جماعت احمدیہ کوسوو کے مرکز میں پولیس یونین کے صدرکا دورہ
مورخہ ۵؍ جون ۲۰۲۳ءکو کوسوو پولیس یونین کے معزز صدر لیفٹیننٹ عمیر ذکیری نے پرشتینا میں واقع جماعت احمدیہ کوسوو کے مرکز کا دورہ کیا۔اس ملاقات میں موصوف کو جماعت احمدیہ کی عالمی سطح پر اور خاص طور پر کوسوو میں خدمات، سرگرمیوں، بشمول پرشتینا، پیجا، اور متروویکا سے متعارف کروایا گیا۔ لیفٹیننٹ ذکیری صاحب کو جماعت کی طرف سے ماہانہ منعقد ہونے والے مذہبی اور ثقافتی پروگرامز کے حوالے سے جامع معلومات فراہم کی گئیں، خاص طور پر اسلام کی پُرامن تعلیمات سے آگاہ کیا گیا جو تشدد، بنیاد پرستی (Fundamentalism) کے نظریے کو واضح طور پر مسترد کرتی ہیں۔
مزید برآں، لیفٹیننٹ صاحب کو کوسوو میں ہیومینٹی فرسٹ کی طرف سے پوری دنیا میں کی جانے والی قابل تحسین انسانی کوششوں کے بارے میں معلومات فراہم کی گئیں۔ ہیومینٹی فرسٹ جرمنی کی طرف سے اپریل ۲۰۲۰ء میں وبائی امراض کے ابتدائی مراحل کے دوران کوسوو پولیس یونین کو وافر مقدار میں حفظان صحت کا ضروری سامان عطیہ کیا گیا۔موصوف نے تہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئےاس بات کا بھی اظہار کیا کہ موصول ہونے والی امداد جس میں ماسک، دستانے اور جراثیم کش ادویات شامل ہیں، آج کی مارکیٹ میں ایک ملین یورو کی تخمیناً قیمت سے کہیں زیادہ ہے(جو ہیومینٹی فرسٹ نے مفت مہیا کی)۔
اس کے علاوہ لیفٹیننٹ صاحب نے جماعت احمدیہ کوسوو کے نمائندوں کو کوسوو پولیس یونین کے طریقہ کار، مشن، مطالبات، چیلنجز اور حقوق سے آشنا کروایا۔ وہ جماعت کے ماٹو ’’محبت سب کے لیے نفرت کسی سے نہیں‘‘ سے بہت متاثر ہوئے اور اس بات پر زور دیا کہ اگر اس ماٹو کو عالمی سطح پر اپنا لیا جائے تو دنیا امن کا گہوارہ بن جائے۔
میٹنگ کےاختتام پر فریقین نے باقاعدہ رابطہ برقرار رکھنے اور مستقبل میں سلامتی کو فروغ دینے کی اپنی باہمی خواہش کا اظہار کیا۔
(رپورٹ: جناح الدین سیف۔ نمائندہ روزنامہ الفضل انٹرنیشنل)