مجلس انصار اللہ سوئٹزرلینڈ کے تیسویں سالانہ اجتماع ۲۰۲۳ء کا کامیاب انعقاد
محض اللہ کے فضل سے مجلس انصار اللہ سوئٹزرلینڈ کا تیسواں سالانہ اجتماع مورخہ۲۴ و ۲۵؍جون ۲۰۲۳ء بروز ہفتہ اتواراپنی تمام اسلامی و جماعتی روایات کے ساتھ نور مسجد ویگولٹینگن کے ملحقہ ہال میں منعقد ہوا۔
پہلے روز احباب کی حاضری ۷۸؍ جبکہ دوسرے روز ۹۹؍ رہی۔ جبکہ۶۰؍ کنیکشنز پر آن لائن بھی دیکھا گیا۔
مکرم ملک عارف محمود صاحب صدر مجلس انصار اللہ نے جنوری میں مکرم اویس احمد طاہر صاحب کو ناظم اعلیٰ مقرر کیا۔ اجتماع سے قبل دو دفعہ وقار عمل کے ذریعے اجتماع گاہ کو سجایا گیا۔
پہلے روز اجتماع کا آغاز صبح ساڑھے دس بجے پرچم کشائی کی تقریب سے ہوا۔ ملک عارف محمود صاحب صدر مجلس انصار اللہ سوئٹزرلینڈ نے سوئٹزرلینڈ کا قومی پرچم جبکہ مہمان خصوصی مکرم و محترم عطاء المجیب راشد صاحب امام مسجد فضل لندن نے لوائے انصار اللہ لہرایا جس کے بعد آپ نے دعا کروائی۔ اس کے بعد افتتاحی تقریب کا آغاز محترم مہمان خصوصی کی صدارت میں ہوا۔ تلاوت،عہد اور نظم کے بعد محترم صدر صاحب مجلس انصار اللہ نے اپنے خطاب میں انصار کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔ جس کے بعد مکرم ولید طارق تار نتسر صاحب نیشنل امیر جماعت سوئٹزرلینڈ نے افتتاحی تقریر کی جس میں انہوں نے انصار کو اپنی ذمہ داریاں احسن رنگ میں ادا کرنے کی تلقین کی۔ آخر پر محترم امیر صاحب نے دعا کروائی۔
دعا کے بعد تلاوت، نظم اور تقاریر کے مقابلہ جات ہوئے۔ دوپہر کے کھانے اور نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد سہ پہر تین تا چھ بجے موحل ہائم کےسیکنڈری سکول کے ہال اور میدان میں ورزشی مقابلہ جات ہوئے۔ ورزشی مقابلہ جات کے بعد سات بجے شام نور ہال میں بیت بازی کا دلچسپ مقابلہ ہوا۔ بیت بازی کے بعد محترم مہمان خصوصی کے ساتھ ایک محفل کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں انہوں نے اپنا منظوم کلام سناتے ہوئے خوب داد وصول کی۔
اجتماع کے دوسرے روز کا آغاز نماز تہجد، نماز فجر و درس و تلاوت سے ہوا۔ صبح ناشتہ کے بعد موحل ہائم کےسیکنڈری سکول کے ہال اور میدان میں بقیہ ورزشی مقابلہ جات منعقد ہوئے۔ ورزشی مقابلہ جات کے بعد نور ہال میں بقیہ علمی مقابلہ جات ہوئے۔ جس کے بعد محترم مہمان خصوصی کی صدارت میں تلقین عمل کے موضوع پر اجلاس منعقد ہوا۔ تلاوت قرآن کریم مع اردو و جرمن ترجمہ کے بعد مکرم عبدالخالق صاحب اسسٹنٹ پرائیویٹ سیکرٹری (انصار سیکشن)اور محترم مہمان خصوصی نے تقریر کی۔
دوپہر کے کھانے اور نمازوں کی ادائیگی کے بعد اجتماع کا اختتامی اجلاس محترم مہمان خصوصی کی صدارت میں شروع ہوا۔ تلاوت قرآن کریم مع اردو و جرمن ترجمہ، عہد اور نظم کے بعد محترم صدر صاحب مجلس انصار اللہ نے مہمان خصوصی کا تعارف پیش کیا۔ مکرم اویس احمد طاہر صاحب ناظم اعلیٰ نے اجتماع کی رپورٹ پیش کی۔ رپورٹ کے بعد محترم مہمان خصوصی نے علمی اور ورزشی مقابلہ جات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے انصار میں انعامات تقسیم کیے۔اس کے بعد محترم مہمان خصوصی نے اپنی اختتامی تقریر میں خلافت سے وابستہ رہنے کی تلقین کی اور اختتامی دعا کروائی۔ اختتامی دعا کے معاً بعد مرکزی مہمان خصوصی کے ساتھ اجتماع کی انتظامیہ کےگروپ فوٹوز ہوئے۔ محترم صدر صاحب مجلس انصار اللہ نے مہمان خصوصی کی خدمت میں یاد گیری شیلڈ پیش کی۔
(صبا ح الدین بٹ۔نمائندہ روزنامہ الفضل انٹرنیشنل سوئٹزرلینڈ)