ماہِ مارچ و اپریل میں جامعۃ المبشرین سیرالیون کی سرگرمیاں
وقف عارضی
مکرم اثمار احمد صاحب استاد جامعۃ المبشرین سیرالیون تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے طلبہ جامعۃ المبشرین سیرالیون کو رمضان المبارک کے دوران اپنے اپنے ریجنز میں وقف عارضی کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ علی ذالک۔ اس حوالے سے جامعۃ المبشرین کی پہلی تین کلاسز درجہ اولیٰ کے ۱۸، درجہ ثانیہ کے ۱۳ اور درجہ ثالثہ کے ۶، کُل ۳۷ طلبہ وقفِ عارضی کے لیے تشریف لے گئے۔
طلبہ مورخہ ۲۱؍ مارچ ۲۰۲۳ء کو روانہ ہوئے۔ اس وقفِ عارضی کا بنیادی مقصد رمضان المبارک کے دوران مساجد میں عبادات اور خصوصاً نمازِ تراویح کا قیام تھا۔ دوران وقف عارضی طلبہ نے مساجد میں پنجوقتہ نمازوں کے ساتھ ساتھ نماز تہجدو تراویح، تلاوت قرآن کریم، دروس القرآن، دروس الحدیث، قرآن کلاسز، دینی معلومات کلاسز اور خدام کلاسز کا انعقاد کیا۔ احمدی احباب سے بھی انفرادی رابطے کیے اور انہیں مسجد سے جوڑا۔ مجالس سوال و جواب اور جلسہ ہائے سیرۃ النبی صلی اللہ علیہ وسلم کا اہتمام کیا۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کےخطبہ جمعہ کوسننےکے لیے احمدیہ مسلم ریڈیو سے احباب کو منسلک کیا۔نیز حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی خدمت میں دعائیہ خطوط لکھوائے۔ دوسری جانب تبلیغی و تربیتی دورہ جات بھی کیے جن میں غیر از جماعت افراد سے رابطے کر کے انہیں پیغام حق پہنچایا اور بیعتیں کروانے کی توفیق ملی۔ ۲۱؍ اپریل ۲۰۲۳ءکو نماز عید ادا کی گئی۔ ۲۶؍ اپریل کو طلبہ واپس جامعۃ المبشرین میں حاضر ہوگئے۔مدرسۃ الحفظ سیرالیون کے چھ طلبہ نے بھی اپنی جماعتوں میں وقفِ عارضی کی اور اپنے اپنے حفظ شدہ حصے کا تراویح میں دور مکمل کیا۔
مجلس ارشاد کے تحت تقریب بسلسلہ یوم آزادی سیرالیون
۱۷؍ اپریل ۱۹۶۱ء کو سیرالیون نے برطانوی حکومت سے آزادی حاصل کر کے خود مختار ریاست کی حیثیت حاصل کی۔ اس سلسلہ میں ملک بھر میں قومی و نجی تقریبات کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ مورخہ ۲۷؍ اپریل ۲۰۲۳ء کو مجلس ارشاد کے زیرِانتظام سیرالیون کا ۶۲واں یومِ آزادی بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ اس حوالہ سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ مکرم مبارک احمد گھمن صاحب پرنسپل جامعۃ المبشرین کی زیرِ صدارت پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور قومی ترانہ سے ہوا۔ پہلی تقریر مولوی مورلائی فورنا صاحب استاد جامعہ احمدیہ نے حب الوطن من الایمان کے عنوان پر کی۔دوسری تقریرمیں مولوی عبد الہادی قریشی صاحب نے جماعت احمدیہ کی سیرالیون میں خدمات پر روشنی ڈالی۔ آخر میں پرنسپل صاحب جامعہ احمدیہ سیرالیون نے طلبہ کو اپنے ملک کا حقیقی وفادار اور ذمہ دار شہری بننے کی تلقین کی۔ دعا کے ساتھ اس تقریب کا اختتام ہوا۔ الحمدللہ
(رپورٹ: سید سعید الحسن شاہ۔نمائندہ روزنامہ الفضل انٹرنیشنل)