گھانا کے اپر ایسٹ ریجن میں سرکٹ و زونل کانفرنسز کا انعقاد
سرکٹ کانفرنس بولگا سرکٹ اپر ایسٹ ریجن
گھانا کے اپر ایسٹ ریجن کا ایک سرکٹ بولگا کہلاتا ہے۔ اس سرکٹ نے ۱۷؍مئی کو سرکٹ لیول پر کانفرنس کا انعقاد بولگاجماعت میں کیا۔ کانفرنس کی صدارت عبداللہ جلال الدین صاحب زونل صدر نے کی۔
کانفرنس میں معلم عبد الجلال ایسل صاحب نے تربیت اولاد کے موضوع پر تقریر کی۔ آپ نے اس امر پر زور دیا کہ بچوں کو اسلامی ماحول میں تربیت دی جائے اور ابتدا ہی سے ان کے دلوں میں قرآن مجید اور آنحضرت صلی اللہ علیہ و سلم کی محبت پید اکی جائے۔
محترم صدر مجلس نے اپنی تقریرمیں کہا کہ والدین جس طرح اپنے بچوں کی دنیاوی تعلیم کے لیے کوشاں ہیں، اسی طرح وہ اپنے بچوں کی دینی تربیت کی فکر کریں اور چھٹی والے دن ہونے والی کلاسز میں ان کو بھیجیں۔ ریجنل مبلغ مولوی محمد کوعی صاحب نے اختتامی دعا کروائی جس کے ساتھ یہ سرکٹ کانفرنس اپنےاختتام کو پہنچی۔ حاضرین کی تعداد ۱۸۵؍ رہی۔ سب کی خدمت میں ریفریشمنٹ پیش کی گئی۔ الحمد للہ علی ذالک
زونل کانفرنس۔ اپر ایسٹ ریجن (والے والےزون)
اپر ایسٹ ریجن کا ایک زون Walewale کہلاتا ہے۔ اس زون نے ۶؍مئی کو زونل کانفرنس کا انعقاد کیا۔ یہ کانفرنس Walewale جماعت میں ہوئی۔ اس کانفرنس کا آغاز ریجنل مبلغ مولوی محمد کوعی صاحب نے مختصر تقریر اور دعا سے کیا۔ آپ نے حاضرین کو بتایا کہ جماعت احمدیہ کے پہلے جلسہ میں ۷۵؍ لوگ شریک ہوئے اور آج کے جلسے میں اس سے کہیں زیادہ لوگ موجود ہیں۔ یہ احمدیت کی سچائی کی بہت بڑی دلیل ہےاور اس امر کا ثبوت ہے کہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا الہام “میں تیری تبلیغ کو زمین کے کناروں تک پہنچاؤں گا” بڑی شان کے ساتھ پورا ہوچکا ہے۔
ریجنل صدر یعقوبو بشیر الرحمان ہلیا صاحب نے حاضرین کو بتایا کہ یہ وہی جگہ ہے جہاں احمدیوں کو جلسہ کرنے کی اجازت نہ تھی۔ اگر وہ جلسہ کرتے تو لوگ ان پر پتھر پھینکتے۔
اس کانفرنس میں معلم حافظ یعقوب صاحب اور معلم ابراہیم آعونی صاحب نے ’’دنیا کے لیے خلافت کے حقیقی معنے‘‘ اور ’’اس جدید دور میں مذہب کی اہمیت‘‘ کے موضوعات پر تقاریر کیں۔
خدا کے فضل سے اس کانفرنس میں پانچ سرکٹ کی مختلف جماعتوں نے شرکت کی۔ موجود احمدی احباب کی تعداد ۶۲۸؍ رہی۔ الحمد للہ
اختتامی دعا کے بعد حاضرین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔
(رپورٹ: فہیم احمد خادم۔ نمائندہ روزنامہ الفضل انٹرنیشنل)