جماعت احمدیہ کوسوو کے نمائندوں کی لیپجان کی میونسپلٹی کے سربراہ سے ملاقات
مورخہ ۲۴؍اپریل ۲۰۲۳ء کو جماعت احمدیہ کوسوو سے مسٹر البان زیکیراج اور مسٹر شکیلقیم بطیقی نے کوسوو کے دارالحکومت کے قریب واقع میونسپلٹی آف لیپجان کے سربراہ سے ملاقات کی۔ جماعت کے نمائندوں نے جماعت کی تاریخ، اقدار اور مقاصد کا جامع تعارف پیش کر کے اجلاس کا آغاز کیا۔ بانئ سلسلہ احمدیہ اور جماعت احمدیہ کے قیام کے تاریخی پس منظر کے بارے میں تفصیلات بیان کیں، کوسوو اور دیگر ممالک میں اسلام کی حقیقی اور پرامن تعلیمات کو فروغ دینے کے لیے منعقد شدہ پروگرامز کا تعارف کروایا۔
حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ کی عالمی سطح پر قیام امن کی کوششوں سے بھی متعارف کروایا کہ کس طرح حضور انورکیپیٹل ہل اور یورپی پارلیمنٹ کے علاوہ دیگر پارلیمانی اداروں میں اپنے خطابات میں اسلام کی پر امن تعلیم پیش کرر ہے ہیں۔
اس کے بعدلیپجان کی میونسپلٹی کے سربراہ کو کوسوو کے دسویں جلسہ سالانہ میں شرکت کی دعوت دی گئی۔ بلدیہ کے سربراہ نے جلسہ سالانہ میں شرکت میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور بلدیہ کے وفد کے ساتھ شرکت کا وعدہ بھی کیا۔ الحمدللہ
ملاقات کے اختتام پر انہوں نے اس موقع کو یادگار بنانے کے لیے تصاویر بھی کھنچوائیں اور مستقبل میں بہتر رنگ میں ساتھ کام کرنے کے لیے ایک مضبوط رشتہ برقرار رکھنے کی باہمی خواہش کا اظہار کیا۔
(رپورٹ: جناح الدین سیف۔ نمائندہ روزنامہ الفضل انٹرنیشنل)