جامعۃ المبشرین برکینا فاسو میں چوتھی تقریب تقسیم اسناد ۲۰۲۳ء کا انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی بابرکت راہنمائی سے برکینافاسو میں جامعۃ المبشرین کی ابتدا ۲۰۱۷ء میں ہوئی تھی۔اس جامعہ میں فرنچ ممالک سے تعلق رکھنے والے طلبہ داخل ہوتے ہیں۔ اس وقت متفرق ممالک کے طلبہ جامعۃ المبشرین میں پڑھ رہے ہیںجن کی تفصیل مندرذیل ہے۔
برکینا فاسو سے ۱۷؍، بینن سے۱۰؍، نائیجرسے ۲۴؍، آئیوری کوسٹ سے ۶؍، مالی سے ۴؍، کانگو کنشاسا، کانگو برازا ویل، سینٹرل افریقہ سے تین تین، سینیگال سے دو، گنی کناکری اور کیمرون سے ایک ایک۔
اس سال جامعۃ المبشرین سے چوتھی کلاس فارغ التحصیل ہوئی ہے۔اللہ تعالیٰ کے فضل سے اب تک چھ ممالک کے۶۳؍ طلبہ فارغ التحصیل ہوچکے ہیں۔
مختصر سالانہ کار گزاری رپورٹ
علمی مقابلہ جات : جامعہ کے طلبہ کی علمی صلاحیتیں بڑھانے کے لیے ہر سال مجلس علمی کے تحت مختلف مقابلہ جات کروائےجاتے ہیں۔ اس سال ۱۶؍ مقابلہ جات کروائے گئے جن میں تلاوت، نظم، اذان، پیغام رسانی،عربی فرنچ اور اردو میں تقاریر کے مقابلہ جات، فرنچ زبان میں فی البدیہہ تقریر، خطبات امام، دعائیں، حفظ قرآن، حدیث، قصیدہ، مشاہدہ معائنہ اور لطائف کے مقابلہ جات شامل تھے۔
مجلس ارشاد: جامعہ میں ہر سال مجلس ارشاد کے تحت مختلف پروگرام منعقد کیے جاتے ہیں۔ چنانچہ اس سال مندرجہ ذیل پروگرام منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ حمدیہ مجلس،جلسہ سیرۃ النبیؐ،جلسہ یوم مصلح موعود، جلسہ یوم مسیح موعود،جلسہ یوم خلافت،صحت اور سائنس کے بارہ میں پروگرام،مجالس سوال و جواب،جیوگرافی کے بارہ میں لیکچر نیز برکینا فاسو کی یوم آزادی کے موقع پر بھی پروگرام منعقد کیا گیا۔
وقار عمل: وقار عمل جماعت احمدیہ کا طرہ امتیاز ہے۔ جامعۃالمبشرین کے طلبہ میں بھی وقار عمل کی روح پیدا کرنے کے لیے باقاعدگی سے وقار عمل کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ چنانچہ طلبہ کی وقار عمل میں مساعی کی جھلک واضح طور پر برکینا فاسو کے جلسہ سالانہ اوراجتماع خدام الاحمدیہ پر نظر آتی ہے جس میں طلبہ بے لوث ہوکر دن رات وقار عمل کرکے تمام انتظامات کرتے ہیں اور حضرت مسیح موعودؑ کے مہمانوں کی مدارت میں کوئی کمی نہیں ہونے دیتے۔
ورزشی مقابلہ جات: جامعہ میں طلبہ کی جسمانی صحت برقرار رکھنے کے لیے روزانہ باقاعدگی سے کھیلو ں کا انعقاد کیا جاتا ہے۔نیز ہر سال تین دنوں کے لیے سالانہ ورزشی مقابلہ جات کا انعقاد کیاجاتاہے۔چنانچہ اس سال ۲۱؍ مقابلہ جات کروائے گئے جن کی تفصیل یہ ہے۔ فٹ بال، کرکٹ،والی بال، رسہ کشی،باڑی، ثابت قدمی،پنجہ آزمائی،دوڑ سو میٹر،نشانہ غلیل،ہائی جمپ، لانگ جمپ، تین ٹانگ دوڑ، بوری ریس، ریلے ریس،کلائی پکڑنا،تیز چلنا پندرہ کلومیٹر،توازن برقرار رکھنا اور روک دوڑ اور پیدل سفر کے مقابلہ جات شامل ہیں۔
