امریکہ، یورپ اور ایشیا کے ممالک میں عید الاضحی کے اجتماعات اور قربانی کے اہم فریضہ کی ادا ئیگی
دنیا کے مختلف ممالک میں عید الاضحی کی نماز کے بعدسنت ابراہیمیؑ پر عمل کرتے ہوئے مختلف جگہوں پر خدائے بزرگ وبرتر کے حضور جانوروں کی قربانی پیش کی گئی اور چھوٹے، بڑے جانور ذبح کیے گئے۔ قربانی کے ان جانوروں میں ذاتی قربانیاں بھی شامل تھیں جبکہ بہت سی جگہوں پر جہاں احمدی غریب ہیں اور جانور نہیں خرید سکتے، وہاں جماعت کی طرف سے قربانی مہیا کی گئی تاکہ وہ بھی عید کی خوشیوں میں شامل ہوسکیں۔ نمائندگانِ الفضل انٹرنیشنل کی جانب سے بھجوائی گئی رپورٹس پیش ہیں۔
ایشیا
فلسطین
فلسطین میں مورخہ ۲۸؍ جون ۲۰۲۳ء کو عید الاضحی منائی گئی۔ مورخہ ۲۷؍ جون کی شام سے مسجد میں چراغاں کیا گیا۔ عید کے دن ملک میں کبابیر (مرکز)، کفر صور (شمالی فلسطین) اور الخلیل (جنوبی فلسطین) میں تین مقامات پر نماز عید پڑھنے کا انتظام کیا گیا تھا۔کبابیر میں شاملین کی تعداد پانچ صد سے زائد احباب و خواتین تھی۔ کبابیر کے کئی احمدی گھروں میں انفرادی قربانی کی گئی اور جماعتی طور پر بھی قربانی کا انتظام کیا گیا۔ شمالی ویسٹ بانک فلسطین میں جہاں تقریباً ساٹھ افراد نماز عید پڑھنے کے لیے جمع ہوگئے تھے۔ نماز کے بعد اجتماعی ناشتہ کا انتظام تھا۔ بچوں میں تحائف تقسیم کیے گئے اور تمام حاضرین کی خدمت میں مٹھائی بھی پیش کی گئی۔جنوبی فلسطین میں الخلیل کے علاقے میں ایک احمدی دوست کے مکان میں تیس کے قریب افراد نے نماز عید ادا کی۔(رپورٹ: شمس الدین مالاباری۔ نمائندہ الفضل ومبلغ انچارج)
بنگلہ دیش
بنگلہ دیش میں ۱۲۳ جماعتوں اورپانچ حلقوں میں یعنی کل ۱۲۸ جگہوںپر عید الاضحی کی نماز ادا کی گئی اور قربانی پیش کی گئی۔ دار التبلیغ، ڈھاکہ میں مرکزی اجتماع ہوا جبکہ احمدنگر، شالشیڑی، سندربن اور میرپور کی جماعتوں میں بڑے اجتماعات منعقد ہوئے۔ ۱۲۳ جماعتوں کے افراد نے ہی اپنی استطاعت کے مطابق قربانی کی توفیق پائی۔ جماعتی طور پر ۲۶ گائیوں سمیت ۸۸؍مقامات پر قربانی کی گئی۔ (رپورٹ: نوید احمد لیمن۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل بنگلہ دیش)
تھائی لینڈ
تھائی لینڈ میں ۱۷ مقامات پر عید کے اجتماعات منعقد ہوئے۔ جہاں ۵۶۰؍احباب شامل ہوئے۔ مشن ہاؤس کے علاوہ، چران، کھیت پراویٹ، نونگ کھیم میں بڑے اجتماعات ہوئے۔ چھ مقامات پر جماعتی طورپر ۱۹ بکرے اور ۲ گائیں قربان کی گئیں۔(رپورٹ: کاشف احمد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل تھائی لینڈ)
امریکہ
برازیل
