مجلس انصار اللہ ہالینڈ کا پینتیسواں سالانہ اجتماع
مجلس انصاراللہ ہالینڈ کا بابرکت پینتیسواں سالانہ اجتماع امسال مورخہ ۲۳ تا ۲۵؍ جون ۲۰۲۳ء کو مسجد بیت النور نن سپیٹ میں منعقد ہوا۔ امسال سالانہ اجتماع کا موضوع ’’سیرتِ صحابہؓ ‘‘ تھا۔ اجتماع کی امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے منظوری حاصل کی گئی۔ تیاری اجتماع کے لیے کئی دن پہلے وقار عمل شروع کردیے گئے۔
پہلا دن: ۲۳؍ جون ۲۰۲۳ء
مورخہ ۲۳؍ جون بروز جمعۃ المبارک اجتماع کا پہلا دن تھا۔ حسبِ پروگرام گیارہ بجے صبح رجسٹریشن کا آغاز ہوا۔
صدرمجلس اور ناظم اعلیٰ اجتماع نے تمام انتظامات کا حتمی جائزہ لیا۔ حضور انورایدہ اللہ تعالیٰ کا بیان فرمودہ خطبہ جمعہ تمام انصار نے براہِ راست دیکھا۔
چار بجے پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی۔ مکرم ہبۃالنور فرحاخن صاحب امیر جماعت ہالینڈ نے ہالینڈ کا پرچم اور داؤد اکمل صاحب صدر مجلس انصاراللہ ہالینڈ نے لوائے انصار اللہ لہرایا اور اس کے بعد مکرم نعیم احمد وڑائچ صاحب مشنری انچارج ہالینڈ نے دعا کروائی۔
مکرم امیر صاحب کی زیرصدارت افتتاحی تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم، عہد مجلس انصاراللہ اور منظوم کلام حضرت مسیح موعودؑسے ہوا۔ بعد ازاں صدر مجلس انصاراللہ ہالینڈ نے جملہ مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور زندہ خدا کے ساتھ زندہ تعلق پیدا کرنے کے لیے اطاعتِ خلافت اور ذکرِالٰہی کے اہم موضوع پر اظہارِخیال کیا۔
افتتاحی تقریر میں مشنری انچارج صاحب ہالینڈ نے حضرت ابوذرغفاری اور حضرت معاذبن جبل کی سیرت کی روشنی میں چند نصائح کیں۔
شام پانچ سے سات بجے تک چار انفرادی ورزشی مقابلہ جات منعقد کیے گئے۔ اِن مقابلہ جات میں کلائی پکڑنا (صرف صفِ دوم کے انصار کے لیے)، ٹیبل ٹینس سنگل، میوزیکل چیئرز اور نشانہ بازی کے مقابلہ جات شامل تھے۔
شام پانچ بجے صدر مجلس کی صدارت میں ’’بزرگ انصار کے ساتھ ایک شام‘‘ نیز امسال خدام الاحمدیہ سے انصار میں شامل ہونے والوں نیز ان انصار کے ساتھ جو دورانِ سال بیرون ملک سے تشریف لائے ہیں، ایک پروگرام کیا گیا اور انہیں تحفہ میں انصاراللہ کا سکارف، عہد مجلس انصاراللہ اور مجلس انصاراللہ کے اغراض و مقاصد کی کاپی پیش کی گئی۔
دوسرا دن: ۲۴؍ جون ۲۰۲۳ء
نماز تہجد، فجر اور درس کےبعد سب انصار نے انفرادی طور پر تلاوت قرآن کریم کی۔
صبح کی سیر، سائیکل سفر، ناشتہ اور نو بجے اجتماعی دعا کے بعد رسہ کشی اور فٹ بال کے اجتماعی فائنل مقابلہ جات اور تیراندازی اور دوڑ سو میٹر کے انفرادی مقابلہ جات بھی منعقد ہوئے۔نیشنل مجلس عاملہ انصاراللہ فرانس کے تین نمائندگان نے بھی یہ مقابلہ جات دیکھے اور خوشی کا اظہار کیا۔
نمازِ ظہر و عصر کی باجماعت ادائیگی کے بعد سوا دو بجے صدر صاحب مجلس انصاراللہ ہالینڈ کی زیر صدارت دوسرے دن کے دوسرے اجلاس بعنوان ’’تلقین ِعمل‘‘ کی کارروائی کا آغاز ہوا۔ صدر مجلس انصاراللہ جرمنی مبارک احمد شاہد صاحب اور فرانس سے تشریف لائے ہوئے مہمانوں نے اس اجلاس میں شرکت فرمائی۔تلاوت اور نظم کے بعد مولانا حامد کریم محمود صاحب نے ’’سیرت صحابہ آنحضرتؐ‘‘ اورنصیر احمد طاہر صاحب نائب صدر اول مجلس انصاراللہ ہالینڈ نے ’’حضرت مسیح موعودؑ کے صحابہ کی اطاعت کے نمونے‘‘ کے موضوع پر تقاریر کیں۔
