خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭… روس کے زیر قبضہ یوکرینی علاقے خاکووسکایا میں ہائیڈرو پاور سٹیشن کو بموں سے نشانہ بنائے جانے پر ماسکو اور کیف نے ایک دوسرے پر سنگین الزامات عائد کیے ہیں جبکہ روس نےاس معاملے پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس جلد بلانے کا اعلان کیا ہے۔حملے میں کاخوفکا ڈیم کے والو تباہ ہوئے جس سے تین دیہات میں دس فٹ تک پانی کھڑا ہوگیا ہے اور بائیس ہزار افراد نقل مکانی پر مجبور ہیں۔یوکرین کے صدر زیلنسکی نے الزام لگایا ہے کہ روس ماحول کی تباہی پر اتر آیا ہے، جان بوجھ کر ڈیم تباہ کیا گیا ہے۔جبکہ روسی حکام کا کہنا ہے کہ ڈیم نشانہ بنا کر اپنے زیر قبضہ علاقوں کو سیلاب سے متاثر کیوں کریںگے، یوکرینی حملے کا مقصد کرائمیا کو پانی سے محروم کرنا تھا۔
٭…روسی صدر پیوٹن نے اپنے ترک ہم منصب رجب طیب اردوان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ماسکو سے روسی ایوان صدر کریملن کا کہنا ہے کہ روس اور ترک صدور کے درمیان کاخوفکا ہائیڈرولک ڈیم کی تباہی پر تبادلہ خیال ہوا۔ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا کہ کاخوفکا ڈیم کی تباہی انسانی اور ماحولیاتی تباہی ہے۔
٭…امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کا دعویٰ ہے کہ سینٹرل انٹیلیجنس ایجنسی (سی آئی اے) کو زیر سمندر نارڈ سٹریم گیس پائپ لائن تباہ کرنے کے یوکرینی منصوبے کے بارے میں تین ماہ پہلے سے علم تھا۔ایک یورپی ملک کی جاسوس ایجنسی نے سی آئی اے کو پچھلے برس جون میں مطلع کیا تھا کہ یوکرین کی سپیشل آپریشنز فورسز روس سے جرمنی جانے والی نارڈ سٹریم گیس پائپ لائن کو تباہ کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہیں۔ سی آئی اے نے یہ معلومات جرمنی اور دیگر یورپی ممالک سے پچھلے سال جون میں شیئر کیں۔ یاد رہے کہ پچھلے سال ستمبر میں نارڈ اسٹریم گیس پائپ لائن میں دھماکے ہوئے تھے، یہ دھماکے سویڈن اور ڈنمارک کے اقتصادی علاقوں میں ہوئے۔
٭…اسرائیل کی ۷۵ویں سالگرہ کی تقریب کے سلسلے میں سفارت خانہ آئی امریکی نائب صدر کاملا ہیرس نے اسرائیل میں عدالتی اصلاحات سے متعلق بیان دیا جس پر اسرائیلی وزیر خارجہ کی طرف سے سخت ردعمل آیا ہے۔ گذشتہ روز واشنگٹن میں قائم اسرائیلی سفارتخانے میں کاملا ہیرس نے کہا کہ اسرائیل میں جمہوریت کو ایک آزاد عدلیہ کی ضرورت ہے۔امریکہ ان تمام اقدار کی حمایت جاری رکھے گا جو اسرائیل اور امریکہ کے تعلقات میں کلیدی حیثیت رکھتی ہیں۔اس میں ہماری جمہوریتوں کو مضبوط کرنا بھی شامل ہے۔
٭…اسرائیل کے سفیر ایلائی کوہن نے امریکی نائب صدر کے بیان پر ردعمل میں کہا کہ نائب صدر اسرائیل میں عدالتی اصلاحات کی کوئی ایک شق بھی نہیں بتا سکتیں، مجھے نہیں معلوم کہ وہ بل پڑھتی بھی ہیں یا نہیں، میرا خیال ہے کہ نہیں پڑھتیں۔اسرائیلی وزیر خارجہ نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ میں کاملا ہیرس کی بہت عزت کرتا ہوں لیکن عدالتی اصلاحات اسرائیل کا داخلی معاملہ ہے۔اسرائیل کی ریاست جمہوری اور آزاد رہے گی جیسا کہ ہمیشہ سے رہی ہے۔
٭…برطانیہ کے ہیتھرو ایئرپورٹ کے دو ہزار افسران نے تنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب سے اضافے کےلیے رواں ماہ کے آخر سے ہڑتال پر جانے کا اعلان کیا ہے۔ ہڑتال سے ہیتھرو ایئرپورٹ کا ٹرمینل ۳ اور ۵ متاثر ہوگا۔ پہلی ہڑتال ۲۴ اور ۲۵؍جون کو اور آخری ۲۴ سے۲۷؍اگست تک کی جائے گی۔ عید کی چھٹیاں، سکولوں کی تعطیلات اور اگست کے مہینے کے دوران بینکوں کی تعطیلات ایئرپورٹ کی ہڑتال سے متاثر ہوں گی۔
٭…کینیڈا کے صوبے کیوبیک کے جنگلات میں لگی آگ بےقابو ہوگئی جس سے تقریباً ۳.۸ ملین ہیکٹر کا علاقہ جل کر خاکستر ہوگیا۔ تقریباً گیارہ ہزار چا رسو افراد کو محفوظ مقام پر پہنچا دیا گیا ہے جبکہ مزید چار ہزار افراد کا انخلا جاری ہے۔ کینیڈین حکام کے مطابق کینیڈا میں چار سو سے زائد مقامات پر جنگلات میں آگ لگی ہوئی ہے جبکہ اڑھائی سو مقامات پر آگ قابو سے باہر ہے۔ آگ کے سبب کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا اور سب سے بڑے شہر ٹورنٹو میں بھی ہوا کا معیار شدید متاثر ہوا ہے۔کینیڈین حکام کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے گرم اور خشک موسم کا خطرہ بڑھ رہا ہے۔
٭…ہسپانوی ٹینس سٹار مارسل گرینولرز اور ان کے ارجنٹائن کے جوڑی دار ہوراشیو زیبالوس جونیئر نے فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے مینز ڈبلز مقابلوں کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔فاتح جوڑی نے ایونٹ کے کوارٹر فائنل میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف نیدرلینڈز کے ویزلے کولہوف اور ان کے برطانوی جوڑی دار نیل سکوپسکی پر مشتمل ٹاپ سیڈڈ جوڑی کو سٹریٹ سیٹس میں ۳-۶ اور ۶-۷(۴-۷) سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔سیمی فائنل میں فاتح جوڑی کا مقابلہ کروشین ٹینس سٹار آئیوان ڈوڈگ اور ان کے امریکی جوڑی دار آسٹن کریجک پر مشتمل میگا ایونٹ کی فورتھ سیڈ جوڑی سے ہوگا۔ خیال رہے کہ فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے دلچسپ اور کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ فرانس کے دارلحکومت پیرس میں جاری ہے۔