بچوں کا الفضل

کیوں؟

بچو! امید ہے کہ آپ کو یہ نیا سلسلہ ضرور پسند آیا ہوگا۔ آج پھر ہم حاضر ہیں ’’کیوں‘‘ کے ایک نئے سوال کے ساتھ!

تو آج کا سوال ہے کہ

ہمیں چاند دن میں نظر کیوں نہیں آتا ؟

پیارے بچو!آسمان پر رات کے وقت صرف چاندنہیں بلکہ چاند کے علاوہ ستارے، سیارے اور شہاب ثاقب بھی روشن نظر آتے ہیں ۔

رات کے وقت ستاروں کی تو اپنی روشنی ہوتی ہےلیکن نظام شمسی میں شامل سیارے اور چا ند اس لیے رات میں چمکتے ہوئےنظر آتےہیں کیونکہ یہ سورج سے روشنی حاصل کرتے ہیں۔

پیارے بچو! یہ تو آپ کو معلوم ہے کہ زمین اپنے مدار میں بھی گھوم رہی ہے اور ایک دن میں یعنی چوبیس گھنٹوں میں اپنا چکر مکمل کرتی ہے۔

اس لیے جب ہم گھوم کر سورج سے دوسری جانب چلے جاتے ہیں اور رات ہو جاتی ہے تو ہمیں چاند اور ستارے واضح نظر آتے ہیں۔لیکن جب زمین گھوم کر سورج کے سامنے آتی ہے یعنی دن نکل آتا ہے تو سورج کی روشنی کی وجہ سے آسمان بہت روشن ہوجاتا ہے۔ اسی لیے چانداور دیگر ستارے ہمیں نظر نہیں آتے لیکن وہ آسمان پر اپنی اپنی جگہ موجود ہوتے ہیں۔

پیارے بچو! ہم ایک مثال سے آپ کو سمجھاتے ہیں کہ جب رات کے وقت آپ گاڑی میں بیٹھے ہوں اورسامنے سے آنے والی گاڑی کی روشنی تیز ہو تو ہمیں اردگرد کچھ نظر نہیں آتا۔ لیکن گاڑی کے گزرنے پر اندھیرے میں سب واضح ہو جاتا ہے۔ اسی طرح دن کے وقت سورج کی تیز روشنی کی وجہ سے آسمان پر چاند، ستارے یا سیارے نظر نہیں آتے ہیں۔

لیکن بچو ایک دلچسپ بات یہ ہے کہ چاند جن دنوں مکمل ہوتا ہے یا بڑا ہوتا ہے تو ہم اسے بسا اوقات دن کی روشنی میں بھی ا ٓسمان پر سورج کی مخالف سمت میں دیکھ سکتے ہیں۔اس کی وجہ یہ ہے کہ صبح طلوع ہوتے وقت اور شام کو غروب ہوتے وقت سورج کی روشنی کم ہوتی ہے اسی لیے ہم چاند کو دیکھ سکتے ہیں۔
امید ہے کہ آپ کو اس سوال کاجواب مل گیا ہوگا۔ آپ کے مزید سوالات کا انتظار رہے گا۔ (الف۔ فضل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button