جمعرات ۲۹؍جون کو برازیل میں جماعت احمدیہ نے عید الاضحی پورے جذبہ اور روائتی جوش و خروش کے ساتھ منائی۔ عید کے بعد سب کے لیے ریفریشمنٹ کا بھی انتظام تھا سب کابلی چنوں کی چٹ پٹی چاٹ سے بہت محظوظ ہوئے۔ اس عید پر امسال دو شہروں میں کل سات بکروں کی قربانی کی گئی۔ یہاں بہت سی لوکل ایسی برازیلین فیملیز ہیں جن کو بکرے کا گوشت پکانا نہیں آتا چنانچہ انہیں پکا کر دیا جاتا ہے جسے وہ بہت پسند کرتے ہیں۔(رپورٹ: وسیم احمد ظفر۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل برازیل)
کینیڈا
جماعت ہائے احمدیہ کینیڈا نے ۲۸؍جون ۲۰۲۳ء بروز بدھ پچیس سے زائد مساجد اور سینٹرز میں عیدالاضحی ادا کی۔ سب سے بڑا اجتماع انٹرنیشنل سنٹر مسی ساگا میں ہوا جس میں دس ہزار سے زائد مرد و خواتین اور بچوں نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ کینیڈا کی مرکزی مسجد بیت السلام میں چار ہزار، مسجد بیت النور کیلگری میں ۲۵۰۰، مسجد مبارک برمپٹن میں ۱۲۵۰، جامعہ کیمپس Innisfil میں ۱۰۵۰، مسجد بیت الرحمٰن، برٹش کولمبیا میں ۹۱۶، مسجد بیت الرشید، لندن میں ۷۰۰، گرینڈ اولمپیا بیکوئٹ ہال ہملٹن میں ۶۸۰ اورمسجد مریم میں ۶۶۰ سے زائد خواتین و حضرات نے نماز ہائے عید الاضحی ادا کی۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے کینیڈا میں امسال عید الاضحی ۲۸؍جون کو منائی گئی۔ عید کی نماز کینیڈا بھر میں ۲۲ مساجد و مراکز میں ادا کی گئی جس میں ۲۴ ہزار ۷۶۶ احبابِ جماعت نے عید کی نماز ادا کی۔عمومی طور پر احبابِ کرام ہیومینٹی فرسٹ کے ذریعہ قربانیوں کی ادائیگی کرتے ہیں جن سے افریقہ، بھارت اور دیگر ملکوں میں مستحقین تک گوشت پہنچایا جاتا ہے۔ امسال مجموعی طور پر ۲۳۰۰ جانوروں کی قربانی کے لیے ادائیگی کی گئی جن میں ۹۵۶بکروںاور ۱۹۲ گائیوں کی قربانی کی گئی۔(رپورٹ: انصر رضا۔نمائندہ الفضل انترنیشنل کینیڈا)
گوام میں پہلی عید الاضحی کا جشن
اللہ کے فضل سے، جماعت احمدیہ گوام نے اپنی پہلی عید الاضحی جمعرات ۲۹؍جون۲۰۲۳ء کو منائی۔ خاکسار(مربی سلسلہ) کی اہلیہ قرۃ العین صاحبہ نے عید کی نماز سے پہلے صبح کے وقت کھانا تیار کیا۔ مینو میں ہمارے پاس بیکڈ چکن، سوٹیڈ شرمپس، سشی کپ کیکس، اسپرنگس رول، سموسے، سویٹ پوٹیٹو فرائز اور میٹھے تھے۔ صبح گیارہ بجے خطبہ عید اور نماز ادا کرنے کے بعد خاکسار نے مقامی میئرز کے دفتر میں عید کی مبارکباد دی اور کچھ کھانے اور مٹھائیاں تقسیم کیں۔ ہمارے احمدی خاندانوں کے گھروں میں کھانا بھی پہنچایا گیا کیونکہ وہ بیماری کی وجہ سے نہیں شامل ہوسکے۔(خالد خان۔ مربی سلسلہ و نگران Guam)
امریکہ
