خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭… ۵۷واں جلسہ سالانہ جماعت احمدیہ برطانیہ مورخہ ۲۹،۲۸اور ۳۰؍جولائی ۲۰۲۳ء کو حدیقة المہدی میں منعقد ہوا۔امیر المومنین حضرت خلیفة المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ جلسہ کے تینوں روز جلسہ گاہ میں رونق افروزہوئے اور خطاب فرمایا۔ آپ نے ۲۳؍جولائی کو جلسہ کے انتظامات کا معائنہ بھی فرمایا۔ امسال جلسہ میں ۱۱۸؍ممالک سے کل ۴۱؍ہزار ۶۵۴؍ افراد شریک ہوئے جبکہ ایم ٹی اے کے ذریعہ سے ۶۵؍ممالک سے بذریعہ لائیو سٹریمنگ افراد شامل ہوئے۔ اردو جریدے روزنامہ الفضل انٹرنیشنل اور انگریزی جریدے ہفت روزہ الحکم نے اس موقع پر لائیو پیجز کے ذریعہ لمحہ بہ لمحہ قارئین تک جلسہ کی رپورٹنگ کے فرائض سر انجام دیے۔
٭… امریکی کانگریس میں اسلام کو عظیم مذہب تسلیم کیے جانے کے حوالے سے قرارداد پیش کی گئی۔ قرارداد ریاست ٹیکساس کے نمائندے الگرین کی طرف سے پیش کی گئی ہے۔قرارداد کے تائید کنندگان میں کانگریس ممبران الہان عمر، راشدہ طلیب اور آنڈرے کارسن شامل ہیں۔قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ لفظ ’اسلام‘ کا مطلب ’خدا کی مرضی کے سامنے سر تسلیم خم کرنا‘ اور ’امن‘ ہے۔قرارداد میں واضح کیا گیا ہے کہ قرآن مسلمانوں اور غیر مسلموں کے درمیان رواداری کی بات کرتا ہے۔قرارداد کے متن کے مطابق امریکہ میں مسلمانوں کی تعداد ۳۵؍ لاکھ بتائی گئی ہے۔
٭… لیبیا میں انسانی سمگلروں کے گوداموں پر چھاپوں میں یورپ جانے کی کوشش کرنےوالے ۳۸۵؍پاکستانیوں کو بازیاب کروالیا گیا۔ مشرقی لیبیا میں انسانی سمگلرز کے ٹھکانوں پر چھاپے مارے گئے جہاں پاکستانیوں کو چھپایا گیا تھا۔بازیاب افراد میں بچے بھی شامل ہیں، تمام افراد کو پولیس ہیڈکوارٹر منتقل کردیا گیا۔پاکستانی شہری غیرقانونی طور پر یورپ جانے کے ارادے سے لیبیا پہنچے تھے جہاں انہیں سمگلروں نے اپنی حراست میں لےکر رہائی کے بدلے تاوان مانگا تھا۔
٭…امریکہ نے چین کے نئے وزیر خارجہ وانگ ای کو واشنگٹن مدعو کر لیا، امریکی حکام نے محکمہ خارجہ آنے والے چینی سفارت کار یانگ تاؤ سے ملاقات میں چینی وزیر خارجہ کو دورے کی دعوت دی۔ امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق چینی وزیر خارجہ وانگ ای کو باضابطہ طور پر امریکہ آنے کی دعوت دے دی ہے، امید ہے کہ وانگ ای یہ دعوت قبول کریں گے۔ امریکہ کی جانب سے چینی وزیر خارجہ کے دورے کی ابھی کوئی تاریخ نہیں بتائی گئی۔
٭… ایران میں حجاب پہننے سے متعلق ایک سخت نئے بل پر غور کیا جا رہا ہے جس میں سزاؤں کے دورانیے اور سختی کو بڑھانے کی تجویز شامل ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ قانون میں غیر معمولی طور پر سخت اقدامات شامل ہوں گے۔۷۰؍آرٹیکلز پر مشتمل مسودے میں متعدد تجاویز شامل ہیں جن میں حجاب پہننے سے انکار کرنے والی خواتین کے لیے زیادہ طویل قید کی تجویز شامل ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ سال ۱۶؍ستمبر کو نوجوان لڑکی مہسا امینی دوران حراست مبینہ طور پر دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئی تھی، جس کی ہلاکت کے خلاف ایران میں بڑے پیمانے پر مظاہرے بھی ہوئے تھے۔