پیدل سفر: جامعہ احمدیہ ربوہ کی ایک روایت طلبہ کو ۱یک سو بیس میل پیدل سفر کروانا بھی ہوا کرتی تھی۔ تیسرے سال کے ۱۴؍ طلبہ نے اس سال واگادوگو سے لیو تک ۱۶۵ کلومیٹر پیدل سفر تین دنوں میں طے کیا۔الحمدللہ علی ذالک
تبلیغ : اس سال دس دفعہ شہر کے مختلف حصوں میں طلبہ نےسات ہزار کی تعدادمیں پمفلٹ تقسیم کیے۔ اس کے علاوہ ۲۰۵؍کتب بھی فروخت یا تقسیم کیں۔اسی طرح واگا دوگومیں اس سال ایک کتابی میلہ لگا جس میں جماعت کا سٹال بھی لگایا گیا۔ چنانچہ اس میں طلبہ نے دو لاکھ فرانک سیفا کی جماعتی کتب فروخت کیں۔
وقف عارضی: ہر سال چھٹیوں میں جامعہ کے طلبہ کو مختلف جماعتوں میں وقف عارضی کے لیے بھیجا جاتا ہے۔ اس سال ۱۹؍ طلبہ کو وقف عارضی کرنے کی توفیق ملی۔جس کے دوران درس القرآن، درس حدیث، درس ملفوظات، مجالس سوال وجواب، قرآن کلاس، نماز کلاس، تربیتی اجلاسات، عیادت مریضان، خطوط حضورانورایدہ اللہ، قرآن کریم ختم کرنے والے، قرآن کریم ناظرہ، قاعدہ یسرناالقرآن، نمازسادہ و باترجمہ، نماز جنازہ، دعائے قنوت، تقسیم پمفلٹ، غریبوں کی مدد، وقار عمل، اتھارٹیز سے ملاقات وغیرہ شامل ہے۔
خدمت خلق: اس سال بھی رمضان کے مہینہ میں طلبہ کی طرف سے افطاری کے وقت ٹھنڈےپانی کا انتظام کیا گیا۔ ۲۰۰؍کے قریب پانی کے پیکٹ تقسیم کیے گئے۔اس کے علاوہ عید الفطر پر جامعۃ المبشرین کے گردو نواح میں رہنے والوں میں چینی کے تحائف تقسیم کیے گئے نیز عید الاضحی کے موقع پر گوشت تقسیم کیاگیا۔
مدرسۃ الحفظ کا قیام: اس سال اللہ تعالیٰ کے فضل سے برکینا فاسو میں مدرسہ حفظ کا قیام کیا گیا۔جس کی افتتاحی تقریب ۲۹؍ دسمبر ۲۰۲۲ء کو عصام الخامسی صاحب صدر جماعت مراکش کی صدارت میں ہوئی۔ اس وقت مدرسہ میں دس طلبہ پڑھ رہے ہیں۔
جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھانا میں داخلہ : اس سال جامعة المبشرین برکینا فاسو کے درج ذیل چار طلبہ کا داخلہ جامعہ احمدیہ گھانا میں ہوا۔ عزیزم Kanazoe Salif اور عزیزم Savadogo Sayouba (برکینا فاسو)، عزیزم Ibrahim Tshitengé (کانگوکنشاسا) اور عزیزم Tonou Adahou Abdoul Kouddousse(بینن)
تقریب تقسیم اسناد
۲۳؍ جولائی ۲۰۲۳ءکوچوتھی فارغ التحصیل کلاس میں اسناد تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔جس میں مختلف مہمانان کو مدعوکیا گیا تھا نیز فارغ التحصیل طلبہ کے والدین بھی مختلف ممالک سے اس تقریب میں شامل ہونے کے لیے خاص طور پر آئے۔اس تقریب کے مہمان خصوصی مکرم محمود ناصر ثاقب امیر ومشنری انچارج برکینا فاسو تھے۔