جماعت احمدیہ امریکہ نے مورخہ ٢٨؍جون ۲۰۲۳ء بروز بدھ عید الاضحی جوش و خروش سے منائی۔ چھٹی کا دن نہ ہونے کے باوجود احباب جماعت نماز عید کی ادائیگی کے لیے کثیر تعداد میں جمع ہوئے۔ جماعت احمدیہ امریکہ کی ٥٨ جماعتوں میں سے ١٨ جماعتوں کی موصولہ رپورٹس کے مطابق اندازاً چھ ہزار افراد نے امریکہ کی مختلف مساجد اور نماز سنٹرز میں نماز عید ادا کی۔ میری لینڈ میں جماعت امریکہ کے ہیڈ کوارٹر مسجد بیت الرحمٰن اور امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن ڈی۔ سی۔ کی مسجد فضل میں ١١٠٠؍احباب نے نماز ادا کی۔ ورجینیا، ساؤتھ ورجینیا، نیو یارک اسٹیٹ، پینسلوینیا، ٹیکسس اورکیلیفورنیا میں بڑے چھوٹے اجتماعات منعقد کیے گئے۔ ایک محتاط اندازے کے مطابق امریکہ میں ١٢١٤ قربانیاں ہوئیں۔ ان کے علاوہ متعدد افراد جماعت نے انفرادی طورپر بھی امریکہ میں قربانیاں کیں ۔ ہیومینٹی فرسٹ کی مدد سے قربانی کی رقم ادا کرکے کئی افراد جماعت احمدیہ امریکہ نے بیرون ملک قربانیاں کیں جن کی تعداد ١٣٧٧ ہے۔ متعدد احباب نے انفرادی طور پر بھی ہیومینٹی فرسٹ کے تحت قربانیاں بھجوائیں۔ اس طرح سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے الله تعالی کے حضور ٢٥٩١ قربانیاں پیش کی گئیں۔(رپورٹ: سید شمشاداحمد ناصر۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل امریکہ )
سُرینام
سُرینام جنوبی امریکہ کا وہ واحد ملک ہے جہاں مسلمان آبادی کا تناسب خطے کے باقی سب ملکوں سے زیادہ ہے۔ اور عیدین کے موقع پر ملک میں عام تعطیل ہوتی ہےاور مسلمان اس کا خاص اہتمام بھی کرتے ہیں۔ سُرینام میں جمعرات ۲۹؍جون ۲۰۲۳ءکو عید الاضحی منائی گئی۔ عید سے ایک دن قبل اجتماعی وقار عمل کا پروگرام رکھا گیا۔ نمازِ عید کے بعد مسجد سے ملحقہ مخصوص جگہ پر پانچ بڑے اور آٹھ چھوٹے جانور باری باری قربان کیے گئے۔ امسال سترپیکٹ افراد جماعت میں اور چالیس پیکٹ ضرورتمند افراد میں تقسیم کیے گئے۔نیز دس پیکٹ یتیم خانوں اور معذور افراد کے مرکز میں پہنچائے گئے۔ قربانی کے بعد آلائشوں کوزمین میں دفن کیا گیا۔ ملک کی سب سے معروف نیوز ویب سائٹ ’’سٹار نیوز‘‘(StarNieuws)نے ۳۰؍جون کو اس خبر کو مع تصاویر اور ویڈیواپنی ویب سائٹ پہ شائع کیا۔ تین اور نیوز ویب سائٹس نے اس خبر کو اپنے مرکزی صفحے پر شیئر کیا۔ ملک کے معروف روزنامہ ’’داخ بلاد سرینام‘‘(Dagblad SURINAME) نے اخبار کے پہلے رنگین صفحے پر افراد جماعت کی تصویر کے ساتھ عید اور قربانی کی خبر شائع کی۔(رپورٹ: لئیق احمد مشتاق نمائندہ الفضل انٹرنیشنل سُرینام، جنوبی امریکہ)
یورپ
یونان
