برکینا فاسو میں لجنہ اماء اللہ کی صد سالہ جوبلی تقریبات کا آغاز
برکینا فاسو کی لجنہ نے بھی صد سالہ جوبلی منانے کا ایک پروگرام ترتیب دیا ہے جس کے باقاعدہ آغاز کے لیے ایک تقریب منعقد کی گئی اور صد سالہ جوبلی کی تقریبات اور سرگرمیوں کے آغاز کا اعلان کیا گیا۔ یہ پروگرام واگاڈوگو میں بستان مہدی میں واقع مسرور آئی انسٹی ٹیوٹ کے کانفرنس ہال میں مورخہ ۸؍جولائی ۲۰۲۳ءکومنعقد ہوا۔ گذشتہ دو ماہ سے اس پروگرام کی تیاری جاری تھی۔ تیاری کے سلسلہ میں صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ برکینا فاسو کی سربراہی میں لجنہ کے وفود نے ملکی سطح پر اتھارٹیز اور حکومتی نمائندگان سے ملاقاتیں کیں اور انہیں لجنہ کا تعارف کروانے کے ساتھ ساتھ پروگرام میں شرکت کی دعوت دی۔
ہفتہ کے روز پروگرام کےآغاز سے کافی دیر پہلے کانفرنس ہال میں ترتیب اور نظم و ضبط کے ساتھ لجنہ کی ممبرات تشریف لے آئیں۔تمام ممبرات پُرجوش تھیں اور اپنی صدسالہ جوبلی کے پروگرام کو عمدہ طریق پر منانے کے لیے پُرعزم بھی۔ تمام ممبرات نے سفید لباس زیب تن کررکھا تھا۔ پروگرام کی مہمان خصوصی تعلقات باہمی، معاشرتی اورخاندانی بہبود اور یکجہتی کی وزیر تھیں۔آپ نے اس تقریب کی صدارت کرنا قبول کر لیا تھا اور تحریری طو رپراپنے پختہ ارادے سے مطلع کر دیا تھا۔ تاہم اسی دن نیشنل کابینہ کی میٹنگ کی وجہ سے آپ اجلاس میں شرکت نہ کر سکیں اور اپنی نمائندہ کو اپنی قائمقامی میں بھجوایا۔
ہفتہ ۸؍جولائی کو پروگرام کا آغاز گیارہ بجے دن تلاوت قرآن مجید سے ہوا بعد ازاں ترجمہ پیش کیا گیا۔ صدر صاحبہ لجنہ نے عہد دہرایا۔اس کے بعد خوبصورت انداز میں نظم پیش کی گئی۔ پھر تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا گیا۔
پروگرام کی پہلی تقریر لجنہ اماءاللہ کی تاریخ پر ہوئی جس میں بتایا گیا کہ کس طرح عاجزانہ طور پرشروع ہونے والی تنظیم لجنہ اماء اللہ آج خدمت اسلام اور خدمت انسانیت کے عظیم الشان منصوبوں پر کام کررہی ہے۔ پھر ناصرات نے ایک خاکہ پیش کیا۔ اس خاکے میں مذہب و ملت اور معاشرتی طبقاتی تفریق اور امارت و غربت کے فرق کے بغیر بطور انسان ایک دوسرے کے ساتھ تعلقات نبھانے کی خوبصورت اسلامی تعلیم کو پیش کیا گیا۔
پھر ایک اَور تقریر لجنہ اماء اللہ کی ذمہ داریوں کے حوالے سے ہوئی۔ ایک نظم کے بعد قرآن مجید ناظرہ مکمل کرنے والی لجنہ وناصرات کو اسناد دی گئیں۔ پروگرام کے آخری مراحل میں مہمان خصوصی نے اپنے اختتامی کلمات کہے۔ بعد ازاں مکرم محمود ناصر ثاقب صاحب امیر جماعت برکینا فاسو نے ویڈیو لنک کے ذریعہ مختصر تقریر کی اور دعا کروائی۔اس طرح خوبصورتی کے ساتھ یہ پروگرام اپنے اختتام کو پہنچا۔
لجنہ اماء اللہ نےاپنے مولیٰ کے حضور اظہار تشکر کے لیے صد سالہ جوبلی اس پروگرام کے موقع پر دکھی انسانیت کی خدمت کو یا درکھااور برکینا فاسو میں ہونے والے بے شمار اندرونی مہاجرین کے لیے اشیائے ضرورت کی ایک بہت مناسب مقدار مہمان خصوصی کو پیش کی جو آپ کی وساطت سے ضرورت مندو ں تک پہنچا دی جائے گی۔ روانگی سے قبل مہمان خصوصی نے بستان مہدی کے باغ میں آم کا ایک یادگاری پودا لگایا۔ اس موقع پر پریس نمائندگان نےمہمان خصوصی اور صدر صاحبہ لجنہ کا انٹرویو کیا۔
مقامی میڈیا کے نمائندگان نے ا س یادگاری پروگرام میں شرکت کی اور نیشنل ٹی وی سمیت اخبارات اور آن لائن میڈیا نے اس تقریب کو کوریج دی۔ Faso7نے تصاویر کے ساتھ اس پروگرام کی خبر دی۔
نیشنل اور ریجنل مجلس عاملہ واگادوگو کے علاوہ اس تقریب میں شرکت کے لیے واگادوگو کی لجنہ کو شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔ علاوہ ازیں تمام ریجنز سے ریجنل صدر لجنہ اور ان کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔ مجموعی طو رپر حاضری دو صد سے زائد رہی۔
(چوہدری نعیم احمد باجوہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل لندن)