عالمی خبریں

خبرنامہ(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭…مصر کی ثالثی کی کوشش کے باوجود غزہ میں اسرائیل اور فلسطین کے درمیان جنگ بندی نہ ہوسکی۔ فلسطینیوں کی جانب سے جواب میں اسرائیل پر گیارہ سو سے زائد راکٹ حملے کیے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ ۹؍مئی سے ہونے والے غزہ پر اسرائیل کے فضائی حملوں میں کم از کم اکتیس فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں خواتین، بچے، بوڑھے افراد اور اسلامی جہاد تحریک کے کئی راہنما شامل ہیں۔

٭…غزہ کے علاقے الریمل کا رہائشی چار سالہ بچہ تمیم داؤد اس وقت اپنی جان کی بازی ہار گیا جب رات گئے اسرائیل کی جانب سے فلسطین پر بمباری کی گئی۔بچے کی ۲۹؍سالہ والدہ لینا نے اسے سنبھالنے اور اطمینان دلانے کی کوشش کی لیکن وہ ناکام رہیں، اسی دوران تمیم داؤد کی سانس پھولنے لگی اور وہ شدید گھبراہٹ (پینک اٹیک) کا شکار تھا۔بچے کے والد نے بتایا کہ پھر میرا بیٹا سو گیا لیکن تقریباً پانچ گھنٹے بعد اسے دوبارہ گھبراہٹ شروع ہوگئی تو میں اسے فوراً ہسپتال لے کر بھاگا لیکن راستے میں ہی اس کے دل نے کام کرنا چھوڑ دیا تھا۔

٭…اسرائیلی طیاروں کی غزہ کی پٹی پر بمباری میں فلسطینیوں کی شہادت پر اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کی ہے۔ بیان میں او آئی سی نے کہا کہ اسرائیل کی وحشیانہ کارروائی بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ غزہ کی پٹی میں قابض اسرائیل کی ظالمانہ کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہیں، قابض اسرائیل ان ظالمانہ حملوں اور منظم ریاستی دہشت گردی کے نتائج کا مکمل ذمہ دار ہے۔ او آئی سی نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ فلسطینی عوام کو بین الاقوامی تحفظ فراہم کرنے میں اپنی ذمہ داریاں ادا کرے۔

٭…پاکستان میں ۹؍مئی کو سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں پرتشدد مظاہرے کیے گئے۔ شر پسند عناصر نے سرکاری املاک، فوجی چوکیوں اور تنصیبات کو نشانہ بنایا تھا۔اسلام آباد پولیس کی جانب سے پُرتشدد مظاہروں میں شامل تین سو سے زائد افراد کی شناخت کا عمل مکمل ہو گیا ہے۔حکومتی اور دفاعی املاک کو نقصان پہنچانے والوں کی گرفتاریوں کا عمل تیز ہو گیا ہے جبکہ لاہور کے جناح ہاؤس میں توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث سینکڑوں شرپسندو ں کو گرفتار کر لیا گیا۔

٭…پاکستان کی حکومت نے چیف جسٹس آف پاکستان عمرعطا بندیال کے خلاف ریفرنس لانے کا اصولی فیصلہ کرلیا، اس ضمن میں چیف جسٹس عمر عطا بندیال کے خلاف ریفرنس کے لیے قومی اسمبلی میں خصوصی کمیٹی کی تشکیل کی تحریک منظور کرلی گئی۔ کمیٹی چیف جسٹس کے علاوہ دیگر ججز کے مس کنڈکٹ پر بھی ریفرنس لانے کا جائزہ لے گی۔قبل ازیں قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا تھا کہ آئین کے آرٹیکل ۲۰۹؍کے تحت ججز کے خلاف ریفرنس دائر کیا جائے ۔

٭…اقوام متحدہ کی پناہ گزین ایجنسی کے مطابق سوڈان میں تشدد سے اب تک دولاکھ بیس ہزار لوگ اپنی جان بچانے کے لیے ملک چھوڑ کر جا چکے ہیں، جن میں سے ساٹھ ہزار کے لگ بھگ پڑوسی ملک چاڈ کی طرف چلے گئے ہیں۔ جنیوا میں ایک نیوز بریفنگ میں، اقوام متحدہ کے پناہ گزینوں کے ادارے کی ترجمان اولگا ساراڈو نے کہا کہ صرف پچھلے کچھ دنوں میں تیس ہزار افراد چاڈ میں داخل ہوئے ہیں، اور روزانہ لوگوں کی ایک بڑی تعداد سرحدیں عبور کر رہی ہے۔ انہوں نے اس رپورٹ کی طرف توجہ دلائی جس میں ، منگل کو مہاجرین کی بین الاقوامی تنظیم یا IOM نےکہا ہے کہ سوڈان میں بے گھر ہونے والوں کی تعداد سات لاکھ کے لگ بھگ ہے۔

٭…جمعرات کو رات گئے جدہ، سعودی عرب میں سوڈان کی فوج اور حریف ریپڈ سپورٹ فورسز کے نمائندوں نے معاہدے پر دستخط کیے جس کا مقصد شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانا اور شہریوں کو رضاکارانہ بنیادوں پر جنگ زدہ علاقوں سے نکلنے کے لیے محفوظ راستے کی اجازت دینا شامل ہے۔ جمعرات کو ہی اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل سوڈان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی نگرانی بڑھانے کے لیے بمشکل ایک تحریک منظور کرنے میں کامیاب ہوئی۔ برطانیہ اور امریکہ کی حمایت سے پیش کی جانے والی اس تحریک کے حق میں اٹھارہ اور مخالفت میں پندرہ ووٹ آئے۔ اس سے اقوام متحدہ کے سوڈان کے ماہر کو دیگر اقدامات کے علاوہ بدسلوکی کی نگرانی کے لیے مزید اختیارات حاصل ہو جائیں گے۔

٭…روس کا ایک ہیلی کاپٹر بریانسک کے علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا، یہ علاقہ یوکرین کے قریب واقع ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ہیلی کاپٹر کے انجن میں آگ لگ گئی تھی۔ روس کے ٹیلی گرام چینل پر پوسٹ کردہ ویڈیو میں دیکھا گیا کہ ہیلی کاپٹر آسمان میں ہی پھٹ گیا اور پھر بھڑکتے شعلوں کے ساتھ زمین پر آگرا۔

٭…جرمنی کے دارالحکومت برلن میں چینی وزیرخارجہ چن گانگ نے میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا ملک یوکرین بحران کے تمام فریقوں سے رابطے جاری رکھے گا۔ یوکرین میں جنگ بندی کی کوششوں کےلیے تمام فریقوں سے رابطے رکھیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین ایک طرف کھڑے ہو کر نہ آگ کو دیکھےگا اور نہ ہی اس میں تیل ڈالے گا۔

٭…سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے روسی ہم منصب سرگئی لاروف نے ٹیلیفون پر رابطہ کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی اور عالمی مسائل سمیت سعودی عرب اور روس کے گہرے تعلقات پر بھی بات چیت کی۔سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ روس یوکرین مسئلے کے سیاسی حل تک پہنچنے کی حمایت جاری رکھیں گے۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button