نیشنل ریفریشر کورس مبلغین و معلمین کرام، آئیوری کوسٹ
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مورخہ ۱۰ اور۱۱؍مئی۲۰۲۳ءبروزہفتہ واتوار آئیوری کوسٹ میں مبلغین و معلمین کرام کے دوسرے نیشنل ریفریشر کورس کا اہتمام کیا گیا۔اس سے قبل ۲۰۲۰ء میں مرکزی ہدایت پر اس سلسلہ کا آغاز کیا گیا تھاتاہم کورونا کے باعث لمبا عرصہ اس کو جاری نہ رکھا جاسکا۔ریفریشر کورس کے لیے سنٹرل مبلغین کرام ومعلمین کرام مورخہ ۱۰؍ مئی بروز ہفتہ نماز ظہر تک پہنچ گئے۔ ریفریشر کورس کا باقاعدہ آغاز نماز ظہر و عصر کی ادائیگی اور کھانے کے بعد سہ پہر تین بجے تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔مکرم عبدالقیوم پاشا صاحب امیر و مبلغ انچارج آئیوری کوسٹ نے مرکز سے موصولہ نئے عہدنامہ برائے عہدیداران کو پڑھا اور تمام حاضرین نے اس عہد کو دہرایا۔ عہد کے بعد امیر صاحب نے افتتاحی تقریر میں واقفین خصوصا ًمبلغین و معلمین کرام کے لیے خلفائےکرام کی بیان فرمودہ نصائح پیش کیں نیز حال ہی میں جامعہ احمدیہ یو کےکی تقریب تقسیم اسناد سے حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے بیان فرمودہ خطاب کے پر معارف نکات بھی پیش کیے۔
مکرم باسط احمد صاحب مبلغ سلسلہ بواکے ریجن (Bouaké) نے ہستی باری تعالیٰ پر تقریر کی جس میں اللہ تعالیٰ کے وجود کو دلائل کے ساتھ ثابت کیا۔ اس کے بعد حاضرین نے اس موضوع کے متعلق سوالات کیے جن کے جواب بھی دیے گئے۔بعدازاںنیشنل عاملہ کے ممبران نے باری باری اسٹیج پرآکر اپنے اپنے شعبوں کا تعارف اوران کے تحت کیے جانے والی ملکی مساعی کا جائزہ پیش کیا اور ساتھ ہی حاضرین سے اس سلسلہ میں بہتری کے لیے تجاویز بھی لیں۔پہلے دن جن شعبہ جات کا تعارف ان کے سیکرٹریان نے پیش کیا وہ درج ذیل ہیں: کریم جوارا صاحب(سیکرٹری تعلیم القرآن و وقف عارضی نیز سیکرٹری تبلیغ)، جابی مصطفیٰ صاحب(سیکرٹری تعلیم و ضیافت نیزنیشنل صدر خدام الاحمدیہ)،جابی عبدالرحمان صاحب(سیکرٹری تربیت)۔
نمازوں کی ادائیگی کے بعد جامعہ احمدیہ یوکے کی سالانہ تقریب تقسیم اسناد ۲۰۲۳ء بزبان فرنچ اس پروگرام کا حصہ تھا، جسے تمام شاملین نے دیکھا نیز پیارے آقا کا اس تقریب سے خطاب بھی بزبان فرنچ سنا۔بعد ازاں عشائیہ پیش کیا گیا۔
