یورپ (رپورٹس)

جلسہ سالانہ برطانیہ ۲۰۲۳ءایک نئے دور کا آغاز: شعبہ ہیلتھ اینڈ سیفٹی اور شعبہ ضیافت کے تحت گوشت کی قصاب گاہ کا قیام

جیسے جیسے  وقت گزرتا جارہا ہے اور حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی الٰہی جماعت کو دشمنان جماعت مختلف طریقوں سے کمزور کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں ویسے ویسے خدا تعالیٰ جماعت احمدیہ پر خلافت کے پُرنُور سائے تلے اپنے فضلوں کی بارش برساتا چلا جارہا ہے۔ یہ محض الٰہی افضال ہی ہیں کہ ہر آنے والے سال میں جماعت احمدیہ ترقی کی راہوں پر مزید گامزن ہوجاتی ہے۔امسال جماعت احمدیہ برطانیہ کے۵۷ویں جلسہ سالانہ  میں مہمانان مسیح موعود علیہ السلام کی آمد،استقبال  اور اُن کی بے لوث خدمت کے لیے تیاریاں زور شور سے جاری و ساری ہیں جہاں یہ نظارے بخوبی نظر آتے ہیں اور لبوں پربے ساختہ  شکرانے کے کلمات  آجاتے ہیں۔

ہر سال جلسہ سالانہ برطانیہ کےموقع پر مہمانوں اور شاملین جلسہ کےلیے کھانے میں استعمال ہونے والا گوشت ٹنوں کے حساب سے مختلف جگہوں سے منگوایا جاتا تھاجس میں بسا اوقات گوشت کے بعض حصے درست طریق پر کاٹے ہوئے نہیں ہوتے تھے جس کی وجہ سےکھانا بنانے والے کارکنان کو مشکلات پیش آتی تھیں۔پھر اتنی زیادہ تعداد میں گوشت کو حدیقۃ المہدی لانے میں ٹرانسپورٹ  کے اضافی خرچے کے علاوہ سیکیورٹی کے خدشات بھی بہرحال موجود رہتے تھے۔اضافی کارکنان کی خدمات بھی لی جاتی تھیں۔ لیکن امسال محض رحمٰن و رحیم خدا تعالیٰ کے فضل اور حضور انور کی خصوصی ہدایات کو مدنظر رکھتے ہوئےشعبہ ہیلتھ اینڈ سیفٹی اور شعبہ ضیافت کے تحت بمقام جلسہ حدیقۃ المہدی بطور خاص انتظامات کرتے ہوئے BUCHERY یعنی قصاب کی ایک مخصوص جگہ کا قیام عمل میں لایا گیا ہےجہاں مذبح کانوں سے ذبح کیے ہوئے جانوروں کا سالم گوشت لایا جائے گا اورصفائی کے بعدسالن بنانے و دیگر ضروریات کے لیےگوشت کاٹنے ، قیمہ بنانے اور گوشت کے مختلف حصے تیارکیے جائیں گے۔

اس ضمن میں شعبہ ہیلتھ اینڈ سیفٹی کے ناظم مکرم عرفان قریشی صاحب نے نمائندہ الفضل انٹرنیزنل کوبتایا کہ برطانیہ کے  ہیلتھ اینڈ سیفٹی کے قوانین کے مطابق اس جگہ کے فرش پرگوشت کے خون کے داغ دھبے نہ پڑے رہنےکے لیے خاص رنگ  و روغن کیا گیا ہے اور جس کے لیے صفائی کا خاص انتظام بھی ہوگا ۔پھر د یواروں کی صفائی ستھرائی کے لیےسٹین لیس سٹیل کی دیواریں بنائی گئی ہیں۔گوشت دھونے اور کاٹنے کے لیے مخصوص مشینری اور آلات کا استعمال کیا جائے گاجن کے تین سٹیشنزز بنائے گئے ہیں۔قیمہ بنانے کی بڑی بڑی مشینیں بھی لگائی گئی ہے۔گوشت کو ایک مخصوص درجہ حرارت میں رکھنے کے لیےبڑے بڑے فریزرز اور چلرز لگائے گئے ہیں جہاں گوشت کو کاٹنے سے پہلے اور بعد میں کچن اسٹاف کی ضرورت کے مطابق  مختلف وزن کے ڈبوں میں  اسٹاک کیا جائے گااور بعد ازاں کچن میں کھانا بنانے کے لیے بھجوایا جاتا رہے گا۔یہ سارا عمل مختلف مراحل میں انتہائی پیشہ وارانہ کارکنان کی زیر نگرانی  انجام دیا جائے گا۔

محترمرفیق احمد حیات صاحب امیرجماعت یوکےنے نمائندہ الفضل انٹرنیشنل سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ امسال کے جلسے میں حضور انور کی خاص ہدایات کے تحت مسیح محمدی کے مہمانوں کے کھانے میں بہترین  گوشت فراہم کرنے کے لیے حدیقۃ المہدی میں ہی گوشت  کاٹنے ، اس کی صفائی  اور اسٹاک کرنے کا یہ انتظام پہلی مرتبہ کیا جارہا ہے جو غالباً یورپ کے کسی جلسے میں شاید پہلے نہ ہوا ہو۔

اس شعبہ کے کارکنان حتی المقدور کوشش کرتے ہوئے اعلیٰ معیار اپنانے اور خدا کے حضور دعا گو ہوتے ہوئے کسی قسم کی کمی نہ رہنے دینے کا اعادہ بھی کرتے ہیں ۔ اللہ تعالیٰ ان رضا کاران کی ادنیٰ کاوشوں کو قبول فرمائے اور انہیں جلسے کے مہمانوں کی بہترین خدمت کرنے کی توفیق عطا کرتے ہوئے کامیابی سے ہمکنار فرمائے تاکہ یہ شعبہ آئندہ اس سے بھی زیادہ وسیع تر انتظامات کے ساتھ عمل پیرا رہے۔آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button