لنگے ریجن، سیرالیون میں تین تقاریب آمین کا بابرکت انعقاد
مکرم میر وسیم الرشید صاحب ریجنل مبلغ لنگے ریجن تحریر کرتے ہیں کہ ماہِ دسمبر ۲۰۲۲ءو جنوری ۲۰۲۳ء میں لنگے ریجن کی تین جماعتوں میں آمین پروگرامز کا انعقاد کیا گیا۔ ان تقاریب کے مہمانِ خصوصی مولانا سعید الرحمٰن صاحب مبلغ انچارج و نائب امیر اول سیرالیون تھے۔ ان پروگرامز کی مختصر رپورٹ پیشِ خدمت ہے:
جماعت پے پل، لنگے ریجن
محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۲۱؍دسمبر ۲۰۲۲ء بروزبدھ جماعت پے پَل(Pepel) میں قرآنِ کریم کا پہلا دور مکمل کرنے والے بچوں و بڑوں کی تقریبِ آمین کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت و ترجمہ، اردو نظم سے ہوا۔
بعد ازاں بچوں کے ایک گروپ نے کورس میں نماز باترجمہ سنائی۔ مکرم حسن الحسین سانکو صاحب لوکل مشنری نے مہمانوں کا تعارف کروایا۔ بعد ازاں بچوں اور بچیوں نے اپنا اپنا وعدہ اطفال و ناصرات اور خدام عہد سنایا۔ اس کے بعد مکرم مبلغ انچارج صاحب نے قرآن کریم کا پہلا دور مکمل کرنے والوں سے قرآنِ کریم سُنا اور بچوں کے والدین اور جماعتی عہدیداران نے اسناد تقسیم کیں۔قرآنِ کریم کا پہلا دور مکمل کرنے والوں میں ۲ممبراتِ لجنہ، ۲ ناصرات، ۳ خدام اور ۴؍اطفال سمیت کل ۱۱؍افرادشامل تھے۔
اس کے بعد مکرم مبلغ انچارج صاحب نے مختصر نصائح کے بعد بچوں اور ان کے والدین کو مبارک باد دی اور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔
دعا کے ساتھ اس بابرکت تقریب کا اختتام ہوا جس کے بعد نمازِ ظہر باجماعت ادا کی گئی اور نماز کے بعد شاملین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔ اس پروگرام میں غیر از جماعت سات امام اور mining company کے چیف سیکیورٹی آفیسر بھی اپنی ٹیم کے پانچ افراد کے ساتھ شامل ہوئے۔ کل حاضری ۱۱۰ رہی۔
جماعت روگ بے رے کا بنگورا
مورخہ ۳۱؍دسمبر ۲۰۲۲ء بروز ہفتہ جماعت روگ بے رے کا بنگورا(R(ROGBERAY KA BANGURA)A) میں قرآنِ کریم کا پہلا دور مکمل کرنے والے بچوں و بڑوں کی تقریبِ آمین کاانعقاد کیا گیا۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز صبح ۱۱ بجے ہوا۔
تلاوت و مترنم قصیدہ سے پروگرام کا آغاز ہوا۔ بعد ازاں بچوں کے ایک گروپ نے کورس میں نماز باترجمہ سنائی۔ مکرم مولوی ابو بکر فواد کمارا صاحب نے مہمانوں کا تعارف کروایا۔
اس کے بعد مکرم مبلغ انچارج صاحب نے قرآن کریم کا پہلا دور مکمل کرنے والوں سے قرآنِ کریم سُنا اور بچوں کے والدین اور جماعتی عہدیداران نے اسناد تقسیم کیں۔قرآنِ کریم کا پہلا دور مکمل کرنے والوں میں ایک ناصر، ۳ خدام اور ایک طفل شامل تھے۔ مکرم مولوی ابو بکر فواد کمارا صاحب(لوکل مشنری) کو انہیں قرآن پڑھانے کی سعادت حاصل ہوئی۔فجزاہ اللہ احسن الجزاء
اس کے بعد مکرم مبلغ انچارج صاحب نے اپنی تقریر میں بتایا کہ جن کی آ مین ہوئی ہے وہ باقاعدگی سے قرآن پڑھتے رہیں اور دوسروں کو بھی پڑ ھائیں اور سب کو مبارک دی۔ دعا کے ساتھ اس بابرکت تقریب کا اختتام ہوا جس کے بعد نمازِ ظہر باجماعت ادا کی گئی اور نماز کے بعد شاملین کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔ اس تقریب میں ۷ غیر احمدی اماموں نے بھی شرکت کی جن میں سیکشن امام قابل ذکر ہیں۔جبکہ ۵ جماعتوں سے۱۲۰؍احباب جماعت نے شرکت کی۔
جماعت مسو ئلا، لنگے ریجن
محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ یکم جنوری ۲۰۲۳ء بروز اتوار جماعت مسوئلا (MASOILA) میں قرآنِ کریم کا پہلا دور مکمل کرنے والے بچوں و بڑوں کی تقریبِ آمین کاانعقاد کیا گیا۔ الحمد للہ۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز صبح ۱۱ بجے ہوا۔ تلاوت قرآن کریم، حديث اور نظم کے بعد مکرم محمد عبد اللہ فوفانا صاحب نے مہمانوں کا تعارف کروایا۔بعد ازاں عزیزم یوسف جبریل کونٹے نے ۳۰ چھوٹی احادیث مع ترجمہ پیش کیں۔ پھر عزیزہ فاطمہ کمارا نے مختلف بنیادی دعائیں مع ترجمہ سنائیں۔ پھر اطفال، ناصرات اور لجنہ وعدہ جات اور عہد دہرائے گئے۔ بعد ازاں اطفال اور ناصرات نے کورس میں نماز باترجمہ سنائی۔ پھر ابو بکر مانسیرے اور ان کے ساتھی نے انگریزی نظم سنائی۔
اس کے بعد مکرم مبلغ انچارج صاحب نے قرآن کریم کا پہلا دور مکمل کرنے والوں سے قرآنِ کریم سُنا اوربچوں کے والدین اور عہدیداران نے اسناد تقسیم کیں۔ قرآنِ کریم کا پہلا دور مکمل کرنے والوں میں ۵ خدام اور ۳ اطفال شامل تھے۔ مولوی محمد بنگورا صاحب (لوکل مشنری) اور خاکسار (ریجنل مبلغ) کو انہیں قرآن پڑھانے کی سعادت حاصل ہوئی۔ فجزاہ اللہ احسن الجزاء
اس کے بعد مکرم مبلغ انچارج صاحب نے مختصر نصائح کے بعد بچوں اور ان کے والدین کو مبارک باد دی اور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ دعا کے ساتھ اس بابرکت تقریب کا اختتام ہوا جس کے بعد نمازِ ظہر باجماعت ادا کی گئی اور نماز کے بعد شاملین کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔ اس پروگرام میں ۳ غیر احمدی اماموں کے علاوہ ۴ غیر احمدی اساتذہ اور ایک لوکل چیف، ۵ جماعتوں سے۱۵۰ احباب جماعت نے شرکت کی۔
(رپورٹ : ذیشان محمود۔مبلغ سلسلہ سیرالیون)