آئیوری کوسٹ میں عید الفطر کے اجتماعات
آئیوری کوسٹ (مغربی افریقہ) میں عیدالفطر ۲۱؍ اپریل ۲۰۲۳ء بروز جمعۃالمبارک منائی گئی۔جماعت احمدیہ کا نماز عید کا مرکزی اجتماع مسجد اقصیٰ، آجامے(Adjamé) آبی جان(Abidjan) میں منعقد ہوا جہاں عبدالقیوم پاشا صاحب امیرو مشنری انچارج آئیوری کوسٹ نے نماز عید پڑھائی اور خطبہ دیا۔ آئیوری کوسٹ کے تمام علاقائی سنٹرز میں ریجنل مبلغین کرام نے عید کے اجتماعات کا اہتمام کیا جبکہ دیگر شہری و دیہاتی جماعتوں میں مقامی معلمین کرام نے ان اجتماعات کا اہتمام کیا۔ یہ اجتماعات احمدیہ مساجد کے قریب موجود کھلے مقامات پر منعقد کیے گئے۔
نماز عید کے بعد جماعتی پروگرامز کے تحت احمدی احباب نے مختلف مقامات پر ہسپتال کا رخ کیا جہاں مریضوں کی عیادت کے ساتھ ساتھ ان کے لیے کچھ تحائف کا اہتمام بھی کیا گیا۔جس کے بعد اکثر مقامات پر کلوا جمیعاً کا بھی اہتمام تھا۔ مقامی انتظام کے تحت نماز عید کے بعد بچوں میں عیدی تقسیم کی گئی۔
امسال آئیوری کوسٹ کے تمام ریجنز میں جماعتی انتظام کے تحت تقریباً ۱۲۰؍ مقامات پر نماز عید ادا کی گئی جہاں تقریباً بیس ہزار سے زائد مردو خواتین نے عید کی نماز ادا کی۔جبکہ مسجد اقصیٰ میں منعقدہ نماز عید کی خبر مقامی سرکاری چینلRTI2پر بھی اسی روز نشر ہوئی۔
٭…٭…٭