سالانہ اجتماع۔ مجلس انصاراللہ نارتھ ویسٹ ریجن یوکے
الحمدللہ مورخہ ٢؍ جولائی ۲۰۲۳ء بروز اتوار مجلس انصاراللہ نارتھ ویسٹ ریجن یوکےکو اپنا سالانہ تربیتی اجتماع منعقد کرنے کی توفیق حاصل ہوئی۔ جغرافیائی لحاظ سے نارتھ ویسٹ ریجن میں یوکے کے شمال مغرب کے وسیع علاقے کی تمام مجالس شامل ہیں۔ ان میں مانچسٹر شہر کی چار مجالس نیز بولٹن، سٹاک پورٹ، پریسٹن، بلیک برن کے علاوہ لیور پول اور نارتھ ویلز کی مجالس بھی اس ریجن کا حصہ ہیں۔
اجتماع کے انعقاد سے تقریباً تین ماہ قبل اجتماع کمیٹی کی تشکیل کی گئی جس کے ممبران کے ذمہ اجتماع سے متعلق مختلف ڈیوٹیاں لگائی گئیں۔ مورخہ٢؍جولائی ۲۰۲۳ء بروز اتوار، مانچسٹر کی خوبصورت مسجد دارالامان میں اس اجتماع کے لیے تمام انصار برادران جمع ہوئے۔
افتتاحی اجلاس کی صدارت مکرم و محترم داؤد احمد عابد صاحب نائب قائد تربیت و مربی سلسلہ نے کی۔ تلاوت، عہد اور نظم کے بعد، مکرم محمد احمد خورشید صاحب مربی سلسلہ نے حضرت مسیح موعودؑ کی بعثت کے اغراض و مقاصد پر تقریر کی۔بعد ازاں افتتاحی تقریر میں مکرم داؤد احمد عابد صاحب نے اُن انفرادی اور معاشرتی تبدیلیوں کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی جو حضرت مسیح موعودؑکے پیدا کردہ روحانی انقلاب کے باعث ظہور پذیر ہوئیں۔ دعا کے ساتھ افتتاحی اجلاس کا اختتام ہوا۔افتتاحی اجلاس کے بعد قریبی سپورٹس کمپلیکس میں ورزشی مقابلہ جات کا انعقاد کیاگیا۔ انصار نے مقابلہ جات فٹبال، رسہ کشی، کلائی پکڑنا، سلو سائیکلنگ، ٥٠ میٹر دوڑ اور والی بال میں بہت جوش و خروش سے حصہ لیا۔
دوپہر کے کھانے اور ظہر کی نماز کی ادائیگی کے بعد مکرم محمد احمد خورشید صاحب مربی سلسلہ نے ذکر حبیبؑ کے موضوع پر مختصر تقریر کی۔ بعد ازاں انصار کے مابین علمی مقابلہ جات کا انعقاد ہوا جن میں تلاوت، نظم، مشاہدہ معائنہ، اردو اور انگلش تقاریر، فی البدیہہ تقاریر، اور حفظِ قرآن کے مقابلہ جات شامل تھے۔ علمی مقابلہ جات کے بعد مختلف موضوعات جن میں صحت کے تقاضے، رشتہ ناطہ، CPR ٹریننگ اور Twitterپر ورکشاپس کا انعقاد کیاگیا۔ تمام انصار براداران نے ان تمام موضوعات میں بہت دلچسپی کا اظہار کیا اوران سے مستفید ہوئے۔
عصر کی نماز کے بعد اجتماع کا اختتامی اجلاس ہوا جس کی صدارت مکرم ڈاکٹر اعجاز الرحمٰن صاحب صدر مجلس انصاراللہ UK نے کی۔ تلاوت، نظم، اجتماع رپورٹ کے بعد تقسیم انعامات کی تقریب ہوئی۔ اختتامی تقریر میں مکرم صدر صاحب مجلس نے تمام انصار کو مجلس کے کاموں میں شمولیت اور خاص طور پر انفرادی امور مثلاًماہانہ رپورٹ جمع کروانے کی طرف خاص توجہ دلائی۔اجلاس کا اختتام دعا کے ساتھ ہوا۔
اختتامی اجلاس کے بعد تمام حاضرین کو کھانا پیش کیا گیا۔ اللہ تعالیٰ تمام شاملین اور کارکنان پر اپنا خاص فضل فرمائے اور اس اجتماع کو ہم سب کی زندگیوں میں ایک مثبت تبدیلی کا باعث بنائے۔ آمین ثم آمین
(رپورٹ:اطہر اکرم چٹھہ۔ سیکرٹری اجتماع)