علمی ریلی جامعۃ المبشرین گھانا
مورخہ ۲۵تا ۲۷؍اپریل کو جامعۃ المبشرین گھانا میں علمی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ طلبہ جامعہ کو چار علمی گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے جن کے نام امانت، دیانت، شجاعت اور صداقت ہیں۔ امسال درج ذیل گیارہ علمی مقابلہ جات کا انعقاد کیا گیا: مقابلہ تلاوت قرآن کریم، اذان، کسوٹی، جغرافیائی معلومات، پیغام رسانی، تقریر فی البدیہہ بزبان انگریزی، حفظ ادعیۃ القرآن، خطباتِ امام کوئز، اردو نظم، فی البدیہہ مضمون نویسی اور حفظِ قصیدہ۔
علمی ریلی کے دوران مجلس علمی کے سیکرٹری عزیزم عیسیٰ عبدالکریم نے طلبہ کی ٹیم کے ساتھ مل کر احسن رنگ میں مقابلوں کے انتظامات کیے۔ چاروں گروپس کے طلبہ اپنے اپنے گروپس کی رنگین شرٹس زیب تن کیے ہوئے ہال کو مزین کررہے تھے۔ اساتذہ جامعہ میں سے مولوی الحسن الحسن احمد صاحب، شیخ ابراہیم شحا صاحب آف لیبیا، حافظ لبیب عبد اللہ صاحب، معلم عبد المجید علی صاحب، مولوی مبارک احمد عادل صاحب، مولوی مبشر احمد اقبال صاحب اور خاکسار رضوان کوثر نے منصفی کے فرائض سرانجام دیے۔ ان مقابلہ جات میں گھانا سے تعلق رکھنے والے عزیزم اوسئی یوسف نورالدین مجموعی طور پر اول رہے اور مثالی طالب علم قرار پائے جبکہ گروپس میں مجموعی طور پر دیانت گروپ اول رہا، صداقت دوم، امانت سوم اور شجاعت گروپ چہار م رہا۔
(رپورٹ: رضوان کوثر۔ استاذ جامعۃالمبشرین گھانا)