جلسہ سالانہ برطانیہ۲۰۲۳ء کے پہلے دن کی مختصر روداد
(از جلسہ گاہ حدیقۃ المہدی،۲۸؍جولائی ۲۰۲۳ء، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) جلسہ سالانہ کے پہلے دن کا آغاز صبح تین بجے نماز تہجد سے ہوا جو مکرم صباحت احمد چیمہ صاحب مربی سلسلہ ایڈیشنل وکالت تصنیف یوکے نے پڑھائی۔ صبح ساڑھے چاربجے کے قریب حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے جلسہ گاہ میں رونق افروز ہوکر نمازِ فجر پڑھائی۔ حضورِ انور نے نماز فجر کی پہلی رکعت میں سورت بنی اسرائیل کی آیات ۷۹تا ۸۵کی تلاوت فرمائی جبکہ دوسری رکعت میں سورۃ الکہف کی ابتدائی گیارہ آیات کی تلاوت فرمائی۔ نماز فجر کے بعد مکرم منصور احمدضیاءصاحب مربی سلسلہ و استاذ جامعہ احمدیہ یوکے نے نماز باجماعت کی اہمیت پر درس حدیث دیا۔
صبح آٹھ بجے کھانے کی مارکی میں ناشتے کا انتظام کیا گیا تھا۔ ناشتے میں مہمانانِ کرام اور ڈیوٹی کنندگان کو مزیدارچنے، روٹی، سیریل، مکھن، جیم اور ڈبل روٹی پیش کی گئی۔ اسی طرح ٹی سٹال پر چائے کا انتظام تھا جو چینی اور بغیر چینی ہر دو طرح مہیا کی گئی تھی۔ آج صبح سے ہی شاملینِ جلسہ کی آمد کا سلسلہ شروع ہوا۔ موسم کی خرابی کے باوجود ڈیوٹی پر موجود کارکنان بڑی خندہ پیشانی سے لوگوں کا استقبال کرتے اور ان کی کاریں موزوں جگہ پر پارک کرواتے رہے۔اسی طرح احبابِ جماعت ٹرین کے ذریعہ بھی تشریف لائے جو Altonاور حدیقۃ المہدی کے درمیان جاری کردہ ایک شٹل سروس کے ذریعے جلسہ گاہ پہنچتے رہے۔
حضور انور نے خطبہ جمعہ جلسہ گاہ سے ارشاد فرمایا جس میں حضورِ انور نے کارکنان اور مہمانوں کو زرّیں نصائح فرمائیں۔ حضور انور نے نماز جمعہ کی پہلی رکعت میں سورۃ الاعلیٰ جبکہ دوسری رکعت میں سورۃ الغاشیہ کی تلاوت فرمائی۔ حضورِ انور نے نمازِ جمعہ کے ساتھ نمازِ عصر بھی جمع کر کے پڑھائی۔
نماز کے بعد کھانے کی مارکی میں طعام کا انتظام تھا، کھانے میں دال، روٹی اور چاول پیش کیے گئے۔پرہیزی کھانے میں مہمانوں کے لیے pastaکا بھی انتظام تھا۔
آج جلسہ سالانہ کا باقاعدہ افتتاح تقریب پرچم کشائی اور اس کے بعد افتتاحی اجلاس سےہوا۔ عاشقانِ خلافت اپنے آقا کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے بے تاب تھے۔شاملین کا جوش و خروش دیکھنے سے تعلق رکھتا تھا۔فدایانِ خلافت نے والہانہ جوش اور نعروں سے اپنے پیارے امام کا استقبال کیا۔اس کے بعد تقریب پرچم کشائی ہوئی اور حضورِ انور ساڑھے چار بجے کےقریب مردانہ جلسہ گاہ میں رونق افروز ہوئے اور کرسیٔ صدارت پر فروکش ہوئے۔
جلسہ کے پہلے سیشن کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور اردو ترجمہ سے ہواجو مولانا فیروز عالم صاحب نے پیش کیا۔ فارسی منظوم کلام مکرم عاشق حسین صاحب نے جبکہ اردو نظم مکرم مرتضیٰ منان صاحب مربی سلسلہ جرمنی نے پیش کی۔ اس کے بعد حضور انور نے بصیرت افروز افتتاحی خطاب فرمایا جس کا مرکزی عنوان تقویٰ تھا۔ خطاب کے بعد اجتماعی دعا ہوئی جس کے ساتھ جلسہ سالانہ کا پہلا اجلاس اختتام پذیر ہوا۔
شام کے کھانے میں روایتی آلو گوشت، دال اورلنگر کی لذیذ روٹی مہمانوں کی خدمت میں پیش کی گئی۔ حضور انور نے سوا نو بجے کے کچھ بعد مردانہ جلسہ گاہ میں تشریف لاکر مغرب اور عشاء کی نمازیں جمع کرکے پڑھائیں۔ نماز مغرب کی پہلی رکعت میں سورۃ الفیل اور دوسری رکعت میں سورت قریش کی تلاوت فرمائی جبکہ نماز عشاء کی پہلی رکعت میں سورۃ الضحیٰ اور دوسری رکعت میں سورۃالتین کی تلاوت فرمائی۔ اس طرح جلسہ سالانہ برطانیہ کا پہلا روز کامیابی کے ساتھ اپنے اختتام کو پہنچا۔