خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭…سعودی وزارت صحت نے عازمین حج سے اپیل کی ہے کہ وہ لازمی حفاظتی ٹیکے لگوائیں۔ حج پرمٹ ۱۵؍ شوال سے جاری ہوں گے۔ اجازت نامے کے لیے حفاظتی ٹیکے اور ویکسینیشن مکمل کرنا بنیادی شرط ہے۔ حفاظتی ویکسین حج موسم شروع ہونے سے دس دن پہلے لگوانا لازمی ہے۔
٭…پاکستان کے صوبہ سندھ کے ضلع میرپور خاص میں نامعلوم افراد کی جانب سے احمدیہ مسجدمیں توڑ پھوڑ اور سامان کو آگ لگانے کا واقعہ پیش آیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق میرپورخاص کے علاقے ڈھولن آباد میں واقع احمدیہ مسجد پر بعض افراد نے جمعرات کی صبح حملہ کیا۔مشتعل افراد سیڑھی لگا کر بالائی حصے میں داخل ہوئے اور مینار توڑ دیے۔مقامی صحافیوں نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ پولیس واقعے کے بعد پہنچی اور صورتِ حال پر قابو پانے کے لیے ہجوم کو منتشر کیا لیکن تاحال مقدمہ درج نہیں ہو سکا۔ میرپور خاص پولیس کے ایک افسر نے صحافیوں کو بتایا کہ فی الوقت واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔
واضح رہے کہ چند ماہ میں ضلع میر پور خاص میں تیسری مسجد کو نشانہ بنایا گیا ہے۔رواں سال کے آغاز سے ہی پاکستان میں جنوب سے شمال تک جماعت احمدیہ کی مساجد پر حملوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
٭…پاکستان میں افراد جماعت کو ہراساں کرنے اور ان کے قتل کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان(ایچ آر سی پی) کی حالیہ سالانہ رپورٹ برائے ۲۰۲۲ءمیں بھی جماعت احمدیہ کے خلاف بڑھتی ہوئی کارروائیوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق مذہب یا عقیدے کی آزادی کے خلاف بڑھتے ہوئے خطرات لمحہ فکریہ ہیں۔ اگرچہ توہینِ مذہب کے الزامات سے متعلق پولیس رپورٹس میں کمی آئی ہے تاہم ہجوم کے ہاتھوں ہلاکتوں میں بظاہر اضافہ ہوا ہے۔رپورٹ کے مطابق جماعت احمدیہ خاص طور پر حملوں کی زد میں رہی اور خصوصاً پنجاب میں کئی مساجداور نوّےسے زائد قبروں کی بے حرمتی کے واقعات پیش آئے۔
٭…چند روز قبل کراچی کے ایک احمدی وکیل کو اپنے نام کے ساتھ ’سید‘ لکھنے کی پاداش میں مقدمہ درج کر کے گرفتار کرنے کا واقعہ پیش آیا۔ وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے جماعتِ احمدیہ پاکستان کے ترجمان کہتے ہیں کہ مذکورہ وکیل کے خلاف چند ماہ کے دوران دو مقدمات درج کیے گئے جس پر اُنہیں گرفتار بھی کیا گیا۔ احمدی وکیل کے خلاف مقدمہ ظاہر کرتا ہے کہ معاشرے میں احمدیوں کے خلاف مضحکہ خیز قوانین موجود ہیں کیونکہ اُن پر صرف اِس وجہ سے مقدمہ درج کر لیا گیا کہ اُن کے نام میں ’سید‘ آتا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان میں احمدیوں کے خلاف نفرت بڑھنے کی بڑی وجہ جماعت احمدیہ کے خلاف طویل عرصے سے کیا جانے والا پروپیگنڈا ہے۔ یہ نفرت اتنی بڑھ چکی ہے کہ اُنہیں اپنا موقف پیش کرنے میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔
٭…امریکی صدر جو بائیڈن نے سوڈان میں جاری فوج اور پیرا ملٹری فورسز کے درمیان تنازع جلد ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے سوڈان میںخون بہانے کے ذمہ داروں کے خلاف پابندیوں کا عندیہ بھی دے دیا اور ذمہ داروں کے خلاف پابندیوں کے لیے اپنی انتظامیہ کے اختیارات میں اضافہ کردیا۔ ان کا کہنا ہے کہ سوڈان میں پُرتشدد کارروائیاں ایک المیہ ہیں جن کا فوری خاتمہ ہونا چاہیے۔
٭…ماہِ مارچ میں دنیا میں پہلی مرتبہ امریکی ڈاکٹروں نے ماں کے پیٹ میں موجود بچے کے دماغ کا کامیاب آپریشن کردیا۔بچی معمول کے مطابق بڑھ رہی تھی جبکہ تیسویں ہفتے میں معمول کے الٹرا ساؤنڈ پر ڈاکٹروں نے دریافت کیا کہ اس کے دماغ کے اندر خون کی نالیوں میں خرابی ہے۔۱۷؍مارچ کو خاتون نے بچی کو آپریشن کے بعد چونتیسویں ہفتے میں جنم دیا جس کا وزن چار پاؤنڈ اور ایک اونس تھا وہ بالکل صحت یاب ہے اور اس کا نام ڈینور کولمین رکھا گیا ہے۔
٭…روس نے یوکرین کی جانب سے کریملن پر ڈرون حملے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈرون حملہ صدر پیوٹن کو مارنے کی کوشش تھی۔ کریملن کے اوپر اٹھتے دھویں کی وڈیو سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگی۔ ۲؍مئی کی رات کریملن کی طرف آنے والے یوکرین کے دو ڈرون مار گرائےگئے۔
٭…یوکرین کے صدر ولادی میر زیلنسکی نے روسی صدر ولادی میر پیوٹن پر کسی بھی قسم کے ڈرون حملے کی تردید کر دی۔یوکرینی صدر نے فن لینڈ کے دورے کے دوران پریس کانفرنس میں کہا کہ ہم نے ولادی میر پیوٹن یا ماسکو پر حملہ نہیں کیا، ہمارے پاس اتنے ہتھیار نہیں ہیں ، ہم اپنی سرزمین پر لڑتے ہیں اور ہم اپنے گاؤں اور شہروں کا دفاع کر رہے ہیں۔
٭…امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن نے روسی صدارتی محل پر مبینہ ڈرون حملے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ماسکو میں ہونے والے واقعے کو شک کی نگاہ سے دیکھ رہے ہیں۔روسی صدارتی محل میں ہونے والے واقعے کی تفصیلات سے لاعلم ہیں۔ کریملن میں صدر پیوٹن پر قاتلانہ حملے کی رپورٹ کی تصدیق نہیں کرسکتے۔ یوکرین کو اپنا دفاع کرنے کا مکمل اختیار حاصل ہے۔
٭… ۶۳؍ سالہ بھارتی نژاد امریکی بزنس مین اجے پال سنگھ بنگا عالمی بینک کے چودھویں صدر منتخب ہوگئے۔ انہیں امریکی صدر بائیڈن نے نامزد کیا تھا۔ عالمی بینک کے پچیس رُکنی ایگزیکٹو بورڈ نے نئے صدر کی منظوری دی۔ اجے پال سنگھ بنگا پانچ سال کے لیے عالمی بینک کے صدر کا عہدہ ۲؍جون کو سنبھالیں گے۔
٭…٭…٭