خدام الاحمدیہ ریجن رائن لینڈ فالز جرمنی کا سالانہ اجتماع
مجلس خدام الاحمدیہ و اطفال الاحمدیہ جرمنی کے ریجن رائن لینڈ فالز کا ایک روزہ سالانہ اجتماع جماعتی روایات کے ساتھ مورخہ ۶؍مئی ۲۰۲۳ء بروز ہفتہ بمقام Kaiserslautern منعقد ہوا۔ ایک روزہ سالانہ اجتماع میں ریجن کی ۱۷ مجالس کے ۶۹۰ خدام و اطفال نے شرکت کی۔ اجتماع میں شہدائے احمدیت کی ایک تصویری نمائش کا اہتمام بھی کیا گیا تھا جس سے بڑی تعداد میں خدام اور اطفال کو شہدائے احمدیت کی قربانیوں سے متعلق آگاہی ہوئی۔
مورخہ ۶؍مئی بروز ہفتہ اجتماع کا آغاز نماز تہجد اور فجر کی ادائیگی سے ہوا۔ اس کے بعد حسب پروگرام صبح ساڑھے چھ بجے رجسٹریشن شروع ہوگئی اور آنے والے خدام و اطفال کے لیے ناشتے کا انتظام موجود تھا۔ اجتماع کے پروگرام کے مطابق تقریباً آٹھ بجے خدام کے ورزشی اور اطفال کے علمی مقابلے شروع ہوگئے تھے۔ یہ تمام مقابلے ساڑھے گیارہ بجے تک جاری رہے۔
تقریباً بارہ بجے کے قریب پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی۔ مکرم محمد اطہر زبیر صاحب چیئرمین ہیومینٹی فرسٹ جرمنی نے جرمنی کا قومی پرچم لہرایا اور دعا کرائی۔ جبکہ ریجنل قائد صاحب نے لوائے خدام لہرایا۔ اجتماع کی افتتاحی تقریب مکرم چیئرمین صاحب ہیومینٹی فرسٹ جرمنی کی زیر صدارت شروع ہوئی۔ تلاوت قرآن پاک، عہد اور نظم کے بعد صدر مجلس نے اپنی افتتاحی تقریر میں تربیت اور بھائی چارے سے متعلق حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشادات اور واقعات بیان کیے اور تمام خدام و اطفال کو ان پر عمل پیرا ہونے کی تلقین کی۔یہ افتتاحی تقریب پونے ایک بجے تک جاری رہی ۔
افتتاحی تقریب کے بعد خدام کے علمی اور اطفال کے ورزشی مقابلوں کا آغاز ہوا جن میں سب نے بھرپور دلچسپی سے حصہ لیا۔ نمازوں اور کھانے کے بعد علمی وورزشی مقابلوں کے فائنل مقابلے ہوئے جن کا اختتام شام ساڑھے چھ بجے ہوا۔ اسی دوران صدر مجلس خدام الاحمدیہ جرمنی بھی تشریف لے آئے تھے۔ مکرم طارق احمد ظفر صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ جرمنی نے مقام اجتماع کا معائنہ کیا اور علمی وورزشی مقابلوں کے مقامات کا جائزہ لیا، کھانے کا ہال دیکھا اور بعدازاں اجتماع کی اختتامی تقریب کے لیے بالائی منزل پر تشریف لے گئے۔
اجتماع کی اختتامی تقریب مکرم صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ جرمنی کی زیر صدارت شام ساڑھے سات بجے شروع ہوئی۔ تقریب کا آغاز تلاوت، عہد اور نظم سے ہوا۔ مکرم ناظم اعلیٰ صاحب اجتماع نے تیاریوں سے متعلق مختصراجتماع رپورٹ پڑھی۔اس کے بعد مکرم صدر صاحب خدام الاحمدیہ جرمنی نے خدام اور اطفال کوتربیتی نصائح کیں۔ علمی و ورزشی مقابلوں میں نمایاں پوزیشن لینے والے خدام اور اطفال میں انعامات تقسیم کرنے کے بعد دعا کے ساتھ رات تقریباً ساڑھے آٹھ بجے اجتماع اپنے اختتام کو پہنچا۔ الحمد للہ علی ذالک
(رپورٹ: مظفر احمد طاہر۔ نائب ناظم اعلیٰ اجتماع)