خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭… سعودی عرب کی وزارتِ حج و عمرہ نے زائرین اور عمرہ عازمین سے آسان طواف کی خاطر تعاون اور ہدایات پر عمل درآمد کرنے کی اپیل کردی۔ سعودی عرب کی وزارتِ حج و عمرہ نے کہا ہے کہ زائرین اور عمرہ عازمین ہدایات پر عمل کرتے ہوئے انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں تاکہ طواف کا بابرکت عمل تمام زائرین کے لیے ہموار اور آسان ہو۔ زائرین کو اچانک رُک جانے اور ٹریفک میں رکاوٹ سے بچنے کا عزم کرنا چاہیے اور داخلی اور خارجی راستوں کو خالی چھوڑنا چاہیے تاکہ تمام زائرین کے لیے طواف آسان ہو۔ وزارتِ حج کی طرف سے ایک اشتہار میں زور دیا گیا ہے کہ طواف کی دو رکعت نفل نماز مسجد الحرام میں کہیں بھی ادا کی جا سکتی ہے۔
٭… کراچی سے راولپنڈی جانے والی ہزارہ ایکسپریس کی کئی بوگیاں نواب شاہ کے قریب پٹری سے اتر گئیں جس کے نتیجے میں ۳۰؍افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔ ٹرین حادثے میں ۸۰؍مسافر زخمی ہوئے ہیں۔پاک فوج اور رینجرز نے جائے حادثہ پر فوری امدادی سرگرمیاں شروع کر دی ہیں۔ٹرین ڈرائیور کا کہنا تھا کہ ٹرین میں مجموعی طور پر ۱۹؍بوگیاں تھیں جن میں سے دس حادثے کا شکار ہوئیں۔
٭… وفاقی وزیر ریلوے سعد رفیق نے کہا ہے کہ ٹرین مناسب رفتار سے چل رہی تھی، پہلے ریلیف پھر تحقیقات ہو گی۔ یہ لائن کا مسئلہ ہو سکتا ہے یا کوئی تخریب کاری ہوسکتی ہے، تخریب کاری تھی یا فنی خرابی اس کا فیصلہ ایف جی آئی آر کرے گی۔ ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ دو امدادی ٹرینیں حیدرآباد اور سکھر سے روانہ کر دی گئی ہیں، ٹرین آپریشن بحال ہونے میں اٹھارہ گھنٹے لگ سکتے ہیں، بوگیوں کو ٹریک سے ہٹا کر ٹریک کی بحالی میں بھی وقت لگے گا۔
٭… افغان وزیرِ دفاع محمد یعقوب مجاہد نے سپریم لیڈر ہیبت اللہ اخوندزادہ کی جانب سے طالبان کو پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر بیرون ملک حملے کیے گئے تو وہ جہاد نہیں بلکہ جنگ ہو گی۔ انہوں نے افغان سیکیورٹی فورسز کے ارکان سے ایک تقریر میں کہا کہ افغانستان سے باہر لڑائی مذہبی طور پر منظور شدہ جہاد نہیں، بلکہ جنگ ہے، جسے سپریم لیڈر ہیبت اللہ اخوندزادہ نے روک دیا ہے۔ سپریم لیڈر نے کہا کہ اگر کوئی جہاد کے مقصد کے لیے افغانستان سے باہر جاتا ہے تو اسے جہاد نہیں کہا جائے گا ۔ اگر امیر مجاہدین جنگجوؤں کو جنگ میں جانے سے روکتے ہیں اور وہ پھر بھی ایسا کرتے ہیں تو یہ جنگ ہے، جہاد نہیں۔
٭…سعودی عرب کی میزبانی میں جدہ میں یوکرین بحران پر مذاکرات میں متعدد ممالک کے نمائندے یوکرین بحران کے حل میں مصروف رہے۔ مذاکرات میں یوکرین نے اپنا متوقع دس نکاتی امن فارمولا پیش کیا۔ اس موقع پر یوکرینی وفد کا کہنا تھا کہ ان کی تجاویز کو متعدد ممالک کی طرف سے حمایت حاصل ہے۔ دوسری جانب میزبان ملک سعودی عرب کی حکومت کو امید ہے کہ جدہ ملاقات میں یوکرین بحران کے حل میں مدد ملے گی۔
٭…ماسکو سے روسی وزارت دفاع کے مطابق روسی فوج نے رات کے وقت مختلف علاقوں میں یوکرینی فضائیہ کے اڈوں کو نشانہ بنایا۔ روسی فوج کے یوکرینی فضائی اڈوں پر حملے کامیاب ثابت ہوئے ہیں۔ دوسری طرف یوکرینی حکام کی جانب سے ابھی حملوں کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔
٭…اطالوی کوسٹ گارڈ کے مطابق اٹلی کے جزیرے لیمپیڈوسا کے نزدیکی ساحلی علاقے میں تارکین وطن کی دوکشتیاں اُلٹنے سے خاتون اور ان کے شیر خوار بچے سمیت دو افراد ہلاک اور ۳۰؍لاپتا ہوگئے۔جبکہ ۵۷؍مسافروں کو بچا لیا گیا ہے۔ دوسری جانب اطالوی میڈیا کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں افریقی ملک آئیوری کوسٹ کی خاتون اور ان کا ایک سالہ بچہ شامل ہیں۔ ڈوبنے والی ایک کشتی میں ۴۸؍اور دوسری کشتی میں ۴۲؍مسافر سوار تھے، معلوم ہوا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والی دونوں کشتیاں تارکین وطن کو لے کر شمالی افریقی ملک تیونس سے یورپ جا رہی تھیں۔
٭…سعودی وزارت تجارت نے ملک میں ۵۱؍فرضی ویب سائٹس بند کر دیں۔وزارت تجارت کے ترجمان عبدالرحمٰن الحسین نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وزارت صارفین کو دھوکا دہی سے بچانے کے لیے مسلسل تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے صارفین سے کہا کہ وہ کوئی بھی جعلی ویب سائٹ دیکھیں تو فوری طور پر ۱۹۰۰؍پر کال کرکے یا تجارتی ایپ ’’بلاغ‘‘ کے ذریعے حکّام کو اس حوالے سے اطلاع دیں۔ وزارت تجارت کےنام سے منسوب فرضی ویب سائٹس کا وزارت سے کوئی تعلق نہیں۔
٭…افریقی ملک نائیجر میں فوج کی جانب سے فضائی حدود بند کر دی گئی ہیں۔ نائیجر کی فوج نے فضائی حدود بیرونی فوجی مداخلت کے خدشے کے پیشِ نظر بند کی ہیں۔ نائیجر فوج نے مغربی افریقی ممالک کے صدر محمد بازوم کی بحالی کے لیے دی جانے والی ڈیڈلائن کو مسترد کر دیا ہے۔یاد رہے کہ نائیجر فوج نے گذشتہ ماہ صدر محمد بازوم کی حکومت کا تختہ الٹا تھا۔