معروف احمدی شاعر پروفیسر مبارک احمد عابد صاحب کے ساتھ جرمنی میں تقاریب
(فرینکفرٹ، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) ربوہ کی جانی پہچانی ہر دل عزیز شخصیت معروف شاعر پروفیسر مبارک احمد عابد صاحب آج کل جرمنی آئے ہوئے ہیں۔ ان کے اعزاز میں مختلف ادبی تنظیموں اور شخصیات نے ادبی شامیں منانے کا اہتمام کیا جس میں ان سے جماعت، احباب جماعت اور خلفائے سلسلہ سے قلبی لگاؤ کے اظہار میں کہا گیا کلام بڑے شوق سے سنا گیا۔ اب تک وہ تعلیم الاسلام کالج اولڈ سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن، اردو جرمن کلچرل سوسائٹی،مجلس انصار اللہ ڈٹسن باخ کے مشاعروں کی صدارت کر چکے ہیں۔ اردو جرمن کلچرل سوسائٹی کے مشاعرہ میں راجہ محمد یوسف خان صاحب نے پروفیسر مبارک احمد عابد صاحب کی شاعری پر تفصیلی مقالہ پڑھا اور جرمنی بھر سے شعراء نے مشاعرہ میں شرکت کی۔ بعض احباب نے پروفیسر مبارک احمدعابد صاحب کے ساتھ گھروں میں ادبی نشستوں کا اہتمام کیا۔ ان میں چودھری عبدالغفور ڈوگر صاحب اور شاہد منصور تاثیر صاحب شامل ہیں۔ ۱۷؍ جون ۲۰۲۳ءکو فرینکفرٹ سے ایک سو بیس کلو میٹر دور خوبصورت شہر Bad Marienberg میں مبارک احمدعابد صاحب کے دو شاگردوں خواجہ مظفر احمد صاحب اور خواجہ بشارت احمد صاحب نے اپنے استاد کی عزت افزائی کے لیے ایک نشست کا اہتمام کیا جس میں شہر اور صوبہ کی سیاسی شخصیات، شہر میں قائم سماجی اور سوشل تنظیموں کے ارکان اور جماعت کے اکابرین بھی شامل ہوئے۔ ممتاز شخصیات میں Landtagpresident Mr. Hendrik Hering مع اہلیہ اور شہر کی میئر Mrs. Sabine Willwacher بھی شامل تھے۔ کھانے سے پہلے جاری رہنے والی گفتگو میں مولانا صداقت احمد صاحب (مشنری انچارج جرمنی)، مولانا محمد الیاس منیر صاحب (مربی سلسلہ) اور مولانا حسن طاہر بخاری صاحب (مربی سلسلہ) نے جرمن مہمانوں کو جماعت کی عالمگیر سماجی اور سوشل سرگرمیوں نیز جامعہ احمدیہ جرمنی اور اس میں پڑھائے جانے والے سات سالہ کورس کی تفاصیل سے آگاہ کیا جس کو مہمانوں نے انتہائی دلچسپی سے سنا اور متعدد سوالات کر کے ان کے جوابات حاصل کیے۔
علمی و تبلیغی گفتگو کے اختتام پر باربی کیو کا نہایت اعلیٰ انتظام تھا۔ باربی کیو میں ہرن کا گوشت، بٹیرے، سیخی کباب، چکن تکہ، روسٹ بکرا و دیگر حلال اور طیب اشیاء شامل تھیں۔ کھانے سے فارغ ہونے کے بعد پروفیسر مبارک احمد عابد صاحب سے ان کی مشہور زمانہ دینی نظمیں و دیگر کلام اصرار کر کے سنا گیا۔ حاضرین ان کے کلام سے بہت محظوظ ہوئے اور خوب داد دی۔ اس موقع پر باہر سے آنے والے مہمانوں کو میزبان خواجہ مظفر احمد صاحب نے تحائف دے کر رخصت کیا ۔
(رپورٹ:عرفان احمد خان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل جرمنی)