خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭… امام جماعت احمدیہ امیرالمومنین حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اپنے خطبہ جمعہ فرمودہ ۷؍جولائی ۲۰۲۳ء کے اختتام پر فلسطین، سویڈن اور فرانس میں جاری کشیدگی کی طرف توجہ دلاتے ہوئے مسلم امہ کے باہمی اتحاد اوردعاؤں کی تحریک فرمائی۔(تفصیل کے لیےملاحظہ ہو صفحہ اوّل)
٭… عراق کی سپریم جوڈیشل کونسل نے سویڈن میں گذشتہ ہفتے قرآن پاک کے اوراق جلانے کے گھناؤنے جرم میں ملوث شخص کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔عراق میں سپریم جوڈیشل کونسل کی طرف سے جاری میمورنڈم میں وزارت داخلہ کو فوری طور پر عرب اور بین الاقوامی پولیس ڈائریکٹوریٹ کو ملزم سلوان صباح متی مومیکا کی گرفتاری کے وارنٹ کے بارے میں آگاہ کرنے کا کہا گیا ہے۔دوسری جانب عراقی وزارتِ خارجہ کے ترجمان احمد الصحاف نے کہا ہے کہ قرآن پاک کی توہین کرنے والا عراقی ہے، اس لیے وہ سویڈش حکام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اسے عراقی حکومت کے حوالے کیا جائے تاکہ اس پر عراقی قانون کے مطابق مقدمہ چلایا جا سکے۔
٭… قرآنِ کریم کی بے حرمتی کے واقعے کے خلاف عالمگیر سطح پر احتجاج کیے جانے کے بعد سویڈن نے قرآن کریم اور دیگر مقدس صحیفوں کی بے حرمتی کو جرم قرار دینے پر غور شروع کر دیا۔ سویڈن کے وزیرِ انصاف گوناراسٹرومر کے مطابق قرآنِ پاک کی بے حرمتی کے حالیہ واقعے نے سویڈن کی سلامتی کو نقصان پہنچایا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سویڈن کی حکومت اس بات کا جائزہ لے رہی ہے کہ آیا وہ قرآنِ پاک یا دیگر مقدس کتابوں کی بے حرمتی کو غیر قانونی قرار دے سکتی ہے۔
٭…بیجنگ میں میڈیا سے گفتگو کے دوران امریکی وزیر خزانہ جینٹ ییلن (Janet Yellen) نے کہا ہے کہ ایک ساتھ رہنے اور عالمی خوشحالی میں حصہ لینے کا راستہ تلاش کرنا امریکہ اور چین کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان اعلیٰ سطح کے مذاکرات پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی تجارتی پابندیوں کا مقصد چین پر معاشی فائدہ حاصل کرنا نہیں۔
٭… کینیڈا میں خالصتان تحریک کے سکھ راہنما کو گوردوارے کے احاطے میں دو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا۔ ہردیپ سنگھ نجر سَرے شہر میں گرو نانک سکھ گوردوارے کے صدر تھے۔وہ خالصتان ٹائیگر فورس کے چیف بھی تھے ۔ ۴۶؍سالہ ہردیپ بھارتی پنجاب کے شہر جالندھر سے تعلق رکھتے ہیں۔انہوں نے بریمپٹن شہر میں خالصتان ریفرنڈم منعقد کروانے میں مرکزی کردار ادا کیا تھا۔خالصتان ٹائیگر فورس کے سربراہ ہردیپ سنگھ کے کینیڈا میں قتل پر سکھوں کی جانب سے بھارتی ہائی کمیشن لندن پر احتجاج کیا گیا ہے۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ سکھوں کو خالصتان کی آزادی سے باز نہیں رکھا جا سکتا۔ واضح رہے کہ بھارت کی نیشنل انویسٹیگیشن ایجنسی نے ان کے خلاف دہشتگرد حملوں کی سازش کرنے کے الزام میں چارج شیٹ بھی تیار کر رکھی تھی۔
٭… ایران کے شہر شیراز میں مزار پر حملے میں ملوث دو مجرموں کو شاہ چراغ مزار سے ملحقہ سڑک پر سرِعام پھانسی دی گئی۔واضح رہے کہ ۲۶؍اکتوبر ۲۰۲۲ء کو مزار پر دہشت گرد حملے میں کم از کم تیرہ افراد ہلاک اور ۲۰؍زخمی ہوئے تھے۔ یاد رہے کہ فائرنگ کے بعد دو حملہ آور گرفتار جبکہ ایک حملہ آور فرار ہوگیا تھا۔
٭…جنیوا میں انسان نما روبوٹس کی پہلی پریس کا نفرنس نے سب کو حیران کردیا۔اقوام متحدہ کے زیر اہتمام پہلی پریس کانفرنس میں روبوٹس نے کہا کہ وہ انسانوں کے خلاف بغاوت نہیں کریں گے اور نہ ہی ان کی نوکریاں چھینیں گے۔ روبوٹ بہتر راہنما ہو سکتے ہیں، اپنی تعداد بڑھائیں گے، دنیا کے مسائل حل کرنے کی کوشش کریں گے۔پریس کانفرنس کے دوران سخت قوانین کی پابندی کے سوالات پر مصنوعی ذہانت والے روبوٹس نےملا جلا رد عمل دیا۔
٭…سپین کے شمالی علاقوں میں طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلوں کے سبب لوگوں نے گاڑیوں کی چھتوں اور درختوں پر چڑھ کر اپنی جانیں بچائیں۔سیلابی ریلوں میں کئی افراد بہ گئے، راستے میں جو بھی آیا ریلہ اُسے بہا کر لے گیا۔میڈرڈ کا شمالی علاقہ ذراگوسا غیر متوقع طور پر سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں۔بعض علاقوں میں صرف دس منٹ کی بارش ہی تباہی لے آئی۔
٭… پاکستان میں حالیہ بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں اموات کی تعداد ۷۸؍ہو گئی۔پنجاب میں ۴۸؍ خیبر پختون خوا میں ۲۰؍افراد جان سے گئےجبکہ۱۳۰؍سے زائد افراد زخمی ہوئے۔دیواریں اور چھتیں گرنے ، ڈوبنےاورکرنٹ لگنے سے یہ ہلاکتیں ہوئیں۔ لاہور میں بدھ کو علی الصبح شروع ہونے والی ریکارڈ موسلا دھار بارش کے بعد پیش آنے والے مختلف واقعات میں گیارہ افراد ہلاک جبکہ ۲۰؍کے قریب زخمی ہوئے ہیں۔بارش کا گذشتہ تیس سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا تھا۔دس گھنٹوں میں ۲۹۱؍ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں دو سو ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی۔ لکشمی چوک پر سب سے زیادہ ۲۳۶؍ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔
دوسری جانب خیبر پختونخوا کے ضلع شانگلہ کے قریب تحصیل مارتونگ کے کز کلی میں جمعرات کو اچانک لگ بھگ پچیس فٹ اونچا ریت کا ایک تودہ قریب ہی کھیلنے والے بچوں پر گر گیا ۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک ہی خاندان کے چھ بچے بھی شامل ہیں۔ سب سے پہلے ریسکیو کیے جانے والے بچے کے علاوہ سب بچے مٹی تلے دب گئے۔