خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭…عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس کو ۹؍روز بعد ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا۔پوپ فرانسس سرجری کے بعد ۹؍روز ہسپتال میں رہے، پیٹ میں تکلیف کی شکایت پر ان کی سرجری کی گئی تھی۔ویٹیکن سٹی سے ترجمان کے مطابق پوپ فرانسس کی مصروفیات اٹھارہ جون تک منسوخ کی گئی ہیں۔
٭…آسٹریلیا نے روس کی طرف سے نئے سفارتخانے کی تعمیر کا راستہ روکنے کے لیے نیا قانون منظور کرلیا۔ روس کے پاس کینبرا میں آسٹریلوی پارلیمنٹ سے صرف ۴۰۰؍میٹر دور ایک زمین لیز پر ہے جہاں وہ نیا سفارتخانہ تعمیر کر رہا تھا۔ حکومت نے عدالت سے رجوع کرکے روسی سفارتخانے کا تعمیراتی کام رکوانے کی کوشش کی لیکن عدالت نے ایسا نہیں کیا۔ نتیجۃًآسٹریلوی حکومت نے ایسے نئے قوانین منظور کیے ہیں جنہیں خاص طور پر روس کے سفارتخانے کی تعمیر رکوانے کے لیے بنایا گیا ہے۔آسٹریلیا کی طرف سے منظور کیے گئے نئے قانون کے تحت روس پارلیمنٹ کے قریب سفارتخانہ قائم نہیں کرسکتا۔ قانون میں تسلیم کیا گیا ہے کہ عمارت کی تعمیر رکوانے پر روس کی مالی طور پر تلافی کی جائے گی۔
٭…نائیجیریا کے شمالی وسطی علاقے میں ایک اوور لوڈ ڈکشتی الٹنے سے پچاس افراد ہلاک اور متعدد لاپتا ہوگئے۔لکڑی سے بنی کشتی ریاست نائجر میں شادی کی تقریب کے بعد دریا کی دوسری جانب ریاست کوارا کی طرف جارہی تھی کہ حادثہ پیش آیا۔ابھی یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ کشتی میں کتنے افراد سوار تھے لیکن کوارا ریاست کے حکام کا کہنا ہے کہ کشتی میں پانچ گاؤں کے افراد سوار تھے۔
٭…مصر کے بحیرۂ احمر میں روسی سیاح پر حملہ کر کے اسے نگلنے والی شارک کو میوزیم میں رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ رواں ماہ بحیرۂ احمر میں شارک نے ایک ۲۴؍سالہ روسی سیاح پر حملہ کر کے اسے نگل لیا تھا۔مصر کی وزارتِ ماحولیات کا کہنا تھا کہ روسی شخص پر ٹائیگر شارک نے حملہ کیا جسے پکڑ لیا گیا اور لیبارٹری میں یہ جاننے کی کوشش کی جارہی ہے کہ شارک نے حملہ کیوں کیا۔ واقعے کے کچھ دن بعد پکڑی گئی شارک کا ماہرین کے ایک گروپ نے پوسٹمارٹم کیا جس سے پتا چلا کہ یہ مادہ مچھلی تھی۔اس کے پیٹ میں شکار ہونے والے روسی نوجوان کے جسم کے کچھ ٹکڑے ملے تھے۔شارک کے جسم پر خوشبو اور مصالحے لگانے کا عمل شروع کردیا گیا ہے اور جیسے ہی یہ ممی بنانے کا عمل مکمل ہوگا تو میوزیم میں لوگوں کو شارک کو دیکھنے کی اجازت ہوگی۔
٭…افغانستان پر حکمران طالبان نے اس ملک سے آخری امریکی فوجی کی رخصتی کے دن کو اب قومی تعطیل قرار دے دیا ہے۔ امریکہ نے تقریباً بیس سالہ تعیناتی کے بعد ۲۰۲۱ء میں اپنے آخری فوجی دستے بھی وہاں سے نکال لیے تھے۔کابل میں طالبان حکومت کے وزیر اعظم کے انتظامی دفتر کے جاری کردہ ایک بیان میں ۱۷؍جون کے روز کہا گیا کہ ملکی کابینہ نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ اس دن افغانستان کے سرکاری کیلنڈر میں قومی تعطیل ہوا کرے گی۔
