ایک روزہ جلسہ سالانہ جماعت نیوکی، کانگو کنشاسا
جماعت احمدیہ نیوکی، صوبہ Kwilu کو مورخہ ۲۸؍مئی ۲۰۲۳ء کواپنا ایک روزہ جلسہ سالانہ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔
نیوکی شہر صوبہ Kwilu کے صدر مقام باندوندو سے شمال مشرق میں ۱۱۶؍ کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ مورخہ ۲۷؍مئی ۲۰۲۳ء کو مکرم خالد محمود شاہد صاحب نیشنل امیر و مشنری انچارج عوامی جمہوریہ کانگو کی قیادت میں بارہ افراد پر مشتمل مرکزی وفد نے یہ سفر طے کیا۔ جبکہ اس سفر کے دوران دو مرتبہ کشتی کے ذریعے دو دریاؤں کو بھی عبور کرنا پڑتا ہے۔ چنانچہ Bendela کے مقام پر دریائے کسائی اور Isaka کے مقام پر دریائے Fimi عبور کرنے کے بعد بالآخر چھ گھنٹے کا سفر مکمل ہوا۔ نیوکی جماعت نے مرکزی وفد کا استقبال کیا۔
مکرم و محترم امیر و مشنری انچارج صاحب کی زیر صدارت جلسہ میں احمدیوں کی بڑی تعداد کےعلاوہ علاقہ کے میئر، مقامی غیر مسلم مرد و خواتین، مقامی پادری صاحبان، غیر احمدی امام، سیاسی، سماجی اور دیگر مذہبی شخصیات شامل ہوئیں۔
محترم امیر صاحب نے لوائے احمدیت لہرا کے باقاعدہ جلسہ کا آغاز کیا۔ تلاوت قرآن کریم مع فرنچ ترجمہ اور قصیدہ کے بعد مکرم محمد بولیمے صاحب معلم سلسلہ نے جماعت کے تعارف میں مختصر تقریر کی۔ مکرم عبد اللہ وابی صاحب معلم سلسلہ نے عالمی امن کے حوالہ سے قرآن کریم کی تعلیمات کے عنوان پر تقریر کی۔بعد ازاں مکرم احمد Awini صاحب معلم سلسلہ نے نیوکی شہر میں نئی تعمیر ہونے والی مسجد کی رپورٹ پیش کی۔
اس کے بعد مکرم امیر صاحب مساجد کی اہمیت اور امن عامہ کے متعلق قرآن کریم اور جماعت احمدیہ کی تعلیمات کے حوالہ سے حاضرین سے مخاطب ہوئے۔
حاضرین میں سے مختلف سماجی اور معزز شخصیات نے اپنے تاثرات میں عمومی طور پر اس بات کا اظہار کیا کہ جماعت احمدیہ کی امن اور بھائی چارہ پر مشتمل تعلیمات کو عام کرنے کی ضرورت ہے اور اکثر نے اس بات کا بھی اظہار کیا کہ اس تقریب میں شامل ہونے سے پہلے ہمارے دین اسلام کے بارہ میں منفی جذبات تھے جو اس تقریب کے ذریعے دور ہوچکے ہیں۔
مجموعی طور پر اس موقعہ پر ۲۸۳؍احمدی احباب کے علاوہ ۳۶۸؍مہمان شامل تھے اس لحاظ سے اس جلسہ کی کل حاضری ۶۵۱؍رہی۔ اس تقریب کے اختتام پر تمام حاضرین کو طعام پیش کیا گیا۔ جلسہ کا یہ پروگرام جماعت کی وسیع اراضی پر منعقد ہوا، اس جلسہ گاہ کے نواح میں اونچے اونچے ٹیلوں پر Rubber Plant کے جنگلات بھی پائے جاتے ہیں جو اس کی خوبصورتی میں مزید اضافہ کر دیتے ہیں۔
اللہ تعالیٰ تمام شاملین جلسہ کو بہترین اجر دے اور انہیں اس جلسہ کی برکات سے فیض یاب ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔
(رپورٹ: شاهد محمود خان۔ مبلغ سلسلہ کانگو کنشاسا)