خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭… ایرانی پاسداران انقلاب کے کمانڈر انچیف میجر جنرل حسین سلامی نے مشرق وسطیٰ سے امریکی فوج کو نکالنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکیوں نے جنرل قاسم سلیمانی کو شہید کیا لیکن انہیں پہلا جھٹکا لگ چکا ہے اور دوسرا جھٹکا اس خطے سے ان کا مکمل انخلا ہوگا۔اب آخری وار ہونا باقی ہے۔
٭…روس کے نیم فوجی دستے ویگنر گروپ نے یوکرینی شہر باخموت پر قبضے کا دعویٰ کیا ہے۔ سربراہ ویگنر گروپ یوگینی پروگزن نے کہا کہ ۲۰ مئی کو باخموت شہر پر مکمل قبضہ کر لیا گیا ہے۔ یوکرینی دارالحکومت کیف میں روس کا ڈرون حملہ ناکام بنادیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ باخموت کا کنٹرول جلد روسی افواج کے حوالے کر دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ویگنر گروپ کے دستے ۲۵ مئی سے باخموت سے واپسی شروع کر دیں گے۔ یوکرین نے روس کے ویگنر گروپ کا دعویٰ مسترد کر دیا۔ باخموت شہر میں یوکرین اور روسی فوجوں میں لڑائی جاری ہے۔
٭…ایل سلواڈور کے فٹبال اسٹیڈیم میں بھگدڑ مچنے سے۹؍ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے جبکہ ۲؍ افراد کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ اسٹیڈیم میں مقامی ٹورنامنٹ کا میچ شیڈول تھا اور شائقین کے آتے وقت بھگدڑ مچی۔
٭…راجستھان حادثے کے بعد بھارتی فضائیہ نے مگ ۲۱؍ لڑاکا طیاروں کے پورے فلیٹ کو گراؤنڈ کر دیا۔ خیال رہے کہ ۸؍مئی کو سورت گڑھ ایئربیس سے اڑان بھرنے والا مگ ۲۱؍ طیارہ ہنومان گڑھ کے گاؤں میں گر کر تباہ ہوگیا تھا جس میں ۳؍دیہاتی جان سے گئے۔
٭…جدید فنِ تعمیر کے لیے دنیا بھر میں مشہور متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں اب مصنوعی چاند بنانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ اس پراجیکٹ کو ’’مون‘‘ کا نام دیا گیا ہے اور یہ زمین پر رہتے ہوئے خلائی سیٹلائٹ کو دیکھنے کا موقع فراہم کرے گا۔اس پر چار بلین پاؤنڈز سے زائد کی لاگت آئے گی ۔ اس ۳۰؍میٹر بلند عمارت کے اوپر چاند بنایا جائے گا جس کی لمبائی ۲۷۴ میٹر ہو گی۔
٭…سعودی عرب کے شہر جدہ میں بتیسواں عرب لیگ سربراہی اجلاس اختتام پذیر ہوگیا، متفقہ اعلامیہ میں مسئلہ فلسطین کی مرکزیت کا اعادہ کیا گیا اور سوڈان کے حوالے سے غیر ملکی مداخلت کو مسترد کیا گیا۔ عرب لیگ سربراہی اجلاس میں مسئلہ فلسطین، سوڈان، یمن، لیبیا اور لبنان کی پیشرفت و دیگر موضوعات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اعلامیہ میں بیت المقدس سمیت ۱۹۶۷ء میں اسرائیلی قبضے میں لیے گئے تمام عرب علاقوں پر فلسطین کے مکمل اختیار و حق کا اعادہ کیا گیا۔ عرب امن اقدام کو فعال کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔اعلامیہ میں یمن کے تمام بین الاقوامی اور علاقائی کوششوں کی حمایت کا اعادہ کیا گیا۔لبنان کے حوالے سے صدر کے انتخاب کے لیے کوششیں دوبارہ شروع کرنے پر بھی زور دیا گیا۔
٭…شام کے صدر بشار الاسد نے عرب لیگ کے سربراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اجلاس باہمی تعلقات اور حالات کی ازسر نو بحالی کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔ عرب لیگ کے نظام کا عربوں کی امنگوں پرپورا اترنے کے لیے ازسر نو جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔عربوں کے درمیان مصالحتی کردار ادا کرنے پر سعودی عرب کا شکر گزار ہوں۔عرب ممالک کے درمیان باہمی تعلقات اور تعاون کی بحالی کے روشن امکانات پیدا ہو رہے ہیں۔
