خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭…پاکستان میں برسر اقتدار پارٹیز کی جمعیت پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے پیر کے روز سپریم کورٹ کے سامنے مظاہرہ کیا۔ اس طرح کا احتجاج ملکی تاریخ میں دوسری مرتبہ ہوا۔اس مظاہرے پر ملک کے کئی حلقوں میں تبصرے اور تنقید ہو رہی ہے۔ کچھ اس احتجاج کو سپریم کورٹ پر دباؤ ڈالنے کا ہتھکنڈا قرار دیتے ہیں جب کہ کچھ انتشار پھیلانے کی کوشش لیکن حکومتی جماعتوں کا موقف ہے کہ احتجاج ان کا حق ہے۔ پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے اس مظاہرے کا اعلان جمعہ کو کیا تھا، جس کے بعد حکومت نے جے یو آئی ایف سے مذاکرات کیے لیکن وہ احتجاج پر بضد رہے اور دفعہ ایک سو چوالیس کے نفاذ کے باوجود پی ڈی ایم کے کارکنان نے ، جن میں اکثریت جے یو آئی ایف کی تھی، سپریم کورٹ کے عین سامنے دھرنا دیا۔
٭…پاکستان میں احتجاج اور گرفتاریوں پر واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ویدانت پٹیل کا کہنا تھا کہ ہم یقین رکھتے ہیں کہ احتجاج اور اظہار رائے بغیر تشدد کے ہونا چاہیے، جس سے سرکاری ملازمین یا املاک کونقصان نہ پہنچے۔ کسی ایک سیاسی امیدوار یا جماعت پر پوزیشن نہیں رکھتے۔گرفتاریاں قانون کے مطابق ہونی چاہئیں، مضبوط، مستحکم اور خوشحال پاکستان پاک امریکہ تعلقات کے لیے اہم ہے۔
٭…چین میں ۷۸؍سالہ امریکی شہری کو جاسوسی کے الزام میں عمر قید کی سزا سنا دی گئی۔ جان شنگ وین لیونگ کے پاس امریکی پاسپورٹ اور ہانگ کانگ کی مستقل رہائش کا اجازت نامہ ہے۔ سوزوہ شہر کی عدالت نے کہا کہ جان شنگ پر جاسوسی کا الزام ثابت ہوا ہے، لہٰذا اسے عمر قید کی سزا سنائی جاتی ہے، جبکہ زندگی بھر کے لیے سیاسی حقوق بھی سلب کرلیے گئے ہیں۔یاد رہے کہ رواں برس اپریل میں چین نے اپنے انسداد جاسوسی قوانین میں تبدیلی کرتے ہوئے جاسوس کی تعریف کو مزید وسیع کیا تھا۔ چین نے کسی بھی ایسی معلومات کی منتقلی پر پابندی لگائی تھی جسے حکام ’’قومی سلامتی‘‘سے متعلق قرار دیں۔
٭…برطانیہ نے یوکرین کو فضائی دفاعی میزائل اور ڈرونز دینے کا اعلان کیا ہے۔ تاہم یوکرین کو لڑاکا طیارے دینے کا ارادہ نہیں ہے۔ یوکرین کے لیے دفاعی امداد کے اعلان سے متعلق لندن سے ترجمان برطانوی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یوکرین نے اپنے پائلٹوں کو F-16 پر تربیت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔برطانوی رائل ایئر فورس ان طیاروں کو استعمال نہیں کرتی، برطانیہ کا یوکرین کو لڑاکا طیارے دینے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
٭… نارتھ امریکن ایرو اسپیس ڈیفنس کمانڈ (نوریڈ) نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکی لڑاکا طیاروں نے الاسکا کی بین الاقوامی فضائی حدود میں چھ روسی طیاروں کو روک لیا۔ روسی طیاروں میں ٹی یو ۹۵بمبار طیارے، آئی ایل ۷۸ ٹینکر اور ایس یو ۳۵ لڑاکا طیارے شامل ہیں۔روس کی طرف سے اس قسم کی مداخلت معمول کا حصہ ہے، سال میں چھ سے سات دفعہ ایسا ہوتا ہے۔الاسکا ایئر ڈیفنس آئیڈینٹی فکیشن زون (اے ڈی آئی زیڈ) میں روس کی ان اکثر سرگرمیوں کو خطرہ نہیں سمجھا جاتا۔
٭…ایلائی کوہن بائیس سال میں سویڈن کا دورہ کرنے والے پہلے اسرائیلی وزیر خارجہ بن گئے۔ انہوں نے اپنے سویڈش ہم منصب ٹوبیاس بل اسٹروم سے ملاقات کی۔ سویڈن کونسل آف یورپی یونین کا سربراہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سویڈن کا نیٹو میں شمولیت اختیار کرنا یروشلم اور اسٹاک ہوم کے لیے ایک موقع ہے کہ وہ اپنے معاشی تعلقات کو بہتر کریں اور دفاع، جدت اور فِن ٹیک (فنانشل ٹیکنالوجیز) میں تجارت کو مستحکم کریں۔بطور یورپی یونین کونسل سربراہ سویڈن ایران کے جوہری خطرے کے لیے یورپ کا رویہ تبدیل کرسکتا ہے۔
٭…نیوزی لینڈ کے دارالحکومت ویلنگٹن کے ہاسٹل میں آگ لگنے سے دس افراد جھلس کر ہلاک ہوگئے۔ واقعے میں متعدد افراد زخمی جبکہ درجنوں لاپتا ہیں۔باون افراد کو ہاسٹل سے باہر نکال لیا گیا ہے ۔ حکام نے خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ آگ جان بوجھ کر لگائی گئی ہے، آگ بجھانے کے عمل میں ۲۰سے زائد فائر بریگیڈز نے حصہ لیا۔واضح رہے کہ ہاسٹل میں بانوے افراد کی رہائش کی گنجائش ہے۔
٭…لونکیتو نامی دنیا کا معمر ترین جنگلی نر شیر کینیا میں ایک چرواہے کا شکار بن گیا۔ کینیا کے حکام کے مطابق اس جنگلی شیر کی عمر انیس برس تھی جو گذشتہ بدھ کی رات کینیا کے اولکیلونیئٹ گاؤں میں مویشیوں کا شکار کرتے ہوئے چرواہے کا شکار بن گیا اور مر گیا ۔ شیروں کی حفاظتی تنظیم کے مطابق یہ شیر ہمارے ماحولیاتی نظام اور ممکنہ طور پر افریقہ کا معمر ترین نر شیر ہے کیونکہ عموماً شیر کی عمر تیرہ برس ہوتی ہے۔کینیا وائلڈ لائف سروس (کے ڈبلیو ایس) کے ترجمان پال جنارو نے بتایا کہ شیر بوڑھا اور کمزور تھا اور خوراک کی تلاش میں قریبی جنگل سے گاؤں میں داخل ہوا تھا۔
٭…خلیجِ بنگال میں بننے والا سمندری طوفان ’’موچا‘‘ میانمار اور بنگلہ دیش کے ساحلوں سے ٹکرا گیا۔ کیٹگری پانچ شدت کے طوفان کے باعث شدید بارشوں اور تیز ہواؤں سے درخت اکھڑ گئے۔طوفان ’’موچا‘‘ کے پیشِ نظر بنگلہ دیش سے پہلے ہی تقریباً ۳ لاکھ افراد کا انخلاکرا لیا گیا۔ طوفان کے راستے میں آنے والے علاقوں کے ۲۰ لاکھ افراد کے براہِ راست متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
٭…ای کامرس کمپنی ایمیزون نے ڈاؤن سائزنگ کے دوران اپنے بھارت میں قائم دفتر سے تقریباً پانچ سو ملازمین کو نوکری سے فارغ کر دیا۔رواں ماہ اب تک ویب سروسز، ہیومن ریسورسز اور سپورٹ ڈیپارٹمنٹ سے ملازمین کو نکالا گیا ہے جن میں چند ملازمین بھارت سے عالمی ٹیموں کے ساتھ کام کرتے تھے۔عالمی وبا کورونا کے دوران صارفین کی بڑی تعداد میں آن لائن شاپنگ کا رجحان پیدا ہوا تاہم کورونا وبا کے ختم ہونے کے بعد صارفین خریدار ی کی پرانی عادت کی جانب لوٹ رہے ہیں جس کی وجہ سے ای کامرس کی ترقی سست روی کا شکار ہوگئی ہے۔خیال رہے کہ میٹا اور گوگل کی طرح ایمیزون بھی کئی بڑی ٹیک کمپنیوں میں شامل ہے جو ترجیحات کی بنیاد پر اپنے ملازمین کو برطرف کر رہی ہے۔رواں برس جنوری سے اب تک تقریباً اٹھارہ ہزار ملازمین فارغ ہو چکے ہیں۔