پہلا انٹرنیشنل ریفریشر کورس برائے نمائندگان روزنامہ الفضل انٹرنیشنل لندن
الحمد للہ کہ روزنامہ الفضل انٹرنیشنل کے نمائندگان دنیا بھر میں موجود ہیں جو اپنے ممالک میں ہونے والی جماعتی سرگرمیوں کی رپورٹس قارئین الفضل تک پہنچانے اور انہیں تاریخ احمدیت کا حصہ بنانے کے لیے بہت محنت اور محبت سے کاوش بجا لاتے ہیں۔
حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی پُر شفقت اجازت سے جلسہ سالانہ برطانیہ کے ایک روز بعد مورخہ یکم اگست ۲۰۲۳ء کو ادارہ الفضل انٹرنیشنل کی جانب سے طاہر ہاؤس، لندن میں اپنے نمائندگان کے لیے پہلا انٹرنیشنل ریفریشر کورس منعقد کیا گیا۔ اس ریفریشر کورس میں جلسہ سالانہ برطانیہ کے موقع پر تشریف لانے والے ۲۳؍نمائندگان بنفسِ نفیس جبکہ ۲۹؍ نمائندگان آن لائن شامل ہوئے۔ چند نمائندگان واپسی کے سفر کے سبب شامل نہ ہو سکے۔
ریفریشر کورس کی اطلاع نمائندگان کو قبل از وقت دی گئی تھی جو مقام تقریب پر صبح ساڑھے دس بجے پہنچنا شروع ہو گئے۔ جن نمائندگان کو ٹرانسپورٹ کی ضرورت تھیں انہیں ٹرانسپورٹ مہیا کی گئی۔ صبح گیارہ بج کر دس منٹ پر عمارت میں قائم مسجدمیں دو اجلاسات پر مشتمل ریفریشر کورس کا آغاز ہوا۔ تلاوتِ قرآن کریم اور اردو ترجمہ مکرم اسامہ بٹ صاحب مربی سلسلہ الفضل انٹرنیشنل نے پیش کیا۔ بعد ازاں مکرم حافظ محمد ظفراللہ عاجزؔ صاحب مدیر اعلیٰ الفضل انٹرنیشنل نے استقبالیہ کلمات میں ریفریشر کورس کا تعارف و مقصد بیان کیا اور تمام شاملین کا شکریہ ادا کیا جس کے بعد تمام شاملین نے فرداً فرداً اپنا تعارف کروایا۔ ریفریشر کورس کے پہلے اجلاس میں الفضل کےشعبہ جات کے ایڈیٹرز نے ایک ترتیب سے اپنے اپنے شعبہ جات کے تعارف پر مبنی پریزنٹیشنز پیش کیں۔
سب سے پہلے مکرم سید احسان احمد صاحب کانٹینٹ و مینیجنگ ایڈیٹر نے اپنے شعبہ کا تعارف کرواتے ہوئے بتایا کہ ان کے شعبہ کے ذمہ خلاصہ خطبہ جمعہ و خطابات حضور انورایدہ اللہ کی تیاری نیز ادارے کو موصولہ علمی و تربیتی مضامین، یادرفتگان، مدیر کے نام خطوط نیز اطلاعا ت و اعلانات وغیرہ کی اشاعت کے لیے ضروری کارروائی وغیرہ امور ہیں۔
اس کے بعد خاکسار نے بطور نیوز ایڈیٹر و نگران ویب سائٹ الفضل عرض کیا کہ ’شعبہ نیوز و الفضل ویب سائٹ‘ کا بنیادی کام ہر قسم کی تبلیغی، تعلیمی،امدادی اور جماعتی سرگرمیوں کی رپورٹس کو اخبار میں شائع کر کے محفوظ کرنا نیز تمام نمائندگان سے فعال رابطہ رکھنا ہے۔ اسی ضمن میں حضور انور ایدہ اللہ کےخطبات،خطابات اور دورہ جات کی رپورٹس پر خصوصی مساعی کی جاتی ہیں۔ کوشش کی جاتی ہے کہ طبع ہونے کے ساتھ ساتھ انہیں آن لائن قارئین کو پہنچا دیا جائے۔ الفضل کی ویب سائٹ سے متعلق جملہ امور کا مختصراً تعارف بھی پیش کیا گیا۔
اس کے بعد مکرم جواد احمد قمرصاحب سوشل میڈیا ایڈیٹر نے ایک دلچسپ پریزنٹیشن پیش کی جس میں انہوں نے دنیا کے سوشل میڈیا کی جانب بڑھتے ہوئے رجحان کے بارے میں اعدادو شمار پیش کیے۔انہوں نے بتایا کہ فیس بک، ٹوئٹر، انسٹاگرام، یوٹیوب اور ویب سائٹ پر لاکھوں صارفین ہر ماہ الفضل کی طرف سے شائع شدہ مواد سے استفادہ کرتے ہیں۔ اس طرح جماعت احمدیہ کا پیغام دنیا تک پہنچ رہا ہے۔
