ایسٹرن کینیڈا کی مجالس انصار الله کاپروگرام صحبت صالحین اور کھیلوں کے مقابلہ جات
ایسٹرن کینیڈا کی سات مجالس انصار الله کا مشترکہ اور خصوصی صحبت صالحین کا پروگرام جس کے ساتھ کھیلوں کا انعقاد بھی ہوا مورخہ یکم فروری ۲۰۲۳ء بروز ہفتہ مسجد بیت النصیر اوٹاوہ ایسٹ میں منعقد ہوا۔ عبدالحمید وڑائچ صاحب صدر انصار اللہ کینیڈا و نیشنل عاملہ کے چار اراکین ٹوانٹو سے تشریف لائے۔ ناظم اعلیٰ ایسٹرن کینیڈا محمد لطیف صاحب نے اپنی ریجنل عاملہ کے ممبران کے ساتھ مونٹریال سے سفر کر کے اس پروگرام کو اپنی نگرانی میں تکمیل تک پہنچایا۔پروگرام کا آغاز نماز مغرب سے ہوا۔ اجلاس کی باقاعدہ کارروائی کا آغاز تلاوت قرآن پاک با ترجمہ سے ہوا۔ عہد انصار الله کے بعد صدر صاحب انصار الله نے اپنی تقریر میں پنج وقتہ نماز اور خلافت کے ساتھ تعلق وفاداری کے حوالے سے نصائح کیں۔اس کے بعد شاملین کو کھانا پیش کیا گیا۔ بعد از نماز عشاء والی بال، بیڈ منٹن، ٹیبل ٹینس اور باسکٹ بال کے مقابلہ جات ہوئے جس میں مختلف مجالس کی ٹیموں نے حصہ لیا۔
رات دس بجے صحبت صالحین کا سیشن شروع ہوا جس میں ظفر اقبال احمد ساہی صاحب مبلغ سلسلہ سینیگال نے افریقہ سے آن لائن تقریر کی جس میں آپ نے بورکینافاسو اور سینیگال میں تعیناتی کے دوران پیش آنے والے ایمان افروز واقعات کا ذکر کیاجس کے بعد انصار بھائیوں کو آپ سے سوالات کرنے کا موقع دیا گیا۔
چالیس سے زائد انصار نے رات مسجد میں گزاری جن میں کچھ لوکل اور زیادہ تر انصار مونٹریال، کارنوال، اوٹا وہ ویسٹ اور کنگسٹن سے تشریف لائے ہوئے تھے۔اگلے دن صبح سویرے بروز اتوار یہ با برکت تقریب دوباره نماز تہجد سے شروع ہوئی جس میں ۷۰؍ سے زائد افراد شامل ہوئے۔ نماز فجر کے بعد ناشتہ پیش کیا گیا۔اس کے ساتھ ہی یہ بابرکت پروگرام اختتام پذیر ہوا اور بیرونی مجالس سے آنے والے احباب جماعت کو پر خلوص دعاؤں کے ساتھ رخصت کیا گیا۔
(رپورٹ: ونگ کمانڈر (ر) محمد زکریا داؤد۔ نمائندہ روزنامہ الفضل کینیڈا)