٭…فرانس کے دورے پر پیرس میں موجود سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور فرانسیسی صدر کے درمیان ملاقات ہوئی۔ دونوں راہنماؤں نے لبنان میں جاری سیاسی بحران کے خاتمے پر زور دیا۔ایوانِ صدر فرانس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ لبنان میں آٹھ ماہ سے صدر کے عہدے کا خالی ہونا تشویش کا باعث ہے۔ لبنان میں ۱۴؍جون کو قانون ساز بارھویں بار بھی صدر منتخب کرنے میں ناکام رہے ہیں۔
٭…بھارتی ریاست گجرات کے ساحلی علاقوں میں طوفان کے بعد سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، دوافراد ہلاک جبکہ بیس سے زائد زخمی ہوگئے۔ بھارتی حکام کے مطابق ساحلی اضلاع میں پانی سڑکوں پر موجود ہے، پندرہ سو دیہات بجلی سے محروم ہیں۔طوفان کے باعث سات سو سے زیادہ مکانات کو مکمل یا جزوی نقصان پہنچا، ساحلی اضلاع سے لوگوں کے انخلا کی وجہ سے زیادہ جانی نقصان نہیں ہوا، ساحلی اضلاع سے ایک لاکھ سے زائد افراد کا انخلا کرا لیا گیا تھا۔یاد رہے کہ سمندری طوفان بپرجوائے گجرات کے ساحلی اضلاع سے جمعرات کی رات ٹکرایا تھا۔
٭…امریکی پابندیوں کے باوجود ایران کی تیل برآمدات نے ۲۰۲۳ء میں نیا سنگ میل عبور کرلیا۔ مئی میں ایران کی خام تیل کی برآمدات ۱۵؍لاکھ بیرل یومیہ رہیں، یہ ۲۰۱۸ء کے بعد سے اب تک سب سے زیادہ ہیں۔ڈیٹا فراہم کرنے والی تنظیم کپلر کے مطابق ۲۰۱۸ء میں تیل برآمدات ۲۵؍لاکھ بیرل یومیہ تھیں، یہ اس وقت کی بات ہے جب امریکہ نے جوہری ڈیل ختم نہیں کی تھی۔یاد رہے کہ ایران نے مئی میں کہا تھا کہ اس نے اپنے خام تیل کی فراہمی کو ۳۰؍لاکھ بیرل یومیہ تک بڑھایا ہے۔واضح رہے کہ چین ایرانی تیل کا سب سے بڑا خریدار ہے جبکہ شام اور وینزویلا نے بھی بڑے پیمانے پر ایران سے تیل خریدا ہے۔
٭…مصری وزارت بین الاقوامی تعاون کے مطابق قاہرہ میں میٹرو ٹرین کے لیے مصر اور جنوبی کوریا میں ۴۶ ؍کروڑ ڈالر کا معاہدہ ہوگیا۔ معاہدے کے تحت مصر کو ۳۲۰ ؍بوگیوں پر مشتمل ۴۰؍ٹرینیں فراہم کی جائیں گی۔ اکنامک ڈیولپمنٹ کوآپریشن فنڈ آف کوریا، ان ٹرینوں کے لیے فنانسنگ کرے گا۔دونوں کمپنیز نے جوائنٹ مینوفیکچرنگ پلانٹ لگانے کا معاہدہ کیا تھا جسے سوئیز کینال اکنامک زون میں تعمیر کیا جائے گا۔ اس پلانٹ میں ۵؍ ہزار مصری شہریوں کو ملازمتیں فراہم کی جائیں گی۔
٭…امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے تصدیق کی ہے کہ۱۱ جون کو شام میں اس کے ایک ہیلی کاپٹر کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں ۲۲ اہلکار زخمی ہوگئے۔ حادثے کے ۱۰ زخمیوں کو علاج کے لیے بڑے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔
٭…یوگنڈا کے ہائی اسکول میں رات گئے دہشتگردوں نے حملہ کرکے ۳۷؍کم عمرطلبہ کو ہلاک کر دیا۔ قومی پولیس ترجمان نے داعش کی ذیلی تنظیم اتحادی جمہوری فورسز (اے ڈی ایف) کو حملے کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ رپورٹ کے مطابق رات کے وقت اے ڈی ایف باغیوں نے لوبیریرا سیکنڈری اسکول پر دہشتگرد حملہ کیا، یہ اسکول کانگو کی سرحد سے ۲؍کلومیٹر دور واقع ہے۔ دہشتگردوں نے ایک ہاسٹل کو آگ لگا دی جبکہ ایک فوڈ اسٹور کو لوٹ لیا۔ دہشتگردوں نے ۶؍بچوں کو اغوا بھی کرلیا۔