خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭…سپین کے کینری جزائر کی طرف جانے والی تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے سے ایک بچہ جاں بحق ہوگیا۔ہسپانوی حکام کے مطابق کشتی میں سوار چوبیس مسافروں کو بچا لیا گیا ہے۔ کشتی پر۵۹؍ افراد سوار تھے، لاپتا افراد کی تلاش جاری ہے۔یاد رہے کہ چند روز قبل یونان میں تارکین وطن کی کشتی الٹنے سے سینکڑوں افراد ہلاک ہوئے تھے جن میں کئی پاکستانی بھی شامل ہیں۔
٭…یونان میں گرفتار کشتی حادثے کے نو مبینہ ملزمان پر انسانی سمگلنگ کا الزام عائد کردیا گیا۔عدالت نے ملزمان کا ریمانڈ بھی دے دیا۔ ملزمان کی عمریں ۲۰ سے ۴۰؍سال کے درمیان ہیں اور ان کا تعلق مصر سے ہے۔ ملزمان پر قتل اور جرائم پیشہ تنظیم بنانے کے الزامات ہیں، جرم ثابت ہونے پر انہیں عمر قید کی سزا ہوسکتی ہے۔ کشتی حادثے میں اموات کی تعداد ۸۲؍ہوگئی ہے، ۱۰۴؍کو بچالیا گیا تھا جبکہ سینکڑوں افراد تاحال لاپتا ہیں۔ اطلاعات کے مطابق کشتی میں چار سو سے ۷۵۰؍مسافر سوار تھے۔
٭…فرانس کے دارالحکومت پیرس میں زوردار دھماکے سے تیس افراد زخمی ہوگئے، چار زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ دھماکے سے گرنے والی عمارت کے ملبے تلے دو افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔ پولیس نے لوگوں کو متاثرہ علاقے سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔ دھماکے کے بعد ایک عمارت کا اگلا حصہ زمین بوس ہوگیا جبکہ متعدد عمارتوں میں آگ لگ گئی۔ سیکیورٹی فورسز اور فائر ٹینڈرز جائے وقوعہ پر موجود ہیں۔
٭…الجزائر کی عدالت نے سابق وزیراعظم نورالدین بدوی کو بدعنوانی کے الزام میں پانچ سال قید کی سزا سنا دی۔ سابق وزیر صحت عبدالمالک کو بھی بدعنوانی کے الزام میں پانچ سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ دونوں شخصیات پر دس دس لاکھ الجزائری دینار کا جرمانہ بھی کیا گیا ہے۔
٭… صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی بطور چیف جسٹس آف پاکستان تعیناتی کی منظوری دے دی۔تعیناتی کا اطلاق ۱۷؍ستمبر۲۰۲۳ء سے جسٹس عمر عطا بندیال کی ریٹائرمنٹ سے ہو گا۔صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی بطور چیف جسٹس تعیناتی آئین کے آرٹیکل ۱۷۵؍ اے ۳ کے تحت کی ہے۔
٭…امریکی قرض کے اعداد و شمار جاری کردیے گئے جس کے مطابق ۱۵؍جون تک امریکہ کا قرض بتیس ہزار ارب ڈالر سے زائد ہے۔رپورٹس کے مطابق امریکی قرض چین، جاپان، جرمنی اور برطانیہ کی سالانہ پیداوار سے زیادہ ہے اور امریکہ یومیہ دو ارب ڈالر اپنے قرض کا سود دے رہا ہے۔ امریکی قرض کی فی کس اوسط دو لاکھ ۴۴؍ہزار ڈالر ہے اور رواں سال امریکہ کا یکم جون سے ۱۵؍جون تک ۵۷۲؍ارب ڈالر قرض بڑھا ہے۔ واضح رہے کہ رواں ماہ امریکی سینیٹ نے قرض کی حد بڑھانے اور بجٹ میں کٹوتیوں کے پیکجکی حتمی منظوری بھی دی تھی۔
٭…۲۲؍جون کو سال کا طویل ترین دن جبکہ مختصر ترین رات ہوئی۔ ماہر ین فلکیات کے مطابق اس روز دن کا دورانیہ چودہ گھنٹے جبکہ رات دس گھنٹوں کی ہوئی۔یکم جولائی کے بعد دن کا دورانیہ بتدریج کم ہونا شروع ہوجائےگا اور ۲۲؍ستمبر کو دن اور رات کا دورانیہ برابر ہوجاتا ہے۔۲۳؍ستمبر کے بعد راتوں کے دورانیے میں اضافہ اور دن مختصر ہونا شروع ہوجاتے ہیں۔یاد رہے کہ اسی طرح ۲۲؍دسمبر سال کا مختصر ترین دن اور رات طویل ترین ہوتی ہے۔
٭…مشرقی اونٹاریو میں کینیڈا کا فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا۔ہیلی کاپٹر میں سوار ایئرفورس کے دو فوجی افسران لاپتا ہوگئے، جن کی تلاش جاری ہے۔محکمہ قومی دفاع کا کہنا ہے کہ سی ایچ ۱۴۷؍چینوک ہیلی کاپٹر میں ایئرفورس کے چار افسران سوار تھے جب دارالحکومت اوٹاوا سے ۱۶۰؍کلومیٹر دور دریائے اونٹاریو کے قریب ہیلی کاپٹر تباہ ہوگیا۔ چاروں افسران ٹریننگ فلائٹ کا حصہ تھے، ریسکیو ٹیم نے دو افسران کو برآمد کرکے ہسپتال منتقل کر دیا تھا لیکن دو اب بھی لاپتا ہیں۔محکمہ دفاع نے کہا کہ کینیڈا کی مسلح افواج کے پچاس اہلکار دو لاپتا افسران کو سمندر اور زمین پر تلاش کر رہے ہیں۔
٭…ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے قطر اور عمان کا دورہ کیا۔ دوحہ میں ان کی ملاقات قطری امیر شیخ تمیم سے ہوئی جس میں دو طرفہ تعلقات پر بات چیت کی گئی۔ شیخ تمیم نے ایران اور قطر کے درمیان مضبوط تعلقات کو سراہا اور کہا کہ معاشی شعبے میں تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ نے دونوں اقوام کے درمیان سیاسی تعلقات کو شاندار قرار دیا اور کہا کہ دو طرفہ تجارتی تعلقات کو دوستانہ ہونا چاہیے۔ دونوں شخصیات نے شعبہ ٹرانسپورٹ میں تعاون بالخصوص میری ٹائم سیکٹر میں ٹرانسپورٹیشن پر بات چیت کی۔
٭…یوروپا لیگ فائنل کے بعد انگلش ریفری انتھونی ٹیلر سے بدتمیزی کرنے پر فٹ بال کلب روما کے کوچ پر چار میچوں کی پابندی عائد کر دی گئی۔José Mourinho پر ریفری کے ساتھ توہین آمیز سلوک اور گالم گلوچ کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ دونوں کلبوں کو میچ کے دوران اپنے مداحوں اور کھلاڑیوں کے طرز عمل پر بھی کئی الزامات کا سامنا کرنا پڑا۔روما پر اگلے سیزن کے ایک یورپی میچ کے لیے اپنے شائقین کو ٹکٹ فروخت کرنے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے اور ان پر اشیاء پھینکنے اور اپنی ٹیم کے نامناسب طرز عمل کے الزامات کے بعد پچپن ہزار یورو جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