پھرمکرم فرخ راحیل صاحب کاپی ایڈیٹر نے ’’شعبہ پروف‘‘ کاتعارف کرواتے ہوئے بتایا کہ وہ روزنامہ الفضل، بچوں کا الفضل اور لائیو رپورٹنگ کو پروف کرتےہیں اور تمام حوالہ جات کو اصل ماخذ سے چیک کر کے تسلی کی جاتی ہے۔ اس کے بعد انہوں نے پروف کا طریقہ کار اورپروف کے نمونے پیش کیے۔
آخر پر مکرم ذیشان محمود صاحب نائب مدیر برائے بچوں کا الفضل نے پندرہ روزہ بچوں کے الفضل کا تعارف کروایا۔ اس اخبار کا ۲۰؍جنوری۲۰۲۳ء کو اجرا ہوا تھا۔ یہ ہر ماہ کے پہلے اور تیسرے جمعہ کو شائع ہوتاہے۔ انہوں نے اخبار کے مواد کی تقسیم اور یوٹیوب پر شمارہ کی آڈیو اور ویڈیو کے بارہ میں بتایا۔
مکرم مدیر اعلیٰ صاحب نے ہر پریزنٹیشن سے قبل مربیان کا تعارف پیش کیا۔ پریزنٹیشنز کے بعد سوال و جواب کا مختصر سیشن ہوا۔
چائے کے مختصر وقفہ کے بعد مکرم حنیف احمد محمود صاحب نائب مدیر الفضل انٹرنیشنل نے ’’بطور صحافی ذاتی تجربات‘‘ بیان کیے اور نمائندگان کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔ انہوں نے صحافت کی تعریف کے بعد وسیع رابطوں کی اہمیت بیان کی۔ انہوں نے ذرائع ابلاغ سے فائدہ اٹھانے، قارئین کے مزاج کے مطابق خبریں اور معلومات دینے، خود بھی مضامین لکھنے اور اپنے علاقے یا ملک کے نامور صحافیوں یا اخبارات سے رابطے میں رہنے کی تلقین کی۔
اس کے بعد مکرم ذیشان محمود صاحب نے ’’اخبار الفضل میں نامہ نگاری کے چند اصول‘‘ کے عنوان پرایک پریزنٹیشن دی جس میں ایک معیاری رپورٹ تیار کرنے کا طریق بتایا۔ ازاں بعد مکرم محمد سلطان ظفرصاحب نمائندہ الفضل کینیڈا نے رپورٹ تیار کرنے کے حوالہ سے ایک عمدہ پریزینٹیشن پیش کی۔
ریفریشر کورس کے اختتام پر مدیر اعلیٰ صاحب نے تمام شاملین کا شکریہ ادا کیا۔ دعا کے ساتھ ریفریشر کورس کا باقاعدہ اختتام ہوا جو مکرم حامد کریم صاحب (نمائندہ ہالینڈ)نے کروائی۔ دعا اور نمازِ ظہر کے بعد طاہر ہاؤس کی زیریں منزل میں حاضرین کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔ تمام شاملین کو سنداتِ شرکت نیز دفتر کی جانب سے سوونیئر(سالانہ نمبر اور الفضل کے لوگو (Logo)والا کپ) پیش کیے گئے۔ ریفریشر کورس کے دوران نمائندگان نے ایک دوسرے سے اور الفضل کے عملہ سے باہمی تعارف بھی حاصل کیا اور ریفریشر کورس کے انعقاد کو خوش آئند اور مفید قرار دیا۔
اللہ تعالیٰ اس ریفریشر کورس کے مثبت اثرات مترتب فرمائے نیز روزنامہ الفضل انٹرنیشنل کی عالمی ٹیم کو بہترین انداز میں اپنے مفوضہ فرائض سرانجام دینے کی توفیق دے۔ آمین
(رپورٹ:احسن مقصود، نیوز ایڈیٹر روزنامہ الفضل انٹرنیشنل)
ماشاء اللہ۔ ادارہ الفضل مبارک باد کا مستحق ہے۔ دنیا بھر میں پھیلے تمام کارکنان کو اللہ تعالٰی بہترین جزا دے۔ خلافت کی راہنمائی میں الفضل نے دنیا کے تمام احمدیوں کو یوں اکٹھا کر دیا ہے کہ ہر جگہ کی خیر خبر اور جماعتی ترقیات کا علم ہونے سے اخوت کا رشتہ اور مضبوط ہوتا ہے۔ جزاک اللہ احسن الجزا