جوٹاؤن، واٹرلو ریجن، سیرالیون میں تقریب آمین
مکرم افتخار احمد گوندل صاحب مبلغ واٹر لو ریجن سیرالیون تحریر کرتے ہیں کہ مورخہ ۹؍جنوری ۲۰۲۳ء بروز سوموار جوٹاؤن (Joe Town) واٹر لوریجن میں مولانا سعید الرحمٰن صاحب مبلغ انچارج و نائب امیر اول سیرالیون کی زیر صدارت تقریب آمین منعقد ہوئی۔ Joe Town کی مسجد کے سامنے سائبان لگا کر کرسیوں پر بیٹھنے کا انتظام کیا گیا تھا اور لاؤڈ سپیکر کا انتظام تھا۔ تلاوت قرآن کریم و قصیدہ سے پروگرام کا آغاز ہوا۔ مولوی عبدل کروما صاحب نے مہمانان کرام کا تعارف اور جماعت ممبرز کا تعارف علی کروما صاحب نے کروایا اور عثمان بلا صاحب ہیڈ ماسٹر احمدیہ سکول جوٹاؤن نے ویلکم ایڈریس پیش کیا۔ بچوں نے کورس کی شکل میں نماز مکمل ترجمہ کے ساتھ، قرآن کریم کی دعائیں، آنحضرتﷺ اور حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی چند دعائیں اور احادیث مع ترجمہ اسی طرح وعده اطفال و ناصرات، عہد لجنہ اماء اللہ اور خدام االاحمدیہ زبانی سنائے۔
اس کے بعد مکرم علیوسن بامبا صاحب نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کاعشق رسول ﷺ، مکرم عیسیٰ جوارا صاحب نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور جماعت احمدیہ کا تعارف پر تقاریر کیں۔ علیوسن صاحب نے آیت استخلاف مع ترجمہ پیش کی۔ جس کے بعد مکرم مبلغ انچارج صاحب نے قرآن کریم کی عظمت اس سے پیار اور اس کو سیکھ کر اس پر عمل کرنے کی طرف توجہ دلائی اور جماعت احمدیہ کی اس طرف خاص توجہ اور مساعی کا ذکر کیا۔ بچوں کے والدین، جملہ حاضرین اور غیر از جماعت احباب کا بطور خاص شکریہ ادا کیا۔ آخر میں تمام طلبہ سے قرآن کریم سنا، اسناد پیش کیں اور انعامات بھی دیے گئے۔ جس پر بچوں کے والدین اور معززین نے بہت خوشی کا اظہار کیا۔ قرآن کریم کا پہلا دور مکمل کرنے والے کل ۲۵؍ طلبہ تھے۔ جن میں سات ناصرات، ایک ممبر لجنہ، گیارہ اطفال اور چھ خدام شامل ہیں۔ دعا کے ساتھ اس بابرکت تقریب کا اختتام ہوا اور نماز ظہر کی ادائیگی کے بعد جملہ حاضرین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔ اس پروگرام میں واٹر لو ریجن کی نوجماعتوں سے ۳۷۰؍احباب سمیت سات غیر از جماعت ائمہ کرام اور ستّر غیر از جماعت احباب نے شرکت کی۔
(رپورٹ : ذیشان محمود۔مبلغ سلسلہ سیرالیون)