اجتماع مجلس خدام الاحمدیہ سوئٹزرلینڈ ۲۰۲۳ء
مکرم قاسم احمد خاں سراء صاحب مہتمم تبلیغ تحریر کرتے ہیں کہ محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس خدام الاحمدیہ سوئٹزرلینڈ کا سالانہ اجتماع مورخہ ۶ تا ۷مئی ۲۰۲۳ء مسجد نور سے کچھ فاصلہ پر Märstetten کے مقام پر واقع سرکاری سکول میں منعقد ہوا۔
اجتماع کی تیاری کے لیے جنوری کے آغاز میں مکرم ملک شاہد اقبال صاحب صدر مجلس خدم الاحمدیہ سوئٹزرلینڈ نے اجتماع کمیٹی تشکیل دی جس کا نگران مکرم ملک جری اللہ ظفر اللہ صاحب ناظمِ اعلیٰ کو بنایا گیا۔ کمیٹی میں منتظمِ اعلیٰ، سیکرٹری اجتماع، پانچ نائب ناظمینِ اعلیٰ اور متعدد ناظمین کو شامل کیا گیا۔
امسال سیدنا حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نےازراہِ شفقت اجتماع کے لیے موضوع وَاعۡتَصِمُوۡا بِحَبۡلِ اللّٰہِ جَمِیۡعًا وَّلَا تَفَرَّقُوۡا کی منظوری مرحمت فرمائی تھی۔
سالانہ اجتماع سے ایک ہفتہ قبل وقارِ عمل کا آغاز ہو گیا تھا اور ایک روز قبل یعنی ۵؍مئی کو بعد ازنمازِ جمعہ محترم صدر صاحب مجلس خدم الاحمدیہ نےاجتماع کے جملہ انتظامات کا جائزہ لیا اور کارکنان کو انتظامات کےحوالہ سےضروری ہدایات دیں۔
اجتماع کا پہلا روز
پرچم کشائی کی تقریب میں مکرم ولید طارق تارنتسر صاحب امیر جماعت احمدیہ سوئٹزرلینڈ اور صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ سوئٹزرلینڈ نے پرچم بلند کیے اور محترم امیر صاحب نے دعا کروائی۔
پرچم کشائی کے بعد اجتماع کی افتتاحی تقریب کا آغاز محترم امیر کی صدارت میں تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے ہوا۔ اس کے بعد محترم صدر صاحب خدام الاحمدیہ نے عہد دہرایا۔ بعد ازاں نظم پیش کی گئی۔
اس کے بعد محترم امیر صاحب نے افتتاحی تقریر میں حقوق اللہ، حقوق العباد کی ادائیگی اور مالی قربانی کی طرف توجہ دلائی۔ بعد ازاں علمی مقابلہ جات کا آغاز ہوا۔
علمی مقابلہ جات میں تلاوت قرآن کریم، حفظِ قرآن، حفظِ احادیث، نظم، اذان، ترجمۃ القرآن اور کتاب منہاج الطالبین سے کوئزکے مقابلہ جات شامل تھے۔
اجتماع گاہ کے داخلی راستہ پر الصلاۃ نمائش لگائی گئی اور حضور انور ایدہ اللہ کو خط لکھنے کی سہولت بھی میسر تھی جس سے احباب نے خوب استفادہ کیا۔
اسی طرح خدام اور اطفال کی تفریح کا بھی The HUB میں انتظام کیا گیا، جس میں Virtual Reality Simulator اور دیگر سامان موجود تھا۔
سہ پہر کوبعد نمازِ ظہر و عصر ایک سپیشل پروگرام کا انعقاد ہوا۔ اس کے آغاز پر ایک دستاویز ی فلم بعنوان ’’وقت تھا وقتِ مسیحا‘‘ ناظرین کو دکھائی گئی۔ بعد ازاں خاکسار (مہتمم تبلیغ) کی میزبانی میں ایک podium talk ہوا، جس میں محترم امیر صاحب اور مکرم منیر احمد منور صاحب مبلغ انچارج سوئٹزرلینڈ کو مدعو کیا گیا تھا۔ اس میں عہدِ بیعت کی پاسداری، سوئٹزرلینڈ میں اسلام کا تصوّر، دعوت اِلی اللہ کی اہمیت اور ضرورت، تبلیغِ حق کی برکات و ثمرات اور دینی علم حاصل کرنے کی اہمیت، افادیت و ذرائع نیز روحانی، عملی، دینی و اخلاقی اصلاح پر ایمان افروز اور دل نشیں گفتگو ہوئی۔ جس کے بعد کھانا پیش کیا گیا اور نمازِ مغرب و عشاء ادا کی گئی۔
اجتماع کا دوسرا روز
اجتماع کے دوسرے دن کا آغاز باجماعت نماز تہجد سے ہوا۔ نماز فجر کے بعد درس قرآن کریم پیش کیا گیا۔ ناشتہ کے بعد خدام اور اطفال کے ورزشی مقابلہ جات منعقد ہوئے جن میں فُٹ بال، والی بال، دوڑ وغیرہ شامل تھے۔ ان مقابلوں میں خدام نے بڑے ذوق وشوق سے حصہ لیا۔
سالانہ اجتماع میں خدام و انصار کے مابین مختلف علمی و ورزشی مقابلہ جات بھی کروائے گئے۔
نمازظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد محترم صدر صاحب خدام الاحمدیہ کی صدارت میں اختتامی تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا، جس کا اُردو اور جرمن ترجمہ بھی پیش کیا گیا۔ تلاوت کلام پاک کے بعد مکرم صدر صاحب نے خدام کا عہد دہرایا۔ بعد ازاں نظم پیش کی گئی۔
اس کے بعد مکرم ناظمِ اعلیٰ صاحب نے اجتماع کی رپورٹ حاضرین کی خدمت میں پیش کی اور تمام شاملین اور کارکنان اجتماع کا شکریہ ادا کیا۔ اور پھر علمی و ورزشی مقابلہ جات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے خدام اور اطفال میں محترم مبلغ انچارج صاحب نے انعامات تقسیم کیے۔
اجتماع کے آخر میں محترم صدر صاحب نے حقیقی فلاح کے موضوع پر ایک بصیرت افروز تقریر پیش کی اور محترم صدر صاحب کی درخواست پر محترم مبلغ انچارج صاحب نے اختتامی دعا کروائی۔
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور پیارے حضورایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی دعاؤں کے طفیل اجتماع ہر لحاظ سے کامیاب رہا۔ الحمدللہ۔ اللہ تعالیٰ اس اجتماع کے نیک و دُور رس نتائج ظاہر فرمائے۔ آمین
(رپورٹ: صباح الدین بٹ۔ نمائندہ روزنامہ الفضل انٹرنیشنل)