گیارہ بجے تمام طلبہ نے مہمان خصوصی کا استقبال کیا۔ ساڑھے گیارہ بجے تقریب شروع ہوئی۔تلاوت عزیزم سانا موسیٰ نے کی اور فرنچ ترجمہ پیش کیا۔ اس کے بعد دوسرے سال کے طالب علم عزیزم جگی آدما نے اردو نظم پیش کی اورفرنچ ترجمہ پیش کیا۔بعد ازاں عزیزم نفانا کانتے جو کہ دوسرے سال سے تعلق رکھتے ہیں،نے سپاس نامہ پیش کیا جس میں جامعۃ المبشرین میں فارغ التحصیل کلاس کے لیے اپنے جذبات کا اظہار کیا اور ان کے ساتھ گزارے ہوئے سال اور دلچسپ واقعات کا ذکر کیا۔پھر تیسرے سال کے عزیزم ناہی حمیدو نے گزرے ایام کے خوبصورت لمحات و دلکش یادوں سے کچھ واقعات پیش کیے اور تمام کلاس کی نمائندگی کرتے ہوئے اپنے احساسات کا ذکر کیا۔
حافظ محمد بلال طارق صاحب استاد جامعۃ المبشرین نے جامعہ میں ہونے والے علمی مقابلہ جات و دیگر سرگرمیوں پر مشتمل تفصیلی رپورٹ پیش کی۔ اس سال مجلس علمی کے مقابلہ جات میں صداقت گروپ نے اول پوزیشن حاصل کی جبکہ دوسری پوزیشن عدالت گروپ نے حاصل کی۔علمی مقابلہ جات میں بہترین طالب علم بینن کے Hafiz Atchede Salam قرار پائے۔
دوران سال پہلے سال میں پہلی پوزیشن آلیدو بادنی طالب علم برکینا فاسو، دوسری پوزیشن ہارونا موسیٰ اور تیسری پوزیشن بلال آگ برکینا فاسو نے حاصل کی۔ دوسرے سال میں پہلی پوزیشن Hafiz Atchede Salam (مالی)، دوسری بارو یوسف(برکینا فاسو) اور تیسری پوزیشن جگی آدما(بینن) نے حاصل کی۔تیسرے سال میں پہلی پوزیشن تنگارا عبدالوہاب(مالی) دوسری پوزیشن سلاما سعیدو (برکینا فاسو) اور تیسری پوزیشن ناہی حمیدو(بینن) نے حاصل کی۔
بعد ازاں امیر صاحب برکینا فاسو نے مختلف علمی مقابلہ جات میں پوزیشن لینے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کیے نیز فارغ التحصیل کلاس میں اسناد تقسیم کیں اور طلبہ کو نصا ئح فرمائیں نیز ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔ اس سال اللہ تعالیٰ کے فضل سے پانچ ممالک کونگو کنشاسا،مالی،بینن،نائیجر و برکینا فاسو کے ۱۴ معلمین کرام جامعۃ المبشرین سے فارغ التحصیل ہوئے ہیں۔الحمد للہ علی ذالک۔ان کی تفصیل مندرجہ ذیل ہے۔
برکینا فاسو سے Kindo Salif، Ouattara Abass، Ouedraogo Hamza، Boni Abdoulاور Soulama Seydou
بینن سے Nahi Hamid، Tchitou Adéwalé
مالی سے Aboudou Wahabou Tangara، Traoré Hamza، اور Karim Coulibaly
نائیجر سے Amadou Boukari Hama، Rayanou Maïnassara Bawa، اور Adamou Nouhou
کانگو کنشاسا سے Congo Kinshasa اور Kifata Mingeti Rachidi
آخر میں چودھری نعیم احمد باجوہ صاحب پرنسپل جامعۃالمبشرین نے مہمانان کرام کا شکریہ ادا کیا اور فارغ التحصیل کلاس کے لیے نیک تمناؤ ں کا اظہار کیا۔ بعد ازاں امیر جماعت برکینا فاسو نے دعا کروائی اور طلبہ کے ساتھ گروپ فوٹو ہوا۔
تقریب کے بعدنماز ظہر و عصر ادا کی گئیں اور مہمانان کرام کو ظہرانہ پیش کیا گیا۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ فارغ التحصیل طلبہ جماعت کے لیے مفید وجود ثابت ہوں اور اسلام احمدیت کا پیغام دنیا تک پہنچانے والے ہوں۔ آمین ثم آمین
(رپورٹ: مبارک احمد منیر۔استاد جامعۃ المبشرین برکینا فاسو)