لجنہ اماء اللہ کے صد سالہ جوبلی کے موقع پر بنگلہ دیش میں بین المذاہب کانفرنس کا انعقاد
لجنہ اماء اللہ کے صد سالہ جوبلی کے پروگرام کے تحت ۱۰؍ جولائی ۲۰۲۳ء کو ڈھاکہ کے بخشی بازار مرکزی مسجد کے لجنہ ہال میں لجنہ اماء اللہ بنگلہ دیش نے ایک بین المذاہب کانفرنس کا انعقاد کیا۔ اس کانفرنس کی صدارت ریحانہ خیرصاحبہ صدر لجنہ اماء اللہ بنگلہ دیش نے کی۔ اس کانفرنس میں ۱۸۵؍ احمدی اور ۴۲؍ غیر احمدی مہمان شامل ہوئے۔ اس کانفرنس کا عنوان ’’ہمارے مذہب میں عورت کا احترام اورآزادی‘‘ تھا۔ اس موضوع پر ہندو، عیسائی، بدھ اور اسلام کے معزز نمائندگان نے اپنی اپنی مذہبی کتب کے حوالے پیش کرتے ہوئے تقاریر کیں۔
معزز مہمان شپریا وٹاچاریہ، جو بنگلہ دیش میں عورتوں کے حقوق کے بارے میں کام کرنے والی ایک تنظیم کے صدر ہیں، نے’’ہندو مذہب میں عورت کا احترام اورآزادی‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔
عیسائی مذہب کے حوالہ سے
Sister Riva Veronica D‘ Costa،- R. N. D. M. Co- Ordinator,
بین المذاہب تبادلہ خیالات کمیشن جو کہ ایک عیسائی تنظیم ہے، نے تقریر کی۔
پروفیسر ڈاکٹر نیروچیئرمین پالی ڈیپارٹمنٹ ڈھاکہ یونیورسٹی نے بدھ مذہب کے حوالہ سے تقریر کی۔
آخر میں روشن جہان صاحبہ، نائب صدر لجنہ اماء اللہ بنگلہ دیش نے ’’اسلام میں عورت کا احترام اورآزادی‘‘ کے موضوع پر گفتگو کی۔
کانفرنس کے اختتام پر بعض معزز مہمانوں نے اپنے خیالات کا ظہار کیا۔ کانفرنس میں آنے والے معزز مہمانوں میں سلمہ بنت حق، ڈپٹی ریجسٹرر، ڈھاکہ یونیورسٹی، شمس النہار بھوئیاں، چک بازار تھانہ لالباغ ۲۹،۲۸،۲۷ نمبر وارڈ کی مخصوص خواتین کاؤنسلرز، ایروما دتّا، پارلیمنٹ ممبر، مخصوص خواتین ممبر، سعدیہ آفرین، وکیل-ہائی کورٹ ڈویژن سپریم کورٹ۔ عین النہار، پروفیسر شعبہ بشریت جہانگیر نگر یونیورسٹی۔
دوسرے مذاہب اور غیر احمدی مسلمان خواتین مہمانان نے ایک رضاکارانہ تنظیم کے لحاظ سے لجنہ اماء اللہ بنگلہ دیش کی مذہبی تعلیم پر عمل پیرا ہونا اور اشاعتِ دین نیز سماجی کاموں کو سراہا۔
جہانگیر نگر یونیورسٹی کے پروفیسر عین النہار نے جماعت احمدیہ کی ملک اور دنیا بھر میں جاری سرگرمیوں کی تعریف کی اور ایک تنظیم کے طور پر اس جماعت کی شفافیت کی تعریف کی۔
اس کانفرنس میں لجنہ اماء اللہ کا تعارف اور سرگرمیوں پر مشتمل ایک ملٹی میڈیا نمائش بھی لگائی گئی۔
تقاریرکے علاوہ اس کانفرنس کا ایک خاص قابل توجہ امر یہ تھا کہ احمدیہ مسلم سٹوڈنٹ ایسوسی ایشن اور ناصرات الاحمدیہ بنگلہ دیش کے زیر اہتمام ایک نمائش کا انتظام کیا گیا تھا۔ اس نمائش میں لجنہ اماء اللہ کی مختلف سرگرمیوں اور صدسالہ جشن تشکر اور لجنہ اماء اللہ کے مختلف اشاعت کی نمائش کی گئی۔ اس کے علاوہ دار التبلیغ مسجد کی تیسری منزل پر نصب شدہ نمائش سے معزز مہمانان کرام لطف اندوز ہوئے اور اس کی بے حد تعریف کی۔
اس کانفرنس میں حاضر مہمانان کو جماعتی کتب اور صدسالہ لوگو والا یادگار سوونیئر بطور تحفہ دیا گیا اورآخر پر مہمانان کی تواضع بھی کی گئی۔
صد ر صاحبہ کی اختتامی تقریر اور دعا کے ساتھ اس کانفرنس کا اختتام ہوا۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہےکہ وہ اس پروگرام کے نیک نتائج پیدا کرتے ہوئے اسے مزید لوگوں کی ہدایت کا باعث بنائے۔ آمین
(رپورٹ: قرة العین۔ بنگلہ دیش)