دوسرے دن کا آغاز باجماعت نماز تہجد سے ہوا۔ نماز فجر کے بعد صادق احمد لطیف صاحب مبلغ سلسلہ نے درس بعنوان واقفین زندگی کی ذمہ داریاں دیا۔ناشتہ کے بعد صبح آٹھ بجے دوسرے دن کے پروگرام کا آغاز مکرم امیر صاحب کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم سےہوا۔ اس کے بعد خاکسار(مبلغ سلسلہ ریجن ساں پیدروSan-Pedro)نے ’’مختصر حالات زندگی حضرت مسیح موعودؑ نیز آپؑ کا مقام و مرتبہ‘‘ کے عنوان پر فرنچ میں تقریر کی اور بعد از تقریر سوالات کے جواب دیے۔ عبدالسلام طورے صاحب مبلغ سلسلہ دلوا(Daloa) ریجن نے’’اسلام کا تعارف‘‘ کے عنوان سے تقریر کی اور پھر سوالات کے جواب دیے۔ صادق احمد لطیف صاحب مبلغ سلسلہ ریجن ابنگرو(Abangorou) نے زکوٰۃ کی اہمیت و شرح کے عنوان سے تقریرکی جس کے بعد موجودہ حالات میں زکوٰۃ کے مختلف مقررہ نصاب پیش کیے اور ان کی تفصیل سے آگاہ کیا اور ساتھ ہی ساتھ کیے جانے والے سوالات کے جوابات بھی دیے۔ رافع احمد صاحب مبلغ سلسلہ ریجن ابوبو (Abobo)نے جماعت میں جاری مالی نظام اور مختلف لازمی و دیگر مالی تحریکات کا مختصر تعارف پیش کیا جس کے بعد یحییٰ وتراصاحب نیشنل سیکرٹری مال نے اس حوالے سے شعبہ کی کارگذاری پیش کی۔ نماز ظہر تک مختلف نیشنل سیکرٹریان نے اپنے اپنے شعبہ جات کا تعارف اور کارگذاری سے آگاہ کیا نیز کام میں بہتری کے لیے مبلغین و معلمین کرام نے تجاویز بھی دیں۔ تعارف پیش کرنے والے سیکرٹریان درج ذیل ہیں:کیےماعمر صاحب (جنرل سیکرٹری)، تیرو ابراہیم صاحب (نیشنل سیکرٹری جائیداد و رشتہ ناطہ،نیشنل صدر انصار اللہ)،فوفانا ابراہیم صاحب(سیکرٹری اشاعت)، دامبلے محمدصاحب (نائب سیکرٹری مال) اور کونے داؤد صاحب (سیکرٹری تجارت)۔
نماز ظہر و عصر کی باجماعت ادائیگی کے بعد کھانا پیش کیا گیا۔جس کے بعد چائے کا وقفہ ہوا۔تین بجے ریفریشر کورس کے تیسرے سیشن کا آغاز ہوا جس میں اولاً کچھ سیکرٹریان نے اپنے اپنے شعبہ جات کا تعارف کروایا جن میں جاکیتےآدم صاحب(سیکرٹری امور عامہ)، سلوئے سلیمان(سیکرٹری تحریک جدید)، کونے نوسمبیئے(سیکرٹری اشاعت و سمعی بصری)،سےدوگو یونس صاحب(سیکرٹری وقف نو) اور یحییٰ وترا صاحب (نیشنل صدر ہیومینٹی فرسٹ )شامل ہیں۔تعارف شعبہ جات کے بعدریفریشر کورس کا اہم حصہ فقہی مسائل تھا جس کے لیے پہلے سے منتخب مبلغین کرام باسط احمد صاحب،صادق احمد صاحب نیز سلطان احمد صاحب پر مشتمل ٹیم نے نماز کے متعلق بدعات،دم درود، تسبیحات و دیگر چند موضوعات پر حضرت مسیح موعودؑ نیز خلفائے کرام کے ارشادات پیش کیے۔ساتھ ساتھ اس سلسلہ میں پوچھے گئے سوالات کے جواب بھی دیے جاتے رہے۔ بعد ازاں جیالو احمد صاحب معلم سلسلہ نے غیر از جماعت کے پیچھے نماز پر فقہی مسائل بیان کیے۔ اس کے بعد امیر صاحب نے اختتامی تقریر کی۔ دعا کے ساتھ پروگرام کا اختتام ہوا۔اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ اس ریفریشر کورس کے بہترین نتائج پیدا فرمائے ۔آمین
(رپورٹ:عبد النور۔ نمائندہ روزنامہ الفضل انٹرنیشنل)