جماعت احمدیہ گنی بساؤ کی چوتھی مجلس شوریٰ کا کامیاب انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ گنی بساؤ کو مورخہ ۲۱؍ مئی ۲۰۲۳ء بروز اتوار چوتھی مجلس شوریٰ دارالحکومت بساؤ میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ امسال مجلس شوریٰ میں ملک کی متعدد جماعتوں سے منتخب نمائندگان ،مشنریز اورمعلمین سلسلہ نے شرکت کی ۔
شوریٰ کے اجلاس کا آغاز صبح گیارہ بجے زیر صدارت مشنری انچارج مکرم محمد احسن میمن صاحب ہوا۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد انہوںنے افتتاحی اجلاس میں مجلس شوریٰ کی اہمیت اور نمائندگان مجلس شوریٰ پر عائد ہونے والی ذمہ داریوں کی طرف حضرت خلیفةالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطبہ جمعہ فرمودہ ۱۲؍ مئی ۲۰۲۳ء بابت شوریٰ کی روشنی میں نمائندگانِ شوریٰ کو توجہ دلائی۔ اس کے بعد دعا کروائی گئی اور پھر شوریٰ کے پروگرام کا باقاعدہ آغاز ہوا۔
سب سے پہلے سیکرٹری مال محمد کمرا صاحب نے ۲۰۲۳-۲۰۲۴ء کے بجٹ کی تفصیل پیش کی۔ گذشتہ سال حاصل ہونے والے اہداف کا ذکر کیا اور آئندہ سال کے بجٹ کے حوالے سے لائحہ عمل تیار کیا گیا اور اس پر بحث کی گئی ۔اس کے بعد امسال جو تین تجاویز حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے منظور شدہ ہیں ان پر کس طرح عمل درآمد کروانا ہے اس حوالے سے بحث کی گئی اور اس کے مطابق لائحہ عمل تیار کیا گیا ۔ آخر پر تمام ممبران و نمائندگان کو اس طرف توجہ دلائی گئی کہ زیر بحث تجاویز پرجو لائحہ عمل بھی پیارے حضور انورایدہ اللہ تعالیٰ سے منظور ہو کر آئےاس پرہر نمائندہ نے اپنی جماعتوں میں بھرپور طریقے سے عمل درآمد کروانے کی ہر ممکن کوشش کرنی ہے ۔
دعا اور نماز کی ادائیگی کے بعد مہمانان کرام کو کھانا پیش کیا گیا۔ کھانے کے بعد تمام مشنریز اور معلمین سلسلہ کی مشنری انچارج صاحب کے ساتھ میٹنگ ہوئی۔
اللہ تعالیٰ تمام ممبران شوریٰ کو خلیفہ وقت کا حقیقی سلطان نصیر بنائے اور دین احمد کا جھنڈا ہر میدان میں بلند کرنے والے ہوں ۔آمین
(رپورٹ:زاہد احمد بھٹی ۔مبلغ سلسلہ گنی بساؤ)