یونان میں مورخہ ۲۹؍جون ۲۰۲۳ء بروز جمعرات ایتھنز میں عید کی نماز اداکی گئی جہاں نمازیوں کی تعداد سولہ تھی۔ جماعت احمدیہ یونان نے حقیقی عید کی روح کو مدنظر رکھتے ہوئے ہیومینٹی فرسٹ کے قربانی پروجیکٹ کے تحت سینکڑوںمستحق خاندانوں کے ساتھ مل کر عید الاضحی کی خوشیاں منائیں۔ہیومینٹی فرسٹ یونان کے تحت ایتھنز میں ۵۱؍قربانیاں ہوئی تھیں جن کا گوشت ایتھنز، واری، رٹسونا اور آسپروپرگوس میں احباب جماعت احمدیہ کے علاوہ مندرجہ ذیل کمیونٹیز اور اداروں میں تقسیم کیا گیا۔ افغان کمیونٹی ایتھنز، افغان کمیونٹی رٹسونا ریفیوجی کیمپ، آئیوورین کمیونٹی ایتھنز، گنی کمیونٹی ایتھنز، صومالین کمیونٹی ایتھنز، برکینا فاسو کمیونٹی ایتھنز، کونگو برازاویل کمیونٹی ایتھنز، یوکرائن کمیونٹی ایتھنز، تنزانیہ کمیونٹی ایتھنز، فوڈ بینک بلدیہ ایتھنز، کیمرون کمیونٹی ایتھنز، گھانا کمیونٹی ایتھنز، ایونجیلیکل چرچ ایتھنز اور سوپ کچن او آلوس آنتھروپوس۔ ان کے علاوہ یونانی، فلسطینی، عراقی، پاکستانی، بنگالی اور ایرانی افراد میں بھی گوشت تقسیم ہوا۔ اس موقع پر تین فلاحی تنظیموں جن میں گریک فورم آف رفیوجیز، یوکرائینین ڈائی آسپورا اور اوپورا کے علاوہ اقوام متحدہ کی تنظیم برائے مہاجرین کے ساتھ بھی تعاون کا موقع ملا۔الحمدللہ (رپورٹ: ارشد محمود، نمائندہ الفضل انٹر نیشنل یونان)
ہالینڈ
جماعت احمدیہ ہالینڈ کو ملک کے مختلف مقا مات پر عید الاضحی منانے کی توفیق ملی۔ مسجد مبارک ڈین ہاگ، مسجد بیت العافیت المیرے، بیت النور نن سپیٹ، بیت المحمود ایمسٹرڈم، کے علاوہ مختلف جماعتوں نے کمیونٹی سنٹرز اور گھروں میں نماز عید ادا کرنے کا انتظام کیا جہاں ڈچ مہمان بھی شامل ہوئے۔عید کی نماز کے بعد احباب جماعت کے لیےکھانے کا انتظام کیا گیا۔ علاوہ ازیںچار اور جماعتوں Tilburg,Eindhoven,Groningen,Weert، میں عید کے اجتما عات منعقد کیے گئے۔ ان مقامات سے موصولہ رپورٹس کے مطابق چودہ سو سے زائد احباب جماعت شامل ہوئے۔ اس سال ہومینٹی فرسٹ کے ذریعے احباب جماعت کو تین گائیں اور ۲۶؍بکرے کی قربانی کرنے کی توفیق ملی۔ اس طرح ۶۴؍احباب جماعت نے قربانی کی۔ اس قربانی کے گوشت کو ساؤتھ افریقہ کے ایک ملک ایسواتینی کے مستحق لوگوں میں تقسیم کیا گیا۔(رپورٹ: عدیل باسم۔ نمائندہ الفضل انٹر نیشنل ہالینڈ)
ناروے
ناروے میں دو مساجد اور دو مشن ہاوسز میں عید کی نماز ادا کی گئی۔ مسجد بیت النصر، اوسلو کے علاوہ Kristiansand،Stavanger اور Trondheim میں نماز عید ادا کی گئی۔ Stavanger میں کل بارہ افراد نے نماز عید ادا کی۔ (رپورٹ: یاسر فوزی۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل ناروے)
سوئٹزرلینڈ