٭… اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ سوڈان میں فوجی دھڑوں میں جھڑپوں کے دوران ۲۰؍ملین سوڈانی فاقہ کشی کے دہانے پر ہیں۔ اقوامِ متحدہ کے فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سوڈان میں خوراک کے شدید عدم تحفظ میں مبتلا افراد کی تعداد دوگنی ہوگئی ہے۔ سوڈان میں ۶.۳؍ملین افراد اس وقت غذائی ہنگامی امداد کے مستحق ہیں۔ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرت (آئی او ایم) کی رپورٹ کے مطابق سوڈان میں فوج اور ریپڈ سپورٹ فورسز کے درمیان لڑائی سے تقریباً چالیس لاکھ افراد نقل مکانی پر مجبور ہیں۔سوڈان میں فوج اور ریپڈ سپورٹ فورسز کے درمیان ۱۵؍اپریل کو لڑائی شروع ہوئی تھی۔ سوڈان میں جاری لڑائی میں اب تک کم از کم تین ہزار نو سو افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
٭… برطانیہ کی جانب سے غیر ملکی فنڈنگ میں کٹوتی سے افریقہ میں ہزاروں حاملہ خواتین کی جان کوخطرہ ہوسکتا ہے۔ برطانوی فارن آفس کا کہنا ہے کہ بچت اہداف حاصل کرنے کےلیے غریب ممالک کی امداد مختصر وقت کےلیے کی جا رہی ہے۔ کم آمدنی والے ممالک کی امداد جلد تقریباً دوگنا کرکے بحال کی جائے گی۔ افغانستان کی امداد میں ۷۶؍فیصد کمی سے خواتین کےلیے سروسز متاثر ہوں گی۔ یمن میں بھی پانچ لاکھ بچوں اور خواتین کےلیے سروسز کم ہوجائیں گی۔ مجموعی طور پر بیرونی امداد میں ۹۰۰؍ملین پاؤنڈ کی کمی کی جا رہی ہے۔
٭… بیجنگ کے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں ہونے والی بارشیں ۱۴۰؍سالہ تاریخ کی سب سے زیادہ بارشیں ہیں۔سب سے زیادہ بارش ۷۴۴.۸؍ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جو چینگ پن میں ہوئی۔ ’’دوکسوری‘‘ نامی شدید طوفان پچھلے ہفتے صوبہ فوجیان کے بعد چین کے شمالی علاقوں میں آیا جس سے بیجنگ اور ملحقہ علاقوں میں طوفانی بارشیں ہوئیں۔ بیجنگ میٹرولوجیکل سروس نے کہا کہ پورے جولائی کے مہینے کی اوسط بارش بیجنگ میں چالیس گھنٹوں کے دوران ہوگئی۔بارشوں سے ۱۱؍ افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ ۱۳؍لاپتا ہیں۔
٭… سوئٹزرلینڈ کے بلند و بالا پہاڑوں میں مہم جوئی کےلیے جانے والے کوہ پیما کی لاش ۳۷؍سال بعد گلیشیئر پگھلنے کے باعث مل گئی۔ ہائیکنگ کےلیے گئے کچھ کوہ پیماؤں نے ۱۲؍جولائی کو تھیوڈل گلیشیئر پر کچھ غیر معمولی چیز سے متعلق پولیس کو آگاہ کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس مقام سے ایک لاش برآمد ہوئی جس کی ڈی این اے رپورٹ کے بعد یہ تصدیق ہوئی کہ یہ جرمن کوہ پیما تھے جو پہاڑی پر ۱۹۸۶ء میں لاپتا ہوگئے تھے۔