بعد ازاں گیسٹ ہاؤس مجلس انصاراللہ ہالینڈ اور ماڈل ولیج پر الگ الگ نہایت خوب صورت پریزنٹیشنز ہوئیں۔
اس کے بعد تلاوت، نظم، تقریر، تقریر فی البدیہہ، حفظ القرآن، پیغام رسانی اور پرچہ دینی معلومات کے مقابلہ جات کروائے گئے۔
آٹھ بجے سب شاملین اجتماع کے لیے باربی کیو کا انتظام کیا گیا۔ اس موقع پر اجتماع مجلس انصاراللہ ہالینڈ میں پہلی بار شامل ہونے والوں کے مختصر انٹرویو بھی ریکارڈ کیے گئے۔
نماز مغرب و عشاء کی ادائیگی کے بعدتمام انصار اپنی اپنی رہائش گاہوں میں چلے گئے۔
انصار کو ہومیوپیتھک اور ایلوپیتھک ادویات مہیا کی گئیں۔اجتماع کے دوسرے دن ۲۳۵؍ انصار اور چھ غیرملکی مہمانان اور ایک ڈچ غیرازجماعت مہمان بھی اجتماع میں رونق افروز رہے۔
تیسرا دن ۲۵؍ جون ۲۰۲۳ء
نماز تہجد، فجر اور درس کےبعد سب انصار نے انفرادی طور پر تلاوت قرآن کریم کی۔پھر صبح کی سیر اور ناشتہ کے بعدکرکٹ کا فائنل مقابلہ منعقد ہوا۔
جرمنی اور فرانس سے آئے ہوئے مہمانوں کے ساتھ صدرمجلس ہالینڈ،مجلس عاملہ اور ناظمین اجتماع کی ملاقات ہوئی اور ناشتہ کیا گیا۔ بعد ازاں یادگار تصاویر ہوئیں اور دعا کے ساتھ مہمانوں کو رخصت کیا گیا۔
ساڑھے دس بجے ’’حقیقۃ الوحی‘‘ کوئز مقابلہ کے اجلاس کا آغاز صدر مجلس انصاراللہ ہالینڈ کی صدارت میں تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ تین ٹیمیں، ٹیم نورالدین، ٹیم بشیرالدین اور ٹیم ناصر کے مابین بہت دلچسپ اور سخت مقابلہ ہوا۔ اس مقابلہ میں مکرم امیر صاحب اور صدرمجلس بھی تشریف فرما رہے۔
اس پروگرام میں محمدمقصوداحمد منیب (مربی سلسلہ)نے منصف کے فرائض سرانجام دیے۔ ایک معیاری مقابلہ کے بعد ٹیم ناصر نے یہ مقابلہ جیتا۔
پھر ڈاکٹر سہیل احمد خان صاحب نے صحت کے حوالہ سے بہت مفید پریزنٹیشن دی اور سوال وجواب ہوئے۔کھانےکے بعد نماز ظہرو عصر باجماعت ادا کی گئیں۔
اختتامی اجلاس
مکرم ہبۃ النور فرحاخن صاحب امیر جماعت ہالینڈکی زیر صدارت اجتماع کے آخری اجلاس کی کارروائی کا آغاز ہوا۔تلاوت قرآن کریم، عہد اور نظم کے بعد ناظم اعلیٰ اجتماع نصیر احمد طاہر صاحب نے رپورٹ پیش کی۔ انہوں نے بتایا کہ مجموعی طورپر ہمارے اجتماع میں امسال ۲۹۲؍ انصار نے شرکت کی ہے۔
مکرم امیر صاحب نے علمی و ورزشی مقابلہ جات میں پوزیشن حاصل کرنے والے انصار میں انعامات تقسیم کیے اور آخر پر عَلَمِ انعامی کی حق دار مجلس آرنہم کے زعیم مجلس اور انصار بھائیوں کو علم انعامی سے نوازا گیا جس کے بعد داؤداکمل صاحب صدرمجلس انصاراللہ ہالینڈ نے اظہار تشکر کے بعد اجتماع میں شامل انصار کو توجہ دلائی کہ ہمیں اپنے اپنے جائزے لینے چاہئیں کہ ہمارے کیا معیار ہیں اور اصل میں کیا ہونے چاہئیں۔
مکرم امیر صاحب نے اپنی اختتامی تقریر میں تبلیغ پر زور دیا اور تبلیغی روابط بڑھانے اور زیرِتبلیغ احباب سے مسلسل رابطہ رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ آخر پر مبلغ انچارج صاحب نے دعا کروائی اور یوں اجتماع کا تیسرادن اپنے کامیاب اور بابرکت اختتام کو پہنچا۔
مکرم امیر صاحب اور صدرمجلس کے ساتھ جملہ شاملین اجتماع کا گروپ فوٹو ہوا۔ سب انصار نے وائنڈ اپ کروایا اور اجتماع کی برکات سمیٹتے ہوئے اپنے گھروں کے لیے عازمِ سفر ہوئے۔
(رپورٹ: عدیل باسم۔نمائندہ روزنامہ الفضل انٹرنیشنل)