مکرم کلیم الرحمٰن شیخ صاحب نیشنل جنرل سیکرٹری سوئٹزرلینڈ تحریر کرتے ہیں کہ محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۲۹؍ جون ۲۰۲۳ء بروز جمعرات کو جماعتِ احمدیہ سوئٹزرلینڈ کے زیرِ اہتمام ملک کے مختلف شہروں میں سات مقامات پر نمازِ عید الاضحی کے اجتماعات منعقد ہوئےجن میں مجموعی طور پر ساڑھے پانچ صد سے زائد افرادِ جماعت نے شرکت کی۔ زیورخ، نور مسجد ویگولٹینگن، تھور گاؤ، بیرن، بازل، جنیوا، تسین اور لوزرن میں نماز عید کا انتظام کیا گیا تھا۔ تمام جگہوں پر شاملین کے لیےکھانے یا دیگر ریفریشمنٹ کے انتظامات کیے گئے تھے۔
(صبا ح الدین بٹ۔نمائندہ روزنامہ الفضل انٹرنیشنل سوئٹزرلینڈ)
ڈنمارک
ڈنمارک میں عید الاضحی کی مرکزی تقریب مسجد نصرت جہاں کوپن ہیگن میں مورخہ ۲۹؍ جون ۲۰۲۳ء کو صبح دس بجے منعقد ہوئی۔ مکرم محمدزکریا خان صاحب امیر و مشنری انچارج ڈنمارک نے نماز عید پڑھائی اور خطبہ عید دیا۔نماز عید مسجد نصرت جہاں ،نصرت ہال اور لائبریری میں ادا کی گئی۔ جبکہ خواتین نے ناصر ہال میں عید کی نماز ادا کی۔ ۲۵۰؍ مردو خواتین نے نماز عید میں شمولیت اختیار کی۔ جس کے بعد تمام حاضرین کی خدمت میں ریفریشمنٹ پیش کی گئی۔
کوپن ہیگن کے علاوہ ناکسکو اور اوہوس میں بھی نماز عید ادا کی گئی۔ اوہوس میں سولہ اور ناکسکو میں تیرہ مرد و خواتین نے نماز عید ادا کی۔
(رپورٹ: نعمت اللہ بشارت نمائندہ الفضل انٹرنیشنل ڈنمارک)
یوکے
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ برطانیہ کے تمام ریجنز میں نماز عید الاضحی کی ادائیگی کے لیے نہ صرف بہترین انتظامات کیے گئے بلکہ احباب جماعت نے بعد از ادائیگی نماز پیارے آقا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ عیدمسجد مبارک اسلام آباد سے ایم ٹی اے کے ذریعے لائیو سننے کی سعادت بھی حاصل کی۔ بیشتر مقامات پر شاملین کے لیےریفریشمنٹ کا بھی اہتمام کیا گیاتھا۔اس موقع پر خدام، انصار اور لجنہ نے مختلف ڈیوٹیاں سر انجام دیں جبکہ ممبران شعبہ تربیت اور سیکرٹری تربیت جماعت احمدیہ یوکے نے بھی مختلف اُمور میں معاونت فراہم کی۔جماعت احمدیہ برطانیہ کے۱۳ ؍ ریجنز میں ۴۱؍ مقامات پر نماز عید کے اجتماعات منعقد کیے گئے۔ان تمام مقامات پر ۲۰۸۳۵؍ احباب جماعت نے نماز عید ادا کی۔مسجد مبارک، مسجد بیت الفتوح، مسجد فضل اور مسجد بیت السبحان کرائیڈن میں حاضری کی شرح بہت زیادہ رہی۔ احباب جماعت کی اکثریت نے جماعتی انتظامات کے تحت مقرر کی گئی شرح کے مطابق قربانی کے لیے رقم کی ادائیگی کی اوراُن کی طرف سے یہ قربانیاں پاکستان، افریقہ، قادیان سمیت دوسرے ممالک میں بھجوائی گئیں۔
(رپورٹ: لطیف احمد شیخ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)