بچوں کا الفضل

کیوں؟

پیارے بچو! لیجیے ہم حاضرہیں ایک اور دلچسپ سوال کے ساتھ! ہمارا آج کا سوال ہے

بارش کیوں اور کیسے ہوتی ہے؟

پیارے بچو! اکثرآپ نے دیکھا ہے کہ بار ش سے پہلے آسمان بادلوں سے گھر جاتا ہے ۔ یہ خاص قسم کے بادل ہوتے ہیں، جنہیں ہم ’’برساتی بادل‘‘ کہتے ہیں۔ یہ پانی سمندروں،جھیلوں اور دریاؤں سےسورج کی حرارت کی وجہ سے آبی بخارات بن کر فضا میں پھیلتا ہے اور پھر اونچائی پر جا کریہ بخارات گھنے بادلوں کی شکل اختیار کرلیتے ہیں۔ مثال کے طور پر جب ہم کسی برتن میں پانی گرم کرتے ہیں تو اس سے بھاپ نکلتی ہے اگر اس پر ایک ڈھکن رکھ دیں تو پانی کے قطرے اس پر جمے ہوئے دکھائی دینے لگتے ہیں اور جب ہم ڈھکن کو برتن سے دور کریں گے تو وہ بھاپ ٹھنڈی ہو کرپانی بن کر ٹپکنے لگتی ہے۔

اسی طرح فضا میں اونچائی کے ساتھ ساتھ ہوا کا درجہ حرارت کم ہوتا جاتا ہے اور بھاپ واپس پانی کی شکل اختیار کرنا شروع کر دیتی ہے۔ یہ جمنےکی سطح مختلف موسموں میں الگ الگ ہوتی ہے اور یہی بادل بارش برساتے ہیں یعنی پانی کے چھوٹے قطرے آپس میں ٹکراتے ہیں اور پھر ٹوٹ کر زمین پر ٹپکنے یا تیزبرسنے لگتے ہیں اور پھر برسات شروع ہوجاتی ہے ۔

بارش کے یہ قطرے کبھی پانی کی شکل میں برستے ہیں،کبھی ژالہ باری یا اولوں کی شکل اختیار کر لیتے ہیں اورکبھی یہ برفباری کی شکل میں گرتے ہیں۔ پھر بارش کا پانی دوبارہ زمین سے ہوتا ہوا جھیلوں،دریاؤں ، نہروں اور سمندروں میں پہنچ جاتا ہے۔ اس سارے عمل کو آبی چکر یا واٹر سائیکل (Water Cycle) کہا جاتاہے۔

یہ بارش زیر زمین پانی کی مقدار کو پورا کرتی ہے تا کہ لوگوں کو پینے کے لیے میٹھاپانی میسر رہے نیز زراعت،پھلوں اور پودوں کےلیے بھی بارش زندگی کی حیثیت رکھتی ہے۔ بارش کا ایک قطرہ تقریباً ایک یا دو ملی میٹر کا ہوتا ہے۔ بارش کاحد سے زیادہ ہونا سیلاب کا سبب بنتا ہے لیکن یہ بھی ایک قدرتی عمل ہے جس سے زمین پر مٹی زرخیز ہوتی ہے۔

بچو! دنیا کے مختلف ملکوں میں بارش کے مختلف موسم ہیں۔ آپ کے ملک میں بارش کس موسم یامہینے میں ہوتی ہے؟ کیا آپ کو بارش میں نہانا پسند ہے؟

(الف۔ فضل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button