٭…سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے خطاب کرتے ہوئے شام کے صدر کی بطور مہمان شرکت کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس میں شام کے صدر بشار الاسد کی موجودگی انتہائی پرمسرت ہے۔شہزادہ محمد بن سلمان نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ شامی صدر کی شرکت شام کے لیے امن اور استحکام کا باعث ہوگی۔ سعودی عرب نے خود مختار فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے ہمیشہ ساتھ دیا۔
٭…مکہ مکرمہ کی ابراہیم خلیل روڈ پر واقع ایک ہوٹل میں آگ لگنے سے ۸؍پاکستانی عمرہ زائرین جاں بحق ہوگئے۔پاکستان قونصل ویلفیئر کا کہنا ہے کہ جاں بحق ۲؍عمرہ زائرین کا تعلق وہاڑی اور ۲؍کا قصور سے ہے۔
٭…ترکیہ کے صدارتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہو گیا، رن آف الیکشن کے مرحلے میں بیرون ممالک میں ووٹنگ ۲۴؍مئی تک مکمل ہوگی۔ترکی میں صدارتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لیے ۷۳؍ممالک میں ۱۵۶؍نمائندہ دفاتر میں ووٹ ڈالے جائیں گے، بیرون ملک مجموعی طور پر۳۴۶۱؍بیلٹ بکس لگائے گئے ہیں۔ بیرون ملک ووٹنگ ۲۴؍مئی کو مکمل ہو گی، جاپان، لیتھوانیا اور کرغزستان میں ۲۱؍مئی کی شام تک اور آذربائیجان، قازقستان اور ترکمانستان میں ۲۲؍مئی کی شام تک پولنگ کا عمل جاری رہے گا۔ملک کے اندر پولنگ کا آغاز ۲۸؍مئی کو شروع کیا جائے گا جو بغیر کسی تعطل کے شام ۵؍بجے تک جاری رہے گا، ترکیہ صدارتی الیکشن کے پہلے راؤنڈ میں کوئی بھی امیدوار ۵۰؍فیصد نمائندگی حاصل نہیں کر سکا۔
٭…کونسل آن انٹرنیشنل ریلیشنز کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا کہ روس کو نیچا دکھانے کی کوشش کرنے والے ممالک کے لیڈر احمق ہیں۔مغربی ممالک روس کو درجنوں ریاستوں میں تقسیم کرکے سازش کے ذریعے ہمارے وسائل پر قابض ہونا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری اقتصادی، فوجی، تاریخی ثقافت اور اقدار پر حملے کیے جا رہے ہیں، عوام کے بھائی چارے اور اتحاد میں تفرقہ پیدا کرنے کی کوششیں کی جاری ہیں۔
٭…روس کی جانب سے سابق امریکی صدر باراک اوباما اور صحافیوں سمیت پانچ سو امریکیوں کے ملک میں داخلے پرپابندی عائد کردی گئی ہے۔ روس کی جانب سے عائد پابندی میں متعدد امریکی سینیٹرز، سابق امریکی سفیر اور متوقع چیئرمین جوائنٹ چیفس بھی شامل ہیں ۔ روسی وزارت خارجہ کاکہنا ہے کہ امریکیوں پر ملک میں داخلے پر پابندی روس مخالف اقدامات کا ردعمل ہے، جو بائیڈن انتظامیہ روس پر مسلسل پابندیاں عائد کر رہی ہے، امریکہ کو سمجھ جانا چاہیے کہ ہمارے خلاف ہر حملے کا بھرپور جواب دیا جائےگا۔امریکہ کی جانب سے روس کی دھوکا دہی ، فوجی صنعتی سپلائی چین اور مستقبل میں توانائی کی آمدنی کے خلاف ۳۰۰؍سے زائد پابندیاں عائد کی گئی ہیں ۔عائد پابندیوں کی نئی لہر ۲۲؍افراد، ۱۰۴؍اداروں اور بیس ملکوں یا دائرہ اختیار میں آنے والے علاقوں کو نشانہ بناتی ہے، روس کے خلاف پابندیوں اور اضافی اقتصادی اقدامات کو روکنے کی کوشش کرنے والے اداروں کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