سالانہ ریجنل اجتماع و تربیتی کلاس مجلس خدام الاحمدیہ آبی جان، آئیوری کوسٹ
محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس خدام الاحمدیہ علاقہ آبی جان (Abidjan)، آئیوری کوسٹ (Côte d‘Ivoire)کو اپنی سالانہ ریجنل تربیتی کلاس مورخہ ۱۶ تا ۲۱؍ جولائی۲۰۲۳ء بروزاتوار تا جمعۃ المبارک منعقد کرنے کی سعادت نصیب ہوئی۔ تربیتی کلاس کے انعقاد کے فوراً بعد ہی ریجنل سالانہ اجتماع کا بھی انعقاد کیا گیا جو کہ مورخہ ۲۲ و۲۳؍ جولائی بروز ہفتہ و اتوار منعقد کیا گیا۔تربیتی کلاس و اجتماع کا انعقاد آبی جان میں واقع جماعتی جگہ مہدی آباد میں کیا گیا۔
سالانہ ریجنل تربیتی کلاس
مورخہ ۱۶؍ جولائی کو خدام و اطفال کی آمد کا سلسلہ شروع ہوا۔ تربیتی کلاس کے انعقاد سے قبل کلاس کے لیے ایک نصاب مقرر کیا گیا جس کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر کلاسز کا انعقاد کیا جاتا رہا۔تیس منٹ کے ہر سیشن میں مختلف موضوعات کے متعلق شاملین کو معلومات فراہم کی جاتی رہیں۔ بروز سوموار تربیتی کلاس کا آغاز صبح آٹھ بجے ہوا۔اس دن قاعدہ یسرنا القرآن، حدیث، تلاوت قرآن کریم، سیرت و سوانح حضرت محمد مصطفیٰﷺ،اسلام، احمدیت، مذہبی معلومات نیز نماز سادہ و باترجمہ کے سیشنز کا انعقاد ہوا۔ جب کہ باقی ایام میں بھی ان مضامین کے علاوہ دیگر مثلاً سیرت وسوانح حضرت مسیح موعودؑ، تعارف مجلس خدام الاحمدیہ،نظام جماعت احمدیہ،چندہ کا نظام نیزجنرل نالج وغیرہ جیسے مضامین تربیتی کلاس کے نصاب کا حصہ رہے۔جبکہ ان ایام میں روزانہ پنجوقتہ نماز کے ساتھ ساتھ باجماعت نماز تہجد کا بھی اہتمام کیا جاتا رہا نیز مختلف مواقع پر دروس بھی اس پروگرام کا حصہ رہے۔ جبکہ نماز عصر کے بعد ورزشی مقابلہ جات بھی کروائے جاتے رہے۔بروز جمعۃ المبارک تربیتی کلاس کے شاملین نے پڑھائے گئے مضامین کا امتحان دیا اور پرچہ جات کی چیکنگ بھی اسی روز مکمل کر لی گئی۔تربیتی کلاس میں مکرم سماکے محمد صاحب(Samake Mouhammad) معلم سلسلہ، عبدالرحمان وترا صاحب معلم سلسلہ نیز شمس الدین صاحب معلم سلسلہ نے خدمات سر انجام دیں۔
پہلا سالانہ اجتماع
مورخہ ۲۲؍ جولائی بروز ہفتہ سالانہ ریجنل اجتماع کا اہتمام کیا گیا۔صبح آٹھ بجے ہی دیگر خدام و اطفال کی آمد کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا۔ صبح نو بجے لوائے خدام الاحمدیہ لہرانے کے ساتھ ہی اجتماع کا باقاعدہ آغاز ہوا۔اس پروگرام کی صدارت مکرم جابی مصطفیٰ صاحب (Djiabi Moustafa)نیشنل صدرمجلس خدام الاحمدیہ نے کی۔تلاوت، فرانسیسی ترجمہ، عہد، قصیدہ کے بعد قائد صاحب علاقہ نے تقریر کی۔ ان کے بعد مکرم جابی مصطفیٰ صاحب نیشنل صدر خدام الاحمدیہ نے تقریر کی اور دعا کروائی جس کے بعد باقاعدہ مقابلہ جات کا آغاز ہوا۔ سب سے اول خدام واطفال کے علمی مقابلہ جات کا اہتمام کروایا گیا۔نماز ظہر وعصر کی باجماعت ادائیگی کے بعد تک ان علمی مقابلہ جات جاری رہے۔ شام چار بجے سے ورزشی مقابلہ جات کا سلسلہ شروع ہوا جس کا سلسلہ نماز مغرب و عشاء کے ساتھ ختم ہوا۔
اجتماع کے دوسرے دن کا آغاز باجماعت نماز تہجد و فجر و درس سے ہوا۔درس مکرم دامبیلےمحمد صاحب (Dembele Mamadou) نے دیا۔ جس کے بعد بقیہ ورزشی مقابلہ جات کا اہتمام کیا گیا۔اور ناشتہ کے بعد نو بجے صبح اجتماع کے دوسرے سیشن کا آغاز ہوا۔تلاوت، فرانسیسی ترجمہ، عہد کے بعد قصیدہ حضرت مسیح موعودؑ پیش کیا گیا۔جس کے بعد اجتماع کے عنوان ’نوجوان نسل اور جوئے کے بد اثرات‘ پر مکرم سنگارے محمد صاحب(Sangare Mamadou) نے تقریر کی۔ جس کے بعد مہمانان کرام نے مختصر خطاب کیے جن میں ڈاکٹر احمد کولیبالی صاحب(Dr. Ahmed Coulibaly) نے چونکہ حال ہی میں فریضہ حج ادا کیا تھا چنانچہ انہوں نے حج کے دوران پیش آنے والے ایمان افروز واقعات کا ذکر کیا اور مکرم رافع احمد تبسم صاحب (Rafe Ahmed Tabassum)مبلغ سلسلہ ابوبو نے مجلس خدام الاحمدیہ کے قیام کی اغراض اور سچ بولنے کی عادت پر تقریر کی۔ان تقاریر کے بعد تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد کیا گیا۔اس دوران تربیتی کلاس کے سب شاملین کو سند شرکت سے نوازا گیا۔جبکہ پہلی تین پوزیشنز والے خدام واطفال کو سند حسن کارکردگی سے نوازا گیا۔ خدام میں بالترتیب پہلی تین پوزیشنز مکرم سلووئے مسرور احمد(Silué Masrour ahmed)، مکرم جابی عباس صاحب(Diaby abbas) نیز دیئے عبدالسلام صاحب (Déa Abdous salam) جبکہ اطفال میں سے بالترتیب عزیزم جیاراسوبا طارق(Diarassouba Trik)،عزیزم سماکے طلحہ(Samaké Talha) اور عزیزم کولیبالی عبدالعزیز (Coulibaly Abdoul aziz)قرار پائے۔آبوبو مجلس نے مجموعی طور پر زیادہ انعامات حاصل کرکے بہترین مجلس ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ نیشنل صدر صاحب نے قرآن کی بہترین قراءت حوصلہ افزائی کے لیے دوخدام مکرم ساوانے محمد صاحب نیز اونیبو عبدالاحمد صاحب کو خصوصی انعام سے بھی نوازا۔جس کے بعد قائد علاقہ نے تمام حاضرین کا شکریہ ادا کیا اور مکرم جابی مصطفیٰ صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ آئیوری کوسٹ نے اختتامی تقریر کی۔اور پروگرام کا باقاعدہ اختتام دعا کے ساتھ ہوا اور طعام اور نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد تمام مہمانان کو جانے کی اجازت دی گئی۔
امسال تربیتی کلاس میں علاقہ آبی جان کی پانچ مجالس آبوبو(Abobo)،آجامے(Adjamé)،یپوگوں (Yopougon)، فایا (Faya)اور تریش ویل (Treichville)سے کل ۲۲؍اطفال نے شرکت کی۔جبکہ اجتماع میں کل ۵۶؍خدام و اطفال نے شرکت کی۔ نیشنل صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ کے علاوہ مکرم رافع احمد تبسم صاحب مبلغ سلسلہ ابوبو اور سماکے محمد صاحب معلم سلسلہ مہدی آباد نے بھی شرکت کی۔آمین
(رپورٹ: عبدالنور۔ نمائندہ روزنامہ الفضل انٹرنیشنل)