بھارت کے صوبہ پنجاب کے دار الحکومت چندی گڑھ میں پیس سمپوزیم کا کامیاب انعقاد
مورخہ ۲۷؍ مئی ۲۰۲۳ء کو پنجاب کے دارالحکومت چندی گڑھ میں ہوٹل “JW Marriot” میں جماعت احمدیہ کی طرف سے Key to Global Peace and Security کے موضوع پر پیس سمپوزیم کا انعقاد کیا گیا۔ یہ پیس سمپوزیم زیر صدارت محترم قائم مقام ایڈیشنل ناظر اعلیٰ جنوبی ہند منعقد ہوا۔
اس سمپوزیم میںچنڈی گڑھ یونیورسٹی کے چانسلر ستنام سنگھ سندھو صاحب نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ ان کے علاوہ مختلف مکاتب ہائے فکر کے معززین اور مذہبی راہنما اور علمی طبقہ سے تعلق رکھنے والے احباب نے بھی شرکت کی۔
قومی ترانہ کے بعد پیس سمپوزیم کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا۔بعد ازاں مہمانان کا استقبال کیا گیا۔ اس کے بعد ایک ڈاکومنٹری دکھائی گئی جس میں جماعت احمدیہ کا تعارف اورقیام امن عالم کے لیے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکی کاوشیں اور زریں ارشادات شاملین کی خدمت میں پیش کیے گئے۔ حاضرین نے اس ڈاکومنٹری کو دلچسپی سے سنا اور جماعتی تعلیمات اور خدمات کو سراہا۔
اس پیس سمپوزیم میں جماعت احمدیہ کے مرکزی نمائندہ نے حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے قیام امن کے متعلق راہنما اصول اور ارشادات پیش کرتے ہوئےدنیا کے موجودہ حالات اور ان کے بداثرات سے نجات حاصل کرنے کے لیے حقوق اللہ اور حقوق العباد کی ادائیگی پر ایک تقریر کی۔
اس پروگرام میںمختلف طبقوں کے راہنماؤں کو بھی قیام امن کے حوالہ سے اپنے خیالات کا اظہار کرنے کا موقع دیا گیا۔
شاملین نے قیام امن کے حوالہ سے جماعت کی کاوشوں اور خدمات کو سراہا اور اس نوعیت کے پروگرامز کے انعقاد کی اہمیت کے حوالہ سے بھی اپنے نیک تاثر ات کا اظہار کیا۔ صدارتی تقریر اور دعا کے ساتھ پروگرام کا اختتام ہوا۔
پیس سمپوزیم ہال کے ایک حصہ میں جماعتی لٹریچر کا اسٹال بھی لگایا گیا اور شاملین پروگرام نے لٹریچر سے بھی استفادہ کیا۔
جماعت احمدیہ کے اس پیس سمپوزیم کی خبریں مقامی اخبارات میں شائع ہوئیں اور نیوز چینلز میں نشر ہوئیں۔اللہ تعالیٰ اس پیس سمپوزیم کے نیک اور دور رس نتائج ظاہر فرمائے۔ آمین
(رپورٹ: شعبہ پریس اینڈ میڈیا بھارت)