محترمہ خورشید بیگم صاحبہ اہلیہ محترم عبدا لمنان دین صاحب (حصہ دوم۔ آخری)
آپ کی ساس اللہ رکھی کی وفات کے افسوس ناک حادثہ کے کچھ عرصہ بعد ۱۹۴۸ء میں آپ کی تنہائی اور پریشانی کو سمجھتے ہوئے آپ کے شوہر ۶۱؍ میلر وز روڈ مسجد فضل میں نقل مکانی کر کے بمعہ فیملی رہائش پذیر ہوئے تا کہ آپ کی اہلیہ خورشید بیگم کسی سے دن کے وقت بات چیت کر سکے۔ امام صاحب کی اہلیہ محترمہ کلثوم باجوہ صاحبہ بھی آپ کی آمد سے بہت خوش ہوئیں۔
مسجد فضل لندن میں ان دنوں انگریز مہمانوں کے وفود کثرت سے آیا کرتے تھے اور مہمانوں کے لیے تبلیغی دعوتوں کا اہتمام بھی اکثر کیا جاتا۔ محترمہ خورشید بیگم صاحبہ اور محترمہ کلثوم باجوہ صاحبہ کے ذمہ ان تمام دعوتوں کے لیے کھانا پکانے کا انتظام سونپا جاتا۔ عید ین کے موقع پر ارد گرد کے ہمسایوں اور معززین کو بھی کھانے کی دعوت دی جاتی۔ کئی بار تو پچاس سے ساٹھ لوگوں کے لیے کھانا پکانا پڑتا جسے آپ نہایت خوش دلی اور محنت سے پکایا کرتیں۔ مبلغین جو مختلف ممالک میں روانہ ہوتے ہوئے لندن مشن میں قیام کرتے ان کے لیے بھی روزانہ کھانا پکانے کا انتظام آپ ہی کرتیں۔ اس کے علاوہ جو لوگ مسجد فضل دیکھنے آتے اُن کے لیے چائے، بسکٹ اور کیک وغیرہ آپ پیش کرتیں۔
اسی دوران محترم محمد اشرف صاحب بھی میلروز روڈ والے مکان میں آ کر رہائش پذیر ہوئے۔ کچھ عرصہ بعد آپ کی اہلیہ امة اللہ جان اور بچے بھی آپ کے پاس لندن آگئے جس کی وجہ سے رونق بڑھ گئی۔ ۱۹۵۰ء میں آپ کے شوہر عبدالمنان دین صاحب نے مسجد فضل لندن کے قریب ہی مکان خرید لیا اور آپ کی فیملی نے نقل مکانی کر کے وہاں سکونت اختیار کی۔
محترمہ خورشید بیگم صاحبہ کو اب اپنے گھر میں ہی مہمانوں کے لیے کھانا پکانے کی سعادت ایک لمبا عرصہ تک ملتی رہی۔
حضرت خلیفة المسیح الثانیؓ کے۱۹۵۵ء میں انگلستان کے دورہ کے دوران بھی اللہ تعالیٰ نے آپ کو کثرت سے تبلیغی پروگرامز پر کھانا پکانے کی توفیق عطا فر مائی۔
آپ پابندِ صوم صلوٰة، متقی اور سلجھی ہوئی خاتون تھیں۔ غریبوں اور پاکستان میں رشتہ داروں کا بہت خیال رکھتیں۔ آپ نے اپنے شوہر کی وفات کے بعد نہایت ہی صبر و شکر کے ساتھ وقت گزارا۔ آپ مورخہ ۲۷؍ اگست ۲۰۱۱ء کو وفات پاگئیں۔ انا للہ وانا الیہ راجعون۔
حضرت خلیفة المسیح الخامس اید ہ اللہ تعالیٰ بنصر ہ العزیز نے ازراہ شفقت مورخہ ۲؍ ستمبر ۲۰۱۱ء بروز جمعة المبارک بیت الفتوح لندن میں آپ کی نماز جنازہ پڑھائی۔ آپ کی تدفین احمدیہ قبرستان بروک ووڈ میں ہوئی۔ اللہ تعالیٰ آپ کے درجات بلند کرے اور آپ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے۔ آ مین