ساتواں نیشنل اجتماع لجنہ اماء اللہ و ناصرات الاحمدیہ فن لینڈ ۲۰۲۳ء
اللہ تعالیٰ کے فضل سے لجنہ اماء اللہ فن لینڈ کو مورخہ ۵-۶؍ اگست ۲۰۲۳ء کو اپنا ساتواں سالانہ اجتماع منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ اجتماع کی تیاری کا آغاز چند ماہ قبل کر دیا گیا تھا۔ لجنہ، ناصرات اور سات سال سے کم عمر کے بچوں کا نصاب تیار کر کے تمام ممبرات کو بھجوانے کے ساتھ ساتھ لجنہ اماء اللہ فن لینڈ کی ویب سائٹ (www. lajna.fi) پر بھی شائع کیاگیا تھا۔
ممبرات لجنہ اماء اللہ سے مجالس کی سیکرٹریاتِ تعلیم نے مسلسل رابطے کر کے اجتماع میں شرکت کرنے کی طرف توجہ دلائی۔ ماہانہ اجلاسات میں اجتماع کا نصاب تفصیل سے پیش کیا گیا۔ اس کے علاوہ ہر ہفتے آن لائن کلاس کے ذریعہ لجنہ اماءاللہ کو اجتماع کانصاب پڑھایا گیا۔
اجتماع کا آغاز ۵؍ اگست بروز ہفتہ تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ عہد اور نظم کے بعد خاکسارنے افتتاحی کلمات کہے۔پھر لجنہ و ناصرات کے حفظ قرآن اور تلاوت قرآن کے مقابلہ جات کروائے گئے۔ دوسرے اجلاس میں چھوٹے بچوں کے سب مقابلہ جات کروائے گئے۔ وقت کی کمی کے باعث لجنہ اماء اللہ اور ناصرات کے کچھ مقابلہ جات بیک وقت دوسرے ہال میں بھی کروائے گئے۔ اسی طرح اجتماع کے دوسرے دن لجنہ اور ناصرات کے نظم اور اردو تقاریر کے مقابلے سٹیج پر کروائے گئے، جبکہ باقی مقابلہ جات اسی دوران دوسرے ہال میں کروائے گئے۔
امسال خصوصیت سے ہر مقابلہ کے اختتام پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی سوال و جواب کی ویڈیوز بھی دکھائی گئیں۔
اختتامی اجلاس میں تلاوت اور نظم کے بعد لجنہ اماءاللہ فن لینڈ کی تاریخ کے حوالے سے جنرل سیکرٹری طاہرہ نصر صاحبہ اور نائب جنرل سیکرٹری منزہ ظفر صاحبہ نے ایک پریزنٹیشن پیش کی۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سے امسال سالانہ اجتماع کے موقع پر لجنہ اماء اللہ کا پہلا سالانہ مجلّہ ’’مبارکہ‘‘ بھی پیش کیاگیا۔ اس مجلے کے لیے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے پُرشفقت اور نصائح سےبھرا پیغام لجنہ اماء اللہ فن لینڈ کے لیے بھجوایاجو اس مجلے میں شامل کیا گیا۔ خاکسار نے حضور انور کا پیغام ممبرات لجنہ کو پڑھ کر سنایا اور انگریزی میں اس کا ترجمہ بھی پڑھا گیا۔
آخر پر مقابلہ جات میں پوزیشنز حاصل کرنے والی ممبرات کو انعامات دیے گئے۔ اس کے علاوہ اُن لجنہ ممبرات کو سندات دی گئیں جنہوں نے صد سالہ لجنہ اماء اللہ جوبلی کے ٹارگٹس مکمل کیے۔ اس میں قرآن مجید کی آخری ۱۰، ۱۵ یا ۲۵؍ سورتیں زبانی یاد کرنے کا ٹارگٹ شامل تھا۔ اللہ کے فضل سے ۱۵؍ ممبرات لجنہ نے اس ٹارگٹ کو مکمل کیا۔
اللہ کے فضل و کرم سے سالانہ اجتماع کی کُل حاضری ۹۸؍ رہی جس میں ۵۲؍ لجنہ ممبرات، گیارہ ناصرات، ۳۳؍ بچے اور چار مہمان شامل ہیں۔ لجنہ اماء اللہ فن لینڈ کی تمام مجالس سے ممبرات لجنہ شامل ہوئیں۔
(رپورٹ: ریحانہ کوکب۔ نیشنل صدرلجنہ اماء اللہ فن لینڈ)