشت کیا۔آپ کے چھوٹے بیٹے ڈاکٹر سید کلیم احمد اور ان کی بیگم ڈاکٹر طیبہ کلیم نے ان کی مثالی خدمت کی۔آپ بفضل خدا موصی تھے۔حضور انور نے ازراہ شفقت مرحوم کی خواہش کو منظور کرتے ہوئے پرانے بہشتی مقبرہ میں تدفین کی اجازت دی۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے اور مرحوم کی مغفرت فرمائے آمین
٭… عبدالواسع عابد صاحب مبلغ سلسلہ نائیجیریا تحریر کرتے ہیں کہ خاکسار کے سسر مکرم ملک محمد سلیم صاحب آف دارالعلوم غربی حلقہ صادق ربوہ حال مقیم یو کے مورخہ ۲۳؍اپریل ۲۰۲۳ء کو اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔ انا لله وانا اليه راجعون
مرحوم ایک سال قبل یو کے آئے تھے۔ عمر ٩٠؍سال تھی۔ اپنے والدین کے ہمراہ سڑوعہ ہوشیار پور سے ۱۵؍سال کی عمر میں ہجرت کی۔ننکانہ ضلع شیخوپورہ میں بطور قائد ضلع خدمت کا موقع ملا پھر مخالفین نے آپ پر مقدمہ بنایا اور حضرت مصلح موعودؓ کے ارشاد پر ربوہ آگئے۔محلہ دارالرحمت شرقی ب میں بطور زعیم خدام الاحمدیہ خدمات سرانجام دیں۔ پھر وکالت تبشیر ربوہ میں خدمت کا موقع ملا۔ مبلغین جو بیرون ملک خدمات سرانجام دے رہے تھے ان کی فیملیز کو ضروریات زندگی پہنچایا کرتے تھے۔ ریٹائر ہونے پر پنشن لینے سے بھی معذرت کر لی۔
مرحوم ملنسار، خوش گفتار، عاجز اور صوم و صلوٰة کے پابند تھے۔ مسجد جاتے تو کوشش ہوتی کہ پہلی صف میں کھڑے ہوں اور اقامت کی سعادت بھی حاصل ہو اور بڑی خوبصورت آواز میں اقامت کہتے۔
بہن بھائیوں میں سب سے بڑے تھے۔ سب کا خیال رکھا۔ پانچ بیٹے اور پانچ بیٹیاں اور بہت سے پوتے پوتیاں اور نواسے نواسیاں یادگار چھوڑےہیں۔ مورخہ ۲۶؍اپریل ۲۰۲۳ء کو حضور انورایدہ اللہ تعالیٰ نے ازراہ شفقت ان کی نمازجنازہ اسلام آباد میں پڑھائی۔ میت پاکستان لائی گئی اور ۳۰؍اپریل کواحاطہ صدر انجمن میں نماز جنازہ پڑھائی گئی۔ ایک کثیر تعداد نے جنازے میں شرکت کی اور بہشتی مقبرہ جدید میں تدفین کے بعد دعا ہوئی۔
مرحوم مکرم عبدالرشید انور صاحب مشنری انچارج کینیڈا کے ماموں تھے اور حضرت ملک لیکڑ خان صاحب صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے پوتے تھے۔ ان کے ایک نواسے عزیزم جاذب احمد صاحب جامعہ احمدیہ یو کے کے طالبعلم ہیں۔ اپنی بیٹی کو بھی وقف کیا تھا جو کہ میری اہلیہ ہیں اور میدان عمل میں میرے ساتھ ہیں۔
احباب سے درخواست دعا ہے کہ خدا تعالیٰ مرحوم سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین
٭…٭…٭