جامعہ احمدیہ قادیان میں تقریب تقسیم اسناد شاہد کا شاندار انعقاد
سیدنا حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کی طرف سے قائم فرمودہ دینی درسگاہ جامعہ احمدیہ قادیان سے امسال اٹھارہ طلبہ شاہد کی ڈگری حاصل کر کے اپنی ٹریننگ مکمل کر کے فارغ التحصیل ہوئے ہیں اور میدان عمل میں خدمت دین بجا لانے جارہے ہیں۔
ان طلبہ کے اعزاز میں جامعہ احمدیہ قادیان کی جانب سے تقریب تقسیم اسناد مورخہ ۲۵؍ مئی ۲۰۲۳ء کو جامعہ احمدیہ قادیان (سرائے طاہر) کے صحن میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر جامعہ احمدیہ قادیان کے اساتذہ و طلبہ کے علاوہ قادیان کے مرکزی دفاتر کے ناظر صاحبان اور افسران صیغہ جات نے بھی شمولیت اختیار کی۔
یہ تقریب ناظر صاحب اعلیٰ قادیان کی زیر صدارت منعقد ہوئی اور قائم مقام ایڈیشنل ناظر صاحب اعلیٰ جنوبی ہند اور ناظر صاحب تعلیم بطور مہمان خصوصی شامل ہوئے۔
تلاوت قرآن مجید، جامعہ کی دعا (جو روز صبح اسمبلی میں دہرائی جاتی ہے) اور نظم کے بعد جامعہ احمدیہ قادیان کی کارگزاری رپورٹ پیش کی گئی۔ پھر حضور انور ایدہ اللہ کا روح پرور خطاب حاضرین کو سنایا گیا جو سیدنا حضور انور ایدہ اللہ نے جامعہ احمدیہ یوکے کے کانووکیشن ۲۰۲۳ء کے موقع پر ارشاد فرمایا تھا۔
ناظر صاحب اعلیٰ قادیان نے اپنی تقریر میں حضرت اقدس مسیح موعودؑ اور حضرت خلیفة المسیح الثانی ؓ کے ارشادات کی روشنی میں مبلغین کی تبلیغی وتربیتی ذمہ داریوں کی طرف طلبہ کو توجہ دلائی۔
تقریب کے اختتام پر جامعہ احمدیہ کے فارغ التحصیل طلبہ میں ناظر صاحب اعلیٰ قادیان نے ’اسناد شاہد‘ تقسیم کیں۔ اس کے بعد جامعہ احمدیہ قادیان کی سالانہ تقریبات میں علمی و ورزشی مقابلہ جات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔دعا کے ساتھ یہ تقریب اختتام پذیر ہوئی۔ الحمد للہ علی ذالک۔
اللہ تعالیٰ فارغ التحصیل ہونے والے تمام مبلغین کرام کو سیدنا حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی اعلیٰ توقعات کے مطابق خدمات سرانجام دینے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین
(رپورٹ: شعبہ پریس اینڈ میڈیا بھارت)
٭…٭…٭