خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭… اقوام متحدہ کے انسانی امور کے عہدیدار مارٹن گرفتھس نے سوڈان کی صورتحال پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ سوڈان میں جاری جھڑپوں کے سبب پورا ملک بھوک اور بیماری کا شکار ہوسکتا ہے۔ یہ تنازع پورے خطے کو تباہی کی طرف لے جاسکتا ہے۔ سوڈان میں لاکھوں بچے شدید غذائی قلت کا شکار ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ غذائی قلت کے شکار بچوں کو امداد نہ ملی تو وہ موت کے منہ میں جاسکتے ہیں۔
٭…امریکی اخبار وال سٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق چین کی نیشنل نیوکلیئر کارپوریشن نے سعودی عرب کے مشرقی صوبے میں قطر اور متحدہ عرب امارات کی سرحد کے قریب نیوکلیئر پاور پلانٹ تعمیر کرنے کی پیشکش کی ہے۔چین سعودی عرب کے ساتھ متعدد شعبوں میں مشترکہ تعاون جاری رکھے گا جن میں سول نیوکلیئر انرجی بھی شامل ہے۔واضح رہے کہ سعودی عرب نے امریکہ سے سول نیوکلیئر پروگرام میں تعاون کےلیے کہا تھا لیکن امریکی حکام نے شرط رکھی تھی کہ اگر یورینیم کی افزودگی نہ کرنے اور ری ایکٹر میں پلوٹونیم کو دوبارہ زیر عمل نہ لانے پر معاہدہ ہوگیا تو ہم نیوکلیئر پاور ٹیکنالوجی دے دیں گے۔
٭…نیوزی لینڈ کی سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم جینی شپلی کو ۳۹؍لاکھ ڈالر سود سمیت ادا کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے یہ حکم ایک تعمیراتی کمپنی کے دیوالیے میں سابق وزیراعظم کے کردار پر سنایا ہے۔شپلی ۱۹۹۷ء سے ۱۹۹۹ء تک نیوزی لینڈ کی پہلی خاتون وزیراعظم تھیں، وہ ایک تعمیراتی فرم کے بورڈ کی چیئرمین تھیں۔کمپنی فروخت کرنے والوں نے سابق وزیراعظم شپلی اور ڈائریکٹرز کے خلاف الزام عائد کیا کہ انہوں نے کمپنی کو اس انداز میں چلایا کہ سخت نقصانات ہوئے۔
٭…مڈغاسکر کے دارالحکومت اینٹانانیریوکے سٹیڈیم میں بھگدڑ سے بارہ افراد ہلاک جبکہ اسّی زخمی ہوگئے۔ وزیراعظم کا کہنا ہے کہ کھیلوں کے تماشائی نیشنل سٹیڈیم میں سپورٹس ایونٹ کی افتتاحی تقریب میں شرکت کےلیے داخل ہورہے تھے کہ بھگدڑ مچ گئی۔یہ افتتاحی تقریب انڈین اوشین آئی لینڈ گیمز کےلیے منعقد کی گئی تھی۔
٭… بھارت کی ریاست تامل ناڈو میں ٹرین کی بوگی میں آگ لگنے سے دس افراد ہلاک اور بیس سے زائد زخمی ہوگئے۔ سٹیشن پر کھڑی بوگی میں غیرقانونی گیس سلینڈر رکھا ہوا تھا جس کی وجہ سے آگ لگی۔بوگی میں موجود مسافر گیس سلینڈر سے چائے اور ناشتہ تیار کر رہے تھے۔ حادثے میں زخمی ہونے والوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ آگ صبح سوا پانچ بجے لگی جسے سوا سات بجے تک بجھا دیا گیا تھا۔
٭…چینی صدر شی جن پنگ نے دورہ سنکیانگ میں کہا کہ معاشرے میں غیر قانونی مذہبی سرگرمیوں کو کنٹرول کیا جائے۔ شی جن پنگ نے علاقے سنکیانگ کا دورہ کیا اور کہا کہ امریکہ اور اقوام متحدہ سنکیانگ میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا الزام لگاتے رہے ہیں۔ سماجی استحکام کو ہمیشہ ترجیح دی جانی چاہیے، معاشرے میں استحکام ترقی کی ضمانت ہوتا ہے۔ خوبصورت، متحد اور خوشحال سنکیانگ تعمیر کریں گے۔
٭…پولینڈ میں ریلوے نیٹ ورک سسٹم پر ہیکرز کے حملے نے ریل سروس کو عارضی طور پر معطل کر دیا۔پولش سیکیورٹی حکام کے مطابق پولینڈ کے ریلوے نیٹ ورک پر ہیکنگ حملے سے گذشتہ رات ریلوے ٹریفک میں خلل پڑا۔ہیکرز نے ریلوے نیٹ ورک سسٹم میں ایمرجنسی بندش فعال کرکے شمال مغربی علاقوں میں عارضی طور پر ٹرینوں کی آمد و رفت روک دی۔ پولیس اور سیکیورٹی ایجنسی ہیکنگ حملے کی تحقیقات کر رہی ہیں، پولینڈ نے روس پر ہیکنگ میں ملوث ہونے کا الزام لگایا ہے۔
٭…ایران کی عدالت نے امریکہ کو ۱۹۸۰ء میں حکومت کا تختہ الٹنے کے الزام میں ۳۳؍کروڑ ڈالر ادا کرنے کا حکم دے دیا۔ ۱۹۷۹ء میں رضا شاہ پہلوی کی حکومت کے خاتمے کے بعد ایران میں نئی حکومت قائم ہوئی تھی۔عدالت کا کہنا ہے کہ ۱۹۸۰ء میں امریکہ نے نئی حکومت کا تختہ الٹنے کی کوشش کی۔ ایرانی فضائیہ کے سابق کمانڈر عید مہدیون نے نئی حکومت گرانے کی سازش کی۔حکومت الٹنے کی کارروائیوں میں ملوث شہریوں اور سرکاری فورسز کے درمیان جھڑپوں میں متعدد افراد ہلاک اور سینکڑوں گرفتار ہوئے۔۱۹۸۰ء میں حکومت کے خلاف کارروائیوں کے دوران مرنے والے افراد کے لواحقین نے پچھلے سال عدالت میں درخواست دائر کی تھی۔ درخواست گزاروں نے موقف اختیار کیا کہ امریکہ نے اس سازش کی منصوبہ بندی کی اور حکومت گرانے کی کوشش کی۔عدالت نے درخواست گزاروں کے موقف کو تسلیم کرتے ہوئے امریکی حکومت کو حکم دیا کہ تین کروڑ ڈالر لواحقین اور املاک کو نقصان پہنچانے کے الزام میں ادا کیے جائیں۔عدالت نے حکم نامے میں مزید کہا کہ امریکی حکومت ایران میں مداخلت کرنے پر بطور سزا تیس کروڑ ڈالر بھی ادا کرے۔
٭…یوکرین کے دو تربیتی طیارے پرواز کے دوران آپس میں ٹکرا گئے جس کے نتیجے میں تین پائلٹ ہلاک ہوگئے۔ یوکرین کی فضائیہ نے اپنے بیان میں کہا کہ دو ایل۳۹ تربیتی طیاروں کے درمیان سینٹرل یوکرین میں پرواز کے دوران تصادم ہوگیا۔ یہ واقعہ زائیتومیر علاقے میں پیش آیا جو دارالحکومت کیف کے مغرب میں واقع ہے۔خیال رہے کہ امریکہ سمیت مغربی ممالک یوکرین کو ایف سولہ لڑاکا طیارے دینے کا اعلان کرچکے ہیں جس کےلیے یوکرینی پائلٹس کی ٹریننگ جاری ہے۔
٭…آسٹریلیا میں فوجی مشقوں کے دوران امریکی فوج کا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا۔ حادثے میں تین امریکی فوجی ہلاک اور بیس زخمی ہوگئے۔ طیارے میں ۲۳؍اہلکار سوار تھے جن میں سے پانچ زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے۔آسٹریلیا کے وزیراعظم نے حادثے کو افسوس ناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اور دفاع کے ایک محکمے کے طور پر ہماری توجہ واقعے کے بعد کی صورتحال اور اس بات کو یقینی بنانے پر ہے کہ اس مشکل وقت میں ہر طرح کی مدد